• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارتی موسیقار نے پاکستانی گانے ’پیرا وے پیرا‘ کو چراکر ’پیا رے پیا‘ بنا ڈالا

شائع February 14, 2022
شجاح حیدر نے ’باغی‘ کے لیے گانا بنایا تھا—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام
شجاح حیدر نے ’باغی‘ کے لیے گانا بنایا تھا—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام

اگرچہ متعدد بار بھارتی موسیقار اور گلوکار پاکستانی گانوں کی دھن چراکر گانے بنا چکے ہیں، تاہم اب بھارتیوں نے معروف گلوکار شجاع حیدر کے 2017 کے گانے ’پیرا وے پیرا‘ کو چراکر نیا گانا بنا ڈالا۔

بھارتی گلوکار یاسر ڈیسائی کی جانب سے گائے گئے گانے ’پیا رے پیا‘ کی دھن دراصل شجاح حیدر کی 2017 کے مقبول ڈرامے ’باغی‘ کے گانے سے چرائی گئی۔

شجاح حیدر نے انسٹاگرام پر بھارتی گلوکار یاسر ڈیسائی اور موسیقار راشد خان کے گانے ’پیا رے پیا‘ کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انڈین گلوکاروں نے ان کی دھن چرائی اور یقینی طور پر انہیں یہ اچھا نہیں لگا۔

بھارتی گانے ’پیا رے پیا‘ کو ’آتم میوزک‘ کے یوٹیوب پر 12 فروری کو جاری کیا گیا اور اسے دو دن میں 40 لاکھ بار دیکھا گیا۔

گانے میں اداکارہ ادا شرما اور عاصم خان نے ماڈلنگ کے جوہر دکھائے ہیں اور اسے ویلنٹائنزڈے کی مناسبت سے جاری کیا گیا۔

گانے میں کالج میں پڑھنے والی لڑکی اور لڑکے کو رومانس کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، تاہم گانے کو سنتے ہی واضح معلوم ہوجاتا ہے کہ وہ پاکستانی گانے کی کاپی ہے۔

’پیا رے پیا‘ کو شجاح حیدر کے 2017 میں تیار کردہ گانے ’پیرا وے پیرا‘ سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے، جسے مقبول ڈرامے ’باغی‘ میں شامل کیا گیا تھا۔

’باغی‘ ڈراما سوشل میڈیا اسٹار قندیل بلوچ کی زندگی پر بنایا گیا تھا،جس میں صبا قمر نے ان کا کردار ادا کیا تھا۔

بھارتی گانے کو سننے کے بعد کئی لوگوں نے انڈین موسیقاروں و گلوکاروں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بھارتی موسیقاروں و گلوکاروں کی جانب سے پاکستانی گانے کی دھن چوری کی گئی ہو۔

اس سے قبل بھی متعدد بار پاکستانی گانوں کی دھن سے متاثر ہوکر بھارتی گانے بنائے جا چکے ہیں۔

ستمبر 2021 میں بھی معروف بھارتی گلوکار جوبن نوتیال اور نیہا ککڑ نے بیک وقت پاکستان کے معروف گانے ’بول کفارہ کیا ہوگا‘ کی دھن چوری کرکے ایک ساتھ گانے ریلیز کیے تھے۔

’بول کفارہ کیا ہوگا‘ کو ابتدائی طور پر سحر گل خان اور شہباز فیاض قوال نے 2018 میں گایا تھا۔

اس سے قبل بھارت کے پنجابی گلوکار برہم دریا نے ستمبر 2020 میں ہی اپنا گانا ’موڈ ہیپی‘ ریلیز کیا تھا، جس کی 95 فیصد عکس بندی پاکستانی گانے ’کی جاناں‘ کی کاپی ہے۔

’کی جاناں‘ کو شانی ارشد نے جولائی 2020 میں ریلیز کیا تھا، جس میں سونیا حسین اور محسن عباس اداکاری کرتے دکھائی دیے تھے۔

علاوہ ازیں بھارتی گلوکار و موسیقار استاد نصرت فتح علی خان، مہدی حسن، میڈم نورجہاں اور عابدہ پروین سمیت دیگر کئی معروف گلوکاروں کے گانوں کو کاپی کر چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024