• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ایس ایل 7: سرفراز کی ناقابل شکست برق رفتار اننگز، گلیڈی ایٹرز کی یونائیٹڈ کو شکست

شائع February 12, 2022
سرفراز نے ناقابل شکست نصف سنچری بنائی—فوٹو: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹوئٹر
سرفراز نے ناقابل شکست نصف سنچری بنائی—فوٹو: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹوئٹر
فہیم اشرف نے 52 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو: اسلام آبادیونائیٹڈ
فہیم اشرف نے 52 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو: اسلام آبادیونائیٹڈ
کوئٹہ نے انجری کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہونے والے محمد نواز کی جگہ حسان خان کو ٹیم میں شامل کیا ہے — فوٹو: ریڈیو پاکستان ٹوئٹر
کوئٹہ نے انجری کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہونے والے محمد نواز کی جگہ حسان خان کو ٹیم میں شامل کیا ہے — فوٹو: ریڈیو پاکستان ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد کی ناقابل شکست نصف سنچری کی مدد سے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے الیکس ہیلز اور رحمٰن اللہ گرباز نے اننگز کا آغاز کیا اور شراکت میں 48 رنز بنائے۔

رحمٰن اللہ گرباز 19 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، نسیم شاہ نےان کی وکٹیں بکھیر دیں۔

کپتان شاداب خان دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے تاہم بڑی اننگز نہیں کھیل سکے لیکن ٹیم کی سنچری مکمل کرنے تک ہیلز کا ساتھ دیا اور شاہد آفریدی نے ان کی 12 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

الیکس ہیلز نے اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکور جب 102 رنز تھا تو الیکس ہیلز 38 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

گلیڈی ایٹرز کے تجربہ کار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کرکے یونائیٹڈ کو مشکل میں ڈال دیا، 102 کے اسکور پر محمد اخلاق کو ایل بی ڈبلیو کیا۔

شاہد آفریدی نے 102 کے ہی اسکور پر اعظم خان کو رن آؤٹ کردیا۔

جارح مزاج بلے باز آصف علی ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور 6 رنز بنا کر اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوراحمد کی وکٹ بن گئے۔

فہیم اشرف اور لیام ڈاؤسن نے ایک مشکل وقت میں یونائیٹڈ کی کشتی بھنور سے نکال کر مستحکم پوزیشن پر کھڑا کردیا۔

دونوں بلے بازوں نے بہترین شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 187 رنز تک پہنچادیا۔

فہیم اشرف نے اس دوران جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

فہیم اشرف 28 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنا کر آخری اوور میں فلکنر کی گیند پر آؤٹ ہوئے تاہم ٹیم کا اسکور 187 رنز تک پہنچا تھا۔

ڈاؤسن 18 گیندوں پر صرف 13 رنز بنا کر جیمز فلکنر کی وکٹ بنے۔

حسن علی صفر جبکہ محمد وسیم نے دو گیندوں پر مسلسل دو چھکے لگائے اور 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 199 رنز بنا لیے ہیں۔

گلیڈی ایٹرز نے مشکل ہدف کا تعاقب جارحانہ انداز میں کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 8 اوورز میں 88 رنز جوڑے۔

جیسن روئے نے ایک مرتبہ پھر جارحانہ آغاز کیا اور 27 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے54 رنز بنائے۔

شاداب خان نے 88 کے اسکور پر جیسن روئے کی اننگز کا خاتمہ کیا۔

احسان علی 23 گیندوں پر 30 رنز بنا کر 92 کے اسکور پر ڈاؤسن کی وکٹ بن گئے۔

جیمز وینس آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے، جو اسکور 130 رنز تک پہنچا کر شاداب خان کی باؤلنگ سمجھنے میں غلطی کر بیٹھے اور 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے اینڈ سے کپتان سرفراز احمد کھڑے رہے اور ان کا ساتھ دینے افتخار احمد آئے جو صرف 4 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔

گلیڈی ایٹرز نے عمر اکمل کو رواں سیزن میں پہلا موقع دیا اور انہوں نے موقع کی مناسبت سےجارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 3 چھکے لگائے۔

عمر اکمل 8 گیندوں پر 23 رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر آصف علی کو کیچ دے گئے۔

سرفراز احمد نے 191 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد اپنی برق رفتار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نہ صرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ ناقابل شکست اننگز کی بدولت ٹیم کو فتح سے ہم کنار کرایا۔ جیمز فلکنر ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آخری اوورز کی چوتھی گیند پر 203 رنز بنا کر میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔

سرفراز احمدکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں اور عمر اکمل کے ساتھ پی ایس ایل میں ڈیبو کرنے والے نور احمد کو شامل کیا جبکہ انجری کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہونے والے محمد نواز کی جگہ حسان خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے آج کے میچ کے لیے ٹیم میں چار تبدیلیاں کی ہیں اور ذیشان ضمیر ڈیبیو کریں گے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد (کپتان)، احسن علی، جیسن روئے، جیمز وِنس، افتخار احمد، عمر اکمل، جیمز فالکنر، شاہد آفریدی، نور احمد، نسیم شاہ، گلام مدثر

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، محمد اخلاق، ایلکس ہیلز، رحمٰن اللہ گرباز، اعظم خان، آصف علی، لیام ڈاسن، فہیم اشرف، محمد وسیم جونیئر، حسن علی، ذیشان ضمیر

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024