• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بل گیٹس کا پہلا دورہ پاکستان، ہلال پاکستان ایوارڈ سے نواز دیا گیا

شائع February 17, 2022
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بل گیٹس کو ہلال پاکستان ایوارڈ سے نوازا —فوٹو: ڈان نیوز
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بل گیٹس کو ہلال پاکستان ایوارڈ سے نوازا —فوٹو: ڈان نیوز
بل گیٹس نے وزیر اعظم کے دفتر میں عمران خان سے ملاقات کی — فوٹو: پی ایم آفس ٹوئٹر
بل گیٹس نے وزیر اعظم کے دفتر میں عمران خان سے ملاقات کی — فوٹو: پی ایم آفس ٹوئٹر

مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور ارب پتی انسان دوست شخصیت بل گیٹس آج اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں انہیں ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا گیا۔

بل گیٹس کو پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون اور انسداد پولیو مہم کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوان صدر میں 'ہلال پاکستان' سے نوازنے کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بل گیٹس کو 'ہلال پاکستان' ایوارڈ سے نوازا۔

قبل ازیں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے وزیر اعظم کے دفتر میں عمران خان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم کی جانب سے بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بل گیٹس کا پاکستان میں استقبال کرنا خوشی کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ان کی کئی کامیابیوں کے علاوہ دنیا بھر میں انہیں ان کی غریب پروری پر بھی سراہا تھا، اپنی قوم کی جانب سے پولیو اور غربت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں’۔

این سی او سی کا دورہ

بل گیٹس نے وفد کے ہمراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا دورہ بھی کیا اور چیئرمین اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل سلطان سے ملاقات کی، جس کے بعد انہوں نے این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: بل گیٹس کا عمران خان کو خط، پولیو کے بڑھتے واقعات پر تحفظات کا اظہار

بل گیٹس اور ان کے وفد کو این سی او سی کے کردار اور طریقہ کار، کورونا وبا کے آغاز سے اب تک کی کامیابیوں، پاکستان بھر میں کورونا کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

بل گیٹس نے وفد کے ہمراہ این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کی—فوٹو:نوید صدیقی
بل گیٹس نے وفد کے ہمراہ این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کی—فوٹو:نوید صدیقی

اجلاس میں انہیں این سی او سی کی جانب سے کورونا وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے اور عوامی تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے مختلف نان فارماسوٹیکل انٹروینشنز (این پی آئیز) سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

دورہ کرنے والے وفد کو کورونا وبا کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا جامع تجزیہ پیش کیا گیا۔

وفد کو جینوم سیکوینسنگ (مختلف ویرینٹس کے پھیلاؤ کی روک تھام) کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

بل گیٹس نے این سی او سی کے مختلف اقدامات بالخصوص اسمارٹ لاک ڈاؤن اور مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کے نفاذ اور پاکستان کی ویکسین انتظامیہ سے متعلق گہری دلچسپی کا اظہار کیا جس نے کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے این سی او سی کو ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے اور لاگو کرنے کے قابل بنایا۔

مزید پڑھیں: بل گیٹس کا پاکستان کی مالی امداد بڑھانے کا اعلان

بل گیٹس نے کورونا وبا اور بالخصوص ویکسی نیشن مہم پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سربراہ این سی او سی اسد عمر نے بل گیٹس اور ان کی فاؤنڈیشن کی پاکستان میں کورونا وبا کے خلاف اقدامات کے لیے تعاون کی کوششوں کا اعتراف کیا۔

بل گیٹس نے وسائل کی کمی کے باوجود عالمی وبا کے خلاف صحت عامہ کے تحفظ کے لیے بہترین اقدامات متعارف کروانے میں این سی او سی کے کردار کو سراہا۔

اسد عمر نے کامیابی کا سہرا قوم کے مجموعی ردعمل کو قرار دیا جو این سی او سی کے مؤثر مواصلاتی مہم کے ذریعے ممکن ہوا، جس نے این سی او سی کے اعلان کردہ کورونا پروٹوکولز پر عوام کا اعتماد بڑھانے اور اس پر عمل کرنے میں مدد کی۔

بل گیٹس کی مصروفیات

قبل ازیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹوئٹر پر بل گیٹس کے پاکستان میں دورے سے متعلق آگاہ کیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ بل گیٹس اپنے دورے کے دوران پولیو کے خاتمے کی کوششوں پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے اور صدر ڈاکٹر عارف علوی اور صوبائی حکام صحت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران سے مختلف مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر بات چیت کی ہے۔

گزشتہ سال اکتوبر میں وزیر اعظم نے بل گیٹس پر زور دیا تھا کہ وہ افغانستان میں غربت زدہ لوگوں کو امداد فراہم کرنے پر غور کریں۔

یہ بھی پڑھیں: بل گیٹس کی پولیو وائرس ختم کرنے کی پاکستانی کوششوں کی تعریف

وزیر اعظم نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا جبکہ دونوں نے افغانستان اور پاکستان میں پولیو کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔

مائیکروسافٹ کے شریک بانی نے پولیو کے خاتمے میں پیش رفت پر وزیر اعظم کی تعریف کی اور پاکستان کے پولیو پروگرام کے لیے اپنی فاؤنڈیشن کے مسلسل تعاون کا وعدہ کیا تھا۔

اس سے قبل اپریل 2021 میں دونوں شخصیات نے کورونا وبا سے نمٹنے، پولیو کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور مشترکہ مقاصد پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024