• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

'نیوز ون' کی بندش کیلئے کیبل آپریٹرز کو احکامات نہیں دیے، پیمرا

شائع February 15, 2022 اپ ڈیٹ February 16, 2022
پیمرا نے دو دن قبل چینل کو نوٹس دیا تھا—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
پیمرا نے دو دن قبل چینل کو نوٹس دیا تھا—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نجی ٹی وی چینل نیوز ون کے خلاف کسی قسم کی تادیبی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی چینل کی بندش کے حوالے سے کیبل آپریٹرز کو احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‘پیمرا نے نیوز ون ٹی وی چینل کے پروگرام جی فار غریدہ جو کہ 10 فروری 2022 کو نشرکیا گیا، میں انتہائی نامناسب، ذومعنی اور توہین آمیز تبصرہ نشر کرنے پر نیوز ون چینل کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا ہے’۔

مزید پڑھیں: پیمرا کے نوٹس سے قبل ہی 'نیوز ون' چینل آف ایئر

بیان میں کہا گیا کہ ‘نوٹس میں مذکورہ چینل کی انتظامیہ کو 15 فروری 2022 کو جواب دہی اور ذاتی شنوائی کے لیے بلایا گیا ہے، چینل کا مؤقف سننے کے بعد ہی پیمرا قوانین کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی’۔

پیمرا نے کہا کہ ‘الیکٹرونک میڈیا کوڈ آف کنڈک 2015 کے تحت لائسنس کنندہ کی ذمہ داری ہے کہ چینل پر چلنے والا مواد شک و شبہ کے بغیر نشرکیا جائے، جو معلومات اور مواد نشر کیا جائے وہ جھوٹ پر مبنی اور گمراہ کن نہ ہو’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘ایسا کوئی پروگرام یا مواد نشر نہ کیا جائے جو کسی فرد کی ذاتی زندگی میں مداخلت تصور ہو اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ میزبان اور پروڈیوسر پروگرام نشر یا ریکارڈ ہونے سے پہلے اس کے مواد کا جائزہ لیں اور پیمرا کے قوانین کے ہم آنگ بنایا جائے’۔

قواعد و ضوابط کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ‘کوڈ آف کنڈک لائسنس دار کو پابند کرنتا ہے کہ وہ مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کے لیے تاخیری نظام نافذ کیے بغیر کسی پروگرام کو براہ راست نشر نہیں کرے گا’۔

بیان میں بتایا گیا کہ ‘کوڈ آف کنڈک لائسنس دار کو پابند کرتا ہے کہ پروگرام کا مواد معیاری ہو، پروگرام میں نازیبا الفاظ استعمال نہ کیے جائیں اور اگر کبھی ایسا ہوجائے تو لائسنس دار یا اس کا نمائندہ متعلقہ فرد یا ادارے سے معافی مانگنے کا پابند ہوگا’۔

پیمرا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ‘پیمرا کی جانب سے اب تک مذکورہ چینل کے خلاف کسی قسم کی تادیبی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی چینل کی بندش کے حوالے سے کیبل آپریٹرز کو احکامات جاری کیے گئے ہیں’۔

یہ بھی پڑھیں: پیمرا کا مارننگ شو میں نامناسب الفاظ نشر کرنے پر نیو ٹی وی کو نوٹس

پیمرا کی جانب سے وضاحتی بیان اس رپورٹ کے دو دن بعد سامنے آیا ہے کہ کیبل نیٹ ورکس نے قانونی معاملات مکمل کیے بغیر ٹی وی چینل کو بند کردیا۔

اس سے قبل نجی ٹی وی چینل اس وقت تنقید کی زد میں آیا تھا جب پروگرام ‘جی فار غریدہ’ میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کے بارے میں بات کی گئی تھی جہاں مہمان وزارت مواصلات کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کر رہے تھے جو 10 فروری کو بہترین کارکردگی کا اسناد حاصل کرنے والی سرفہرست 10 وزارتوں میں پہلے نمبر پر تھی۔

پیمرا کا نوٹس

پیمرا کی جانب سے چینل کو جاری نوٹس میں کہا گیا تھا کہ نیوز ون نے جمعرات کو رات 10 بجکر 5 منٹ پر ایک شو 'جی فار غریدہ' نشر کیا جس میں اینکر اور پینلسٹس نے وفاقی وزیر مراد سعید کو اعلیٰ اعزاز دینے کے فیصلے پر سوال اٹھائے اور ایوارڈ نوازے جانے کے پیچھے وزارت کی کارکردگی کی بجائے دیگر عوامل کو واضح کرنے والے ریمارکس دیے۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ اس طرح کے 'غیر پیشہ ورانہ/توہین آمیز ریمارکس' کسی ادارتی کنٹرول یا ٹائم ڈیلے کے طریقہ کار کے بغیر نشر کیے گئے۔

مزید پڑھیں: پیمرا نے 24 نیوز چینل کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا

نوٹس میں مزید کہا گیا تھا کہ اس طرح کے ریمارکس نشر کرنے سے 'چینل کی ادارتی پالیسی اور گیٹ کیپنگ ٹولز کو اپنانے اور اسے عمل میں لانے کی کارکردگی پر شدید تشویش پیدا ہوتی ہے۔

نوٹس میں پیمرا آرڈیننس، الیکٹرانک میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی شقوں اور 2018 کے ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کا بھی حوالہ دیا گیا تھا۔

نوٹس میں چینل کی اعلیٰ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ 4 دن (منگل تک) کے اندر تحریری طور پر جواب دیں کہ چینل کے خلاف قانونی کارروائی، جرمانے، معطلی اور لائسنس کی منسوخی سمیت دیگر اقدامات کیوں نہ شروع کیے جائیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024