• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

میئر لندن صادق خان پروٹوکول کے بغیرعاطف اسلم کے کنسرٹ پہنچ گئے

شائع February 19, 2022
میئر لندن عاطف اسلم کے گانوں پر جھومتے بھی دکھائی دیے—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: فیس بک
میئر لندن عاطف اسلم کے گانوں پر جھومتے بھی دکھائی دیے—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: فیس بک

برطانوی دارالحکومت لندن کے میئر پاکستانی نژاد صادق خان پروٹوکول کے بغیر ہی عاطف اسلم کے کنسرٹ میں پہنچ گئے۔

عاطف اسلم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں میوزک کنسرٹس میں پرفارمنس کرنے کے بعد رواں ہفتے برطانیہ پہنچے تھے، جہاں لندن سمیت دیگر شہروں میں انہوں نے پرفارمنس کرنی ہے۔

عاطف اسلم نے لندن میں رواں ہفتے کے آغاز میں میوزک کنسرٹ کی تصاویر شیئر کی تھیں۔

اب عاطف اسلم کے ایک میوزک کنسرٹ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں میئر لندن صادق خان کو پروٹوکول کے بغیر عوامی بھیڑ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

میئر لندن کی عاطف اسلم کے میوزک کنسرٹ میں شرکت کی ویڈیو وہاں موجود پاکستانی صحافی مرتضیٰ شاہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں میئر لندن کو عوامی بھیڑ کے درمیان دیکھا جا سکتا ہےاور انہیں کسی بھی پروٹوکول کے بغیر ہی میوزک کنسرٹ کو انجوائے کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں صحافی نے صادق خان سے سوالات بھی کیے، جن کے جوابات میں میئر لندن نے بتایا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ شروع سے ہی عاطف اسلم کے مداح ہیں، جس وجہ سے وہ کنسرٹ میں شریک ہوئے۔

میئر لندن صادق خان کا کہنا تھا کہ نہ صرف وہ، ان کے اہل خانہ بلکہ سارا لندن بھی عاطف اسلم کا مداح ہے، جس کا ثبوت میوزک کنسرٹ میں شامل ہونے والے لوگ ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صادق خان نے اگرچہ اعتراف کیا کہ وہ عاطف اسلم کے گانوں پر ڈانس کرتے دکھائی دیے، تاہم ساتھ ہی انہوں نے صحافی سے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر ان کے پاس ان کے ڈانس کے ثبوت موجود ہیں تو انہیں فراہم کیے جائیں۔

عاطف اسلم کے گانوں پر ڈانس کے سوال پر صادق خان کی جانب سے رقص کی ویڈیو یا ثبوت فراہم کرنے کی بات پر وہاں موجود تمام افراد ہنس پڑے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں میئر لندن کو اردو زبان میں بھی بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024