• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

زلمی کی بڑی فتح، کراچی کنگز لگاتار چھٹی شکست کے بعد پلے آف سے باہر

شائع February 13, 2022
محمد حارث نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 27گیندوں پر 49رنز بنائے— فوٹو بشکریہ پی سی بی
محمد حارث نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 27گیندوں پر 49رنز بنائے— فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 56 رنز سے شکست دے دی اور ایونٹ میں مسلسل چھٹی شکست کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 19ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو کراچی کنگز کے فیلڈرز کی ناقص کارکردگی اور ڈراپ کیچز کی بدولت اوپنرز نے ٹیم کو 97رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، محمد حارث نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 27گیندوں پر 49رنز بنائے۔

لیام لیونگسٹن اس مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ حضرت اللہ زازئی 52رنز بنانے کے بعد نوجوان اسم اکرم کی وکٹ بن گئے۔

شعیب ملک اور بین کٹنگ نے چوتھی وکٹ کے لیے 55 رنز کی ساجھے داری قائم کی، شعیب ملک نے 31 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کٹنگ نے 26رنز بنائے۔

پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 193رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں اننگز کی ابتدا سے کراچی کنگز کے بلے بازوں کو رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا رہا اور زلمی کے باؤلرز نے انہیں تیزی سے کھیلنے سے باز رکھا۔

پانچویں اوور میں 25 کے مجموعے پر شرجیل خان کی اننگز کا خاتمہ ہوا جو صرف 14رنز بنا کر چلتے بنے۔

بابر اظم اور جو کلارک نے 60 رنز کی شراکت ضرور قائم کی لیکن وہ تیزی سے رنز بنانے سے قاصر رہے اور جب کلارک 26 رنز بنا کر بولڈ ہو ئے تو کراچی کنگز کو فتح کے لیے 40 گیندوں پر 109رنز درکار تھے۔

بابر اعظم نے نصف سنچری ضرور اسکور کی لیکن اسی دوران درکار رن ریٹ تیزی سے تجاوز اور میچ کراچی کنگز کی گرفت سے باہر نکلتا رہا، کپتان بابر 46 گیندوں پر 59رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

محمد نبی 15 اور آئن کوک بین 14 رنز بنا سکے۔

کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 138رنز بنا سکی اور زلمی نے میچ میں باآسانی 56 رنز سے فتح حاصل کر لی۔

یہ کراچی کنگز کی ایونٹ میں لگاتار چھٹی شکست ہے جس کے سبب وہ اب پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں اور اگلے چروں میچ جیتنے کے باوجود بھی اگلے مرحلے میں نہیں پہنچ سکیں گے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پشاور زلمی: وہاب ریاض (کپتان)، محمد حارث، حیدر علی، شعیب ملک، لیام لیونگسٹن، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، عماد بٹ، محمد عمر، سلمان ارشاد۔

کراچی کنگز: بابراعظم (کپتان)، شرجیل خان، صاحبزادہ فرحان، محمد نبی، آئن کوکبین، جو کلارک، عماد وسیم، عامر یامین، کرس جورڈن، قاسم اکرم، عمید آصف۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024