• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ڈی ایم تحریک عدم اعتماد کل لے کر آئے، فواد چوہدری

شائع February 11, 2022
وزیراطلاعات نے اپوزیشن کو چیلنج کیا—فوٹو: ڈان نیوز
وزیراطلاعات نے اپوزیشن کو چیلنج کیا—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اعلان پر چینلج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کل لے کر آئیں اور آپ کو آپ کے اراکین اسمبلی سرپرائز دیں گے۔

وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پی ڈی ایم کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کے اعلان کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اب سے کچھ دیر پہلے پاکستان کرپشن لمیٹڈ پارٹی کی ایک بیٹھک ہوئی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ ہم حکومت کے خلاف عدم اعتماد لا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم کا حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ میں ان سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ جرات کریں اور کل لے کر آئیں، آپ لوگوں کو پتہ چلے گا کہ سبزی، دال کا بھاؤ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ بیٹھ کر باتیں کر رہے ہیں اور آپ کا خیال ہے کہ آپ کے اوپر جو 18 تاریخ کو فرد جرم لگنی ہے، شہباز شریف! وہ آگے چلی جائے گی تو وہ ایسے نہیں ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن صاحب آپ پہلے دن سے یہ حکومت کو سمجھتے ہیں گھر بھیج دیں گے، آپ کے بازو میں وہ طاقت نہیں ہے، آج بھی آپ نے جو گفتگو کی، اس سے آپ کی کمزوری کا اظہار ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی آپ کہہ رہے ہیں کہ ہم بات کریں گے، ہم یہ کریں گے، تو میں آپ کو چینلج کرتا ہوں کہ آپ جرات کا مظاہرہ کریں، کل تحریک عدم اعتماد لے کر آئیں اور تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اور خود آپ کو آپ کے اراکین اسمبلی سرپرائز دیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کسی مائی کے لعل کی جرات نہیں ہے کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لاسکے، آپ لوگ سیاسی میں وہ چوہے ہیں جن کا خیال ہے کہ چھت پر آواز زیادہ آئے گی تو زیادہ دوڑیں گے تو ہم بچ جائیں گے۔

اپوزیشن عدم اعتماد کرکے اپنا شوق پورا کرلے، شیخ رشید

وزیرداخلہ شیخ رشد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‘پی ڈی ایم کا اجلاس ایک ناکام اور شکست خوردہ اپوزیشن کا اجلاس تھا ناکامی اور پیشگی شکست پی ڈی ایم کے قائدین کے چہروں سے واضح نظر آرہی ہے’۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کےخلاف تحریک عدم اعتماد پر عوام جلد اچھی خبر سنیں گے، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ ‘اپوزیشن لانگ مارچ اور عدم اعتماد کرکے اپنا شوق پورا کرلے، اپوزیشن کے پاس لانگ مارچ کرنے کے لیے مین پاور ہی موجود نہیں ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اپوزیشن کو یہ بھی نہیں پتا کہ ایوان کے اندر ان کی اپنی جماعتوں کے کتنے ووٹ ہوں گے، ساری اپوزیشن مل کر بھی عمران خان کو نہ ایوان کے اندر شکست دے سکتی ہے اور نہ ہی ایوان کے باہر’۔

شیخ رشید نے کہا کہ ‘اپوزیشن اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے اور اپوزیشن مکمل ناکام ہو چکی ہے ان کے پاس اپنے آدمی پورے نہیں ہیں اور ہمارے اتحادیوں کے پاس پھر خیرات مانگنے جا رہے ہیں’۔

وزیراعظم کو مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘عمران خان جیت گیا ہے اور پی ڈی ایم ہار گئی ہے، تحریک عدم اعتماد ٹُھس کر گئی ہے، نہ یہ اب عدم اعتماد لائیں گے اور نہ ہی 23 مارچ کو آئیں گے، عمران خان کو فتح مبارک ہو’۔

قبل ازیں اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ہم اس ناجائز حکمران کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے اور اس سلسلے میں حکومت کی حلیف جماعتوں سے بھی رابطے کریں گے کہ وہ اپنا اتحاد ختم کریں۔

مزیدپڑھیں: عمران خان کی صورت میں نازل عذاب سے جان چھڑانا سیاسی جماعتوں کا فرض ہے، مریم نواز

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حکومتی حلیف جماعتیں ملک و قوم پر رحم کریں، ملک کے مستقبل اور عوام کی بدحالی کو مدنظر رکھیں اور ایسی حکومت کے اتحادی بننا سیاسی اور اقتصادی طور پر ملک کے لیے مفید نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ہم ایک وفد بھی تشکیل دے رہے ہیں جس کے ارکان کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، یہ حلیف جماعتوں سے رابطہ کرے گا اور ان کو اس مؤقف پر قائل کرنے کی کوشش کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس حوالے سے پیشگی ہوم ورک مکمل کریں گے، حلیف جماعتوں کے بغیر عدم اعتماد کا ووٹ مکمل نہیں ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024