• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

رومانوی فلم ’یارا وے‘ رواں برس جون میں ریلیز کرنے کا اعلان

شائع February 18, 2022
فلم کو رواں برس جون میں ریلیز کردیا جائے گا—فوٹو: انسٹاگرام
فلم کو رواں برس جون میں ریلیز کردیا جائے گا—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی اور بھارتی اداکاروں پر مشتمل رومانوی فلم ’یارا وے‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے رواں برس جون میں دنیا بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

’یارا وے‘ کا مختصر ٹیزر ویلنٹائنز ڈے پر جاری کیا گیا، جس سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے۔

’یارا وے‘ کے ٹیزر کو مرکزی اداکار سمیع خان اور اداکارہ علیزے نصیر سمیت فلم کی دیگر کاسٹ نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

فلم کے حوالے سے اداکار فیضان خواجہ نے ڈان امیجز کو بتایا کہ اسے 17 جون کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردیا جائے گا۔

فیضان خواجہ نے واضح کیا کہ مذکورہ فلم کو بھارت کے علاوہ دنیا کےتمام ممالک میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے فلم کی کہانی کے حوالے سے بتایا کہ ’یارا وے‘ کی کہانی ٹرائی اینگل محبت کے گرد گھومتی ہے اور شائقین پہلی بار منفرد رومانوی مناظر کے ساتھ پاکستانی فلم دیکھ سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ فلم کی زیادہ تر شوٹنگ تھائی لینڈ سمیت دیگر مقامات پر کی گئی ہے اور اس میں کامیڈی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق فلم کی دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ، بھارتی بولڈ اداکارہ پونم پانڈے، مرینہ خان، جاوید شیخ، علی سکندر، اسد خان اور دوسرے شامل ہیں۔

ان کے مطابق فلم میں رومانس اور کامیڈی کے علاوہ لوگوں کو مصالحہ بھی دیکھنے کو ملے گا۔

’یارا وے‘ میں جہاں پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ علیزے نصیر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، وہیں وہ فلم کی پروڈیوسر بھی ہیں۔

’یارا وے‘ کی کہانی التھیا کوشل نے لکھی ہے جب کہ اس کے ڈائیلاگ پاکستانی لکھاری و صحافی مہوش اعجاز نے لکھے ہیں۔

رومانوی فلم کی ہدایات منیش پور نے دی ہیں اور اسے دبئی کی فلم پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔

’یارا وے‘ کو ابتدائی طور پر 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وجہ سے جہاں اس کی شوٹنگ تاخیر کا شکار رہی، وہیں اس کی نمائش بھی ملتوی کی گئی تھی۔

اب فلم کی ٹیم نے اسے رواں برس 17 جون کو پاکستان اور دبئی سمیت بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں بیک وقت ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024