• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

سعودی آرمی چیف کا بھارت کا پہلا 'اہم تاریخی' دورہ

شائع February 17, 2022
سعودی سربراہ نے اپنے دورے میں بھارتی آرمی چیف منوج مکند نروانے سے ملاقات کی — فوٹو: بھارتی وزارت دفاع
سعودی سربراہ نے اپنے دورے میں بھارتی آرمی چیف منوج مکند نروانے سے ملاقات کی — فوٹو: بھارتی وزارت دفاع

سعودی عرب کے آرمی چیف فہد بن عبداللہ محمد المطیر نے رواں ہفتے بھارت کا تاریخی اور اہم پہلا دورہ کیا۔

بھارتی وزارت دفاع کی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کی بری فورسز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن عبداللہ محمد المطیر پیر کو بھارت پہنچے تھے اور انہوں نے بدھ کو اپنا تین روزہ تاریخی دورہ مکمل کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ رائل سعودی لینڈ فورسز کے کسی حاضر سروس کمانڈر کا بھارت کا پہلا دورہ تھا اور اس دورے نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے ہونے والے اس دوطرفہ دفاعی تعاون کی نشاندہی کی جس کا مقصد تعاون کو مزید تقویت دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مودی کا دورہ سعودی عرب، پاکستان پر'دباؤ' کی کوشش

سعودی فوجی سربراہ نے اپنے دورے کے دوسرے روز نئی دہلی میں بھارتی آرمی چیف منوج مکند نروانے سے ملاقات کی، اس موقع پر انہیں روایتی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

بھارتی وزارت دفاع نے کہا کہ بعد میں دونوں آرمی چیفس نے اہم دوطرفہ معاملات پر بات چیت کی، جس دوران بھارتی جنرل نے اپنے ہم منصب کو سیکیورٹی کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔

بھارتی فوج کے ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک انفارمیشن نے اپنے بیان میں یہ بھی بتایا کہ دونوں سربرہان نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مودی کیلئے سعودی عرب کا سب سے بڑا سول اعزاز

بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اقتصادی خوشحالی، دہشت گردی کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے مشترکہ مفادات کے باعث فروغ پا رہے ہیں، ڈیفنس سفارت کاری مجموعی تعلقات کے اہم اصولوں میں سے ایک ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے بیان کے مطابق سعودی فوج کے سربراہ نے کہا کہ ان کا دورہ فوجی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم قدم تھا۔

سرکاری نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں بھارتی دورے کی دعوت دینے پر بھارتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا گیا۔

بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ سعودی فوج کے سربراہ نے اپنے دورے کے دوران انڈین نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024