• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’بائیڈن صاحب! آپ کا یہ فیصلہ افغان عوام کو بھوکا مار دے گا‘

شائع February 16, 2022
لکھاری مصنف اور صحافی ہیں
لکھاری مصنف اور صحافی ہیں

امریکی صدر جو بائیڈن نے فیصلہ کیا ہے کہ امریکا میں منجمد کیے گئے افغان سینٹرل بینک کی رقم کا نصف حصہ 11 ستمبر کے حملوں کے متاثرین کے لواحقین میں تقسیم کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ ان افغانوں کو سزا دینے کے مترادف ہے جنہیں 2 دہائیوں طویل امریکی جنگ نے تباہ کردیا ہے۔ بھوک سے مرتی آبادی سے اپنی عسکری شکست کا بدلہ لینے سے زیادہ سفاکانہ کوئی چیز نہیں ہوسکتی۔ یہ اقدام افغانستان کو معاشی تباہی کے قریب لے جائے گا، جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

اس طرح کی انتقامی کارروائی جنگ سے تباہ حال ملک میں استحکام لانے کی کوششوں میں بالکل معاون نہیں ہوگی۔ بڑھتے ہوئے انسانی بحران نے پہلے ہی 90 فیصد سے زیادہ آبادی کو غربت کی طرف دھکیل دیا ہے اور بائیڈن انتظامیہ کے غیر معقول اقدامات صورتحال کو مزید خراب کردیں گے۔

مزید پڑھیے: افغانستان کا سیاسی مستقبل کیسا ہوگا؟

امریکی صدر بائیڈن نے گزشتہ ہفتے ایک صدارتی حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں 7 ارب ڈالر کے منجمد افغان اثاثوں میں سے ساڑھے 3 ارب ڈالر ممکنہ طور پر 11 ستمبر کے حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین میں تقسیم کیے جائیں گے جبکہ بقیہ ساڑھے 3 ارب ڈالر افغانستان میں انسانی مدد کے لیے مختص کیے جائیں گے۔ یہ امدادی رقم اقوامِ متحدہ کے زیرِ انتظام ٹرسٹ فنڈ میں رکھی جائے گی تاہم ان رقوم کی ادائیگی عدالتی فیصلے سے مشروط ہے۔

افغان سینٹرل بینک کے کُل 10 ارب ڈالر کے اثاثے بیرونِ ملک موجود ہیں جنہیں گزشتہ سال اگست میں ملک پر طالبان کے قبضے کے بعد منجمد کردیا گیا تھا۔ ان اثاثوں میں سے 7 ارب ڈالر کے اثاثے نیویارک کے فیڈرل ریزرو میں موجود ہیں۔ بائیڈن انتظامیہ نے ان فنڈز کو طالبان حکومت کے حوالے کرنے سے انکار کردیا تھا کہ اس حکومت کو اب تک بین الاقوامی برادری نے قبول نہیں کیا ہے۔ معاشی پابندیوں نے افغانستان کے بینکاری نظام کو پہلے ہی تباہ کردیا ہے جس سے معاشی حالت مزید ابتر ہوچکی ہے۔

بائیڈن انتظامیہ نے اپنے فیصلے کو جواز بنانے کے لیے 11 ستمبر حملوں میں متاثر ہونے والوں کے لواحقین کی جانب سے افغان فنڈز کو ضبط کرنے کے لیے دائر کیے گئے مقدمے میں زیرِ التوا عدالتی فیصلے کا حوالہ دیا ہے۔ 2012ء میں ایک امریکی عدالت نے اسامہ بن لادن، طالبان اور القاعدہ کے دیگر افراد خلاف ایک مقدمے میں متاثرین کے خاندانوں کا مالی نقصان پورا کرنے کا حکم دیا تھا۔

افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد بھی 11 ستمبر حملوں کے متاثرین کے خاندانوں نے افغان اثاثے ضبط کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا تاہم یہ اثاثوں کو ضبط کرنے کی ایک انتہائی مضحکہ خیز دلیل ہے۔ یہ اثاثے افغان عوام کے ہیں جنہیں القاعدہ کی جانب سے کیے گئے 11 ستمبر کے دہشتگردانہ حملوں کا ذمہ دار قرار نہیں جاسکتا۔

یہاں ایک قانونی سوال یہ بھی ہے کہ کیا امریکی حکومت کسی دوسرے ملک کے اثاثوں کو اپنے قبضے میں لے سکتی ہے یا نہیں۔ امریکا کے اس اقدام پر فلاحی اداروں اور کئی معروف شخصیات کی جانب سے سخت تنقید ہوئی ہے اور انہوں نے ان اقدامات کو ظالمانہ اور غیر انسانی قرار دیا ہے۔ اس سے امریکی انتظامیہ کی افغان پالیسی پر بھی سوالات اٹھتے ہیں۔

مزید پڑھیے: جب اندھیرے میں طالبان پر تیر چلتے ہیں

ایسا لگتا ہے کہ یہ افغان ریاست کو مزید غیر مستحکم کرنے کی سوچی سمجھی پالیسی ہے۔ یہ طالبان کی حکومت اور اس کی رجعت پسند پالیسیوں کے بارے میں نہیں ہے بلکہ اس کا اثر افغان عوام پر ہورہا ہے جو امریکا کی ’کبھی نہ ختم ہونے والی جنگ‘ کے حقیقی متاثرین ہیں۔ 11 ستمبر کے دہشت گردانہ حملوں کا ذمہ دار افغانوں کو کیسے ٹھہرایا جاسکتا ہے؟ اس وقت تو موجودہ افغانوں کی اکثریت پیدا بھی نہیں ہوئی تھی، اور پھر یہ ملک 20 سال تک امریکی قبضے میں بھی تو رہا۔

کابل میں اس فیصلے کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں نے اسے ’چوری‘ قرار دیا ہے۔ امریکا کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک کی تقریباً 4 کروڑ کی آبادی بھوک کا شکار ہے اور تقریباً 10 لاکھ بچے سخت موسمی حالات اور صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔

گزشتہ 6 ماہ میں جب سے طالبان حکومت میں آئے ہیں، افغانستان کے لیے آنے والی تمام تر غیر ہنگامی امداد بند ہوچکی ہے۔ بین الاقوامی امدادی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20 سال کی جنگ میں جنتے لوگ ہلاک ہوئے ہیں اس سے کہیں زیادہ تعداد میں لوگ بھوک کی وجہ سے ہلاک ہوسکتے ہیں۔ کچھ علاقوں میں تو لوگ بھوک سے پچنے کے لیے اپنے گردے بیچنے پر مجبور ہیں۔

برطانیہ کے سابق سیکریٹری خارجہ اور انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے ایگزیکٹو افسر ڈیوڈ ملی بینڈ کے مطابق امریکی اور بین الاقوامی پابندیاں افغانوں کے لیے ان کے انتخاب کی سزا بن گئی ہیں۔ اقوامِ متحدہ اور دیگر فلاحی اداروں نے معاشی پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ افغانوں تک بین الاقوامی امداد پہنچائی جاسکے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گزشتہ ماہ عالمی بینک سے کہا تھا کہ انسانی بحران پر قابو پانے اور معاشی تباہی کو روکنے کے لیے فوری طور ایک ارب 20 کروڑ ڈالر جاری کرے۔ تاہم امریکا نے پابندیوں میں نرمی کرنے کے بجائے افغانوں کو ان کے اثاثوں سے محروم کرکے ملک میں جاری بحران کو مزید سنگین بنادیا ہے۔

کچھ بین الاقوامی انسانی امداد افغانستان پہنچنا شروع ہوگئی ہے لیکن اس سے افغانستان کا معاشی بحران حل نہیں ہوسکتا۔ آنے والے معاشی حالات انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے حالات مزید مشکل بنادیں گے۔

اس حالیہ اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ افغانستان کے حوالے سے اپنی پالیسی میں تبدیلی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ درحقیقت امریکا نے افغان ریلیف فنڈ کے لیے کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ رقم دینے کا وعدہ کیا ہے۔ لیکن مسلسل مالی پابندیاں اور افغان اثاثوں کی تقسیم اس عمل کو غیر مؤثر بنادیں گی۔

یہ بیانیہ بھی غلط ہے کہ معاشی پابندیوں میں نرمی سے طالبان حکومت کو فائدہ ہوگا۔ درحقیقت افغانستان کے اثاثوں پر قبضہ کرکے امریکا خواتین کو کام کرنے اور تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دینے اور جامع سیاسی نظام تشکیل دینے کے حوالے سے طالبان پر اپنا اثر و رسوخ بھی گنوا دے گا۔

مزید پڑھیے: افغانستان کی شازیہ پاکستان میں رہ کر تعلیم مکمل کرنا چاہتی ہیں

جب تک طالبان بین الاقوامی برادری کی طرف سے مقرر کردہ شرائط کو پورا نہیں کرتے تب تک طالبان کی حکومت کو تسلیم نہ کرنا شاید درست فیصلہ ہو، لیکن طالبان کی رجعت پسندانہ پالیسیوں کی سزا افغان عوام کو نہیں دینی چاہیے۔ اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کو طالبان حکومت کے سیاسی جواز کے معاملے سے علیحدہ رکھنا چاہیے۔ منجمد اثاثے افغان عوام کے ہیں اور وہ انہیں واپس کیے جانے چاہئیں۔

بیری امبڈسن کے بھائی 11 ستمبر کو پینٹاگون پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہوگئے تھے، وہ بجا طور پر کہتے ہیں کہ ’افغان عوام کے ساتھ اس سے بڑی زیادتی اور کوئی نہیں ہوسکتی کہ ان کے اثاثے منجمد کردیے جائیں اور 11 ستمبر کے متاثرین میں تقسیم کردیے جائیں‘۔

ان افغانوں کو سزا دینے کا کوئی جواز نہیں جو خود امریکی جنگ کے متاثرین ہیں۔ طالبان کی حکومت کی واپسی کا ذمہ دار کوئی اور نہیں بلکہ خود امریکی ہیں۔ افغان اثاثوں پر قبضے سے افغان خواتین اور بچوں کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی اور خطے اور بین الاقوامی امن پر افغان ریاست کی زبوں حالی کے سنگین اثرات ہوں گے۔


یہ مضمون 16 فروری 2022ء کو ڈان اخبار میں شائع ہوا۔

زاہد حسین

لکھاری صحافی اور مصنف ہیں. ان کا ای میل ایڈریس [email protected] ہے.

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

sami Feb 16, 2022 07:04pm
Afghanistan should announce to integrate with Pakistan.
Afghanistan First - Taj Ahmad Feb 17, 2022 07:48am
The world should not not forget Afghans people. NATO, UK, USA, UAE, Qatar, Saudi Arabia must come to help poor Afghans people now, now, now. Please help Adghans people with money, foods, cloths and shelters. Thanks to all.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024