• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ملک میں'عورت مارچ' کی اجازت نہ دی جائے، وزیر مذہبی امور کا وزیراعظم کو خط

شائع February 17, 2022
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے عالمی یوم خواتین کو 'بین الاقوامی یوم حجاب' کے طور پر منانے کی تجویز دی — فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے عالمی یوم خواتین کو 'بین الاقوامی یوم حجاب' کے طور پر منانے کی تجویز دی — فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے 'عورت مارچ' کے انعقاد کی اجازت نہ دینے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عورت مارچ سے یہ تاثر ملتا ہے کہ مسئلہ حقوق نسواں سے زیادہ اسلامی نظام معاشرت سے ہے۔

وفاقی وزیر نے وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ہر سال عورتوں کے حقوق اور ان کے احترام کے عہد کو دہرانے کے لیے 8 مارچ کا دن 'یوم خواتین' کے طور پر منایا جاتا ہے جس میں حقوق نسواں کے علمبردار افراد اور ادارے خواتین کے حقوق کو بیان کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو ختم کرنے کا عزم دوہراتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پشاور: عدالت کا عورت مارچ کے منتظمین کے خلاف اندراجِ مقدمہ کا حکم

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزشتہ کچھ سالوں سے 'عورت مارچ' کے نام سے خواتین کے حقوق سے متعلق آگاہی اور شعور بیدار کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے، بظاہر عورت مارچ کو حقوق نسواں کے تحفظ کا عنوان دیا گیا ہے لیکن اس مارچ میں جس طرح کے بینرز، پلے کارڈز اور نعروں کا اظہار کیا جاتا ہے اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ مسئلہ حقوق نسواں سے زیادہ اسلامی نظام معاشرت سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، ایک اسلامی ریاست ہے اور یہاں کی اکثریت اصولی طور پر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی خواہشمند ہے لہٰذا موجودہ یا کسی بھی دور کا نظام اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے نظام کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔

انہوں نے عورت مارچ کے حوالے سے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 8 مارچ کو منائے جانے والے 'یوم خواتین' پر کسی بھی طبقے کو 'عورت مارچ' یا کسی بھی دوسرے عنوان سے اسلامی شعائر، معاشرتی اقدار، حیا و پاکدامنی، پردہ و حجاب وغیرہ پر کیچڑ اچھالنے یا تمسخر اڑانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ ایسا کرنا مسلمانان پاکستان کے لیے اذیت ناک، تکلیف دہ اور باعث تشویش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'عورت مارچ' کا پوسٹر کورونا کے خلاف خدمات سرانجام دینے والی خواتین ہیلتھ ورکرز کے نام

انہوں نے مزید تجویز دی کہ عورت مارچ، حیا مارچ اور خواتین مارچ یا کسی بھی دوسرے عنوان سے ریلیاں اور پروگرام منعقد کرنے والوں کو خواتین کے حقیقی مسائل جیسے عورت کی میراث کا حق، گھریلو تشدد، ہراساں کرنے، وسائل کی عدم دستیابی، عورتوں کی تعلیم، جبری نکاح، جنسی استحصال پر روشنی ڈالنے کی ترغیب دینی چاہیے۔

نورالحق قادری نے تجویز دی کہ 8 مارچ 2022 کو 'بین الاقوامی یوم حجاب' کے طور پر منایا جائے اور دنیا بھر میں بسنے والی ان مسلمان خواتین سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے جنہیں مذہبی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کے حصول کے لیے سخت جدوجہد اور امتیازی حقوق کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دن پر اقوام متحدہ کی توجہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمان خواتین کے ساتھ لباس پر روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک کی جانب مبذول کرائی جائے اور ان سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ مسلمانوں کی مذہبی آزادی کا خیال رکھتے ہوئے ہندوستان کی حکومت سے اس امتیازی سلوک کو ختم کرائے۔

مزید پڑھیں: عورت مارچ منتظمین کا ’ایڈٹ شدہ‘ ویڈیو پھیلانے والوں سے معافی کا مطالبہ

انہوں نے وفاق اور صوبوں میں سرکاری سطح پر بین الاقوامی یوم حجاب منانے کے لیے پروگرامات منعقد کرانے کی بھی تجویز دی۔

وفاقی وزیر کے خط پر شیری رحمٰن کا اظہار تشویش

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینئر رہنما شیری رحمٰن نے وزیر مذہبی امور کے خط اور عورت مارچ پر پابندی کی تجویز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کو لکھے گئے خط کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر کی طرف سے اس طرح کی بات حیران کن ہے، 8 مارچ کو عالمی سطح پر عورتوں کا دن منایا جاتا ہے اور آپ نہتی عورتوں کے مارچ پر پابندی لگا کر کیا ثابت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین پر حجاب کا دن منانے پر کسی نے پابندی نہیں لگائی، ایک طرف ہم بھارت کے رویے کی مذمت کرتے ہیں اور دوسری طرف آپ نہتی خواتین کے عورت مارچ پر پابندی کی باتیں کر رہے ہیں۔

شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ خواتین کا عالمی دن ہر طبقے کی عورت کے نام ہوتا ہے، خواتین کے عالمی دن کا مقصد معاشرے میں عورتوں کے خلاف جینڈر اسٹیریو ٹائپ اور تعصبات کے خلاف شعور بیدار کرنا ہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر پر الزام لگایا کہ آپ عورتوں کے عالمی دن پر ہی ان کی آزادی اور حقوق سلب کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024