• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بین کٹنگ کا سہیل تنویر سے ‘اشاروں’ کا تنازع، 4 سال بعد پھر تازہ

شائع February 16, 2022
بین کٹنگ نے سہیل تنویر سے 4 سال پرانا بدلہ لے لیا— فوٹو: ڈان
بین کٹنگ نے سہیل تنویر سے 4 سال پرانا بدلہ لے لیا— فوٹو: ڈان

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پورے آب و تاب سے جاری ہے جہاں کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی سے شائقین کو محظوظ کر رہے ہیں وہیں آپس میں ایک دوسرے سے الجھ کر سوشل میڈیا میں نمایاں ہو رہے ہیں۔

پی ایس ایل میں گزشتہ روز پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا لیکن میچ کی خاص بات فاتح زلمی کے بین کٹنگ اور گلیڈی ایٹرز کے تجربہ کار آل راؤنڈر سہیل تنویر کے درمیان دلچسپ تنازع تھا جو دونوں کے درمیان برسوں سے چلا آرہا ہے۔

مزید پڑھیں: اسمیڈ کی 99رنز کی اننگز رائیگاں، گلیڈی ایٹرز کو زلمی کے ہاتھوں شکست

دونوں کھلاڑیوں کا میچ کے دوران ایک دوسرے سے جملوں کا تبادلہ بھی ہوا اور امپائر کو بیچ بچاؤ کرانا پڑا اور اس کی تصاویر سوشل میڈیا میں گردش کرنے لگیں۔

بین کٹنگ اور سہیل تنویر کے درمیان نوک جھونک کا آغاز چار سال قبل ہوا جب کیربیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے میچ میں پاکستانی آل راؤنڈر نے آسٹریلوی اسٹار کو انگلیوں کا اشاروں کیا تھا اور الجھ گئے تھے اور اب کٹنگ نے اس کا بدلہ چکا دیا۔

کٹنگ اور تنویر کے درمیان پی ایس ایل میں کیا ہوا؟

پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پی ایس ایل کے 22ویں میچ میں مدمقابل تھے جہاں زلمی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر رہی تھی جبکہ کوئٹہ کے نسیم شاہ نے زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

زلمی کی فتح میں بین کٹنگ کے جارحانہ 36 رنز اہم ثابت ہوئے، جس کے لیے انہوں نے 14 گیندوں کا سامنا کیا تھا اور 4 بلند و بالا چھکے لگائے تھے اور چاروں چھکے سہیل تنویر کے ایک اوور میں لگائے تھے۔

بین کٹنگ کی زبردست اننگز کی بدولت پشاور نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 185 رنز بنائے تھے، لیکن اس دوران سہیل تنویر کے ساتھ پرانے حریف کی چھیڑ چھاڑ بھی جاری رہی اور شائقین بھی اس طرف متوجہ ہوئے۔

کٹنگ نے سہیل تنویر کے اوور میں 3 چھکے لگانے کے بعد باؤلر کی طرف وہی اشارہ کیا جو 4 برس قبل 2018 میں وہ خود ان کے ساتھ کر چکے تھے، تاہم اس پر سہیل تنویر مسکرا کر چلے گئے تاہم اگلی گیند پر جب ایک اور چھکا پڑا تو ان کا ضبط ٹوٹ گیا اور پھر دونوں کو کیمروں کے ساتھ الجھتے دیکھا گیا۔

سہیل تنویر کو ایک اور موقع مل گیا جب کٹنگ نے اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی تو گیند سیدھے سہیل تنویر کے ہاتھوں میں پہنچی اور انہوں نے اپنے دل کا غبار نکالا اور کھل کر انگلیوں کا اشارہ دہرایا۔

دونوں کھلاڑیوں کی نوک جھونک ٹوئٹر پر شائقین کے لیے مزاح کا باعث بن گئی اور ایموجیز کے ساتھ کلپ شیئر کرنے لگے۔

ایک صارف نے سہیل تنویر اور بین کٹنگ کے واقعے کو انٹرنیٹ پر موجود مشہور ویڈیو سے منسلک کر دیا۔

ٹوئٹر پر ایک اور صارف نے پشاور زلمی کی 24 رنز سے جیت کے بجائے سہیل تنویر کی جیت کو ان کی تصاویر کے ساتھ ثابت کردیا۔

انہوں نے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ہوئی نوک جھونک کا خلاصہ پیش کردیا۔

شائقین کرکٹ نے جہاں اس واقعے کو مزاح کے طور پر پیش کیا وہی ایک صارف یہ کہتے رہے کہ ان دونوں کے رویے سے کرکٹ کی خوبصورتی پر حرف آرہا ہے۔

میمز بنانے والوں نے ٹوئٹر پر کٹنگ کے رویے کو بھارتی فلم 'گینگز آف واسع پور' کے سردار خان کے کردار سے جوڑ کر بیان کیا۔

ایک صارف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا کی جانب سے اسٹیڈیم میں بچوں کے داخلے کی اجازت دینے کو مذاق بنایا۔

انہوں نے کہا کہ میچ اس وقت بہت دلچسپ ہوتا جب کراچی سے تعلق رکھنے والے اس بچے کے ساتھ رمیز راجا بیٹھے ہوں اور انہیں بتارہے ہوتے کہ بیٹا مجھے پتا ہوتا کہ یہ سہیل تنویر اور بین کٹنگ اتنی واہیات حرکتیں کریں گے تو اسٹیڈیم میں بچوں کے داخلے کی کبھی اجازت نہیں دیتا۔

ٹوئٹر صارفین نے اس واقعے کو مسٹر بین سے بھی تشبیہ دی۔

پی ایس ایل نہ صرف کرکٹ شائقین کے لیے محظوط ہونے کا سبب ہے بلکہ میزم بنانے والوں کے لیے بھی ایک زبردست موقع فراہم کر رہی ہے، اس سے قبل ٹوئٹر پر کراچی کنگز مذاق بنی تھی جب اسلام آباد یونائیٹڈ سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024