• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

اعظم کی عمدہ بیٹنگ رائیگاں، یونائیٹڈ کو زلمی کے ہاتھوں 10رنز سے شکست

شائع February 17, 2022 اپ ڈیٹ February 18, 2022
اعظم خان  45 گیندوں پر 7 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 85رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے— فوٹو: پی سی بی
اعظم خان 45 گیندوں پر 7 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 85رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے— فوٹو: پی سی بی
حارث نے 32 گیندوں پر پانچ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 70رنز بنائے— فوٹو: پی سی بی
حارث نے 32 گیندوں پر پانچ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 70رنز بنائے— فوٹو: پی سی بی
پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی ہے— فوٹو: پی ایس ایل
پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی ہے— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں اعظم خان کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 10 رنز سے شکست دے کو دو قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 24ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی تھی۔

پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو محمد حارث نے پہلے ہی اوور سے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے وکٹ کے چاروں جانب خوبصورت اسٹروک کھیلے۔

دوسرے اینڈ سے حضرت اللہ زازئی کا بلا پھر خاموش رہا اور جب 73 کے مجموعی اسکور پر وہ آؤٹ ہوئے تو انہوں نے 12 گیندوں پر صرف 13 رنز بنائے تھے۔

حارث کا ساتھ دینے یاسر خان آئے اور دونوں نوجوان بلے بازوں نے تیز کھیلتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے مزید 40رنز جوڑے۔

حارث آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جنہوں نے 32 گیندوں پر پانچ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 70رنز بنائے۔

یاسر خان نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور لیگ میں ملنے والے پہلے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 24 گیندوں پر 35رنز اسکور کیے۔

شرفین ردرفورڈ نے لیام ڈاسن کو لگاتار دو چھکے لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن ان کی اننگز 16رنز سے آگے نہ بڑھ سکی۔

تجربہ کار شعیب ملک نے ایک مرتبہ پھر قیمتی رنز بناتے ہوئے 23 گیندوں پر 38 رنز کی باری کھیلی البتہ جارحانہ آغاز کی نسبت اختتامی اوورز میں زلمی زیادہ تیزی سے رنز نہ بنا سکے۔

پشاور زلمی نے مقررہ اوورز 8 وکٹوں کے نقصان پر 206رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے تین اور وقاص مقصود نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں افغان بلے باز رحمٰن اللہ گرباز نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور صرف تین اوور میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرا دی۔

گرباز 19 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنانے کے بعد سلمان ارشاد کی وکٹ بن گئے جبکہ نئے بلے باز دانش عزیز کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

مبشر خان نے اعظم خان کے ساتھ ساجھے داری بنا کر اسکور کو 89 تک پہنچایا لیکن 44 رنز کی یہ شراکت مبشر کے آؤٹ ہونے کے نتیجے میں اختتام کو پہنچی جبکہ لیام ڈاسن بھی صرف چار رنز بنا سکے۔

اعظم خان نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی لیکن قائم مقام کپتان آصف علی سمیت دوسرا کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نہ نبھا سکا۔

آصف نے 11 اور فہیم نے 11 رنز بنائے جس کے بعد 183 کے مجموعی اسکور پر اعظم خان کی ہمت بھی جواب دے گئی جو 45 گیندوں پر 7 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 85رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 196رنز بنا سکی اور پشاور زلمی نے میچ میں 10رنز سے فتح حاصل کر لی۔

پشاور زلمی کی جانب سے سلمان ارشاد نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وہاب ریاض دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

محمد حارث کو جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی تھیں اور شاداب خان کی جگہ آصف علی میچ میں ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پشاور زلمی: وہاب ریاض (کپتان)، محمد حارث، محمد حارث، شعیب ملک، لیام لیونگسٹن، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، یاسر خان، عثمان قادر، سلمان ارشاد۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: آصف علی(کپتان)، مبشر خان، رحمٰن اللہ گرباز، دانش عزیز، اعظم خان، ظاہر خان، لیام ڈاسن، فہیم اشرف، مرچنٹ ڈی لانگے، وقاص مقصود، محمد موسیٰ

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024