دانیہ شاہ بچپن میں روتی تھیں تو میرا پروگرام دکھا کر انہیں چپ کرایا جاتا تھا، عامر لیاقت
اسکالر اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ ان کی نئی دلہن سیدہ دانیہ شاہ جب بچپن میں روتی تھیں تو والدین انہیں ’عالم آن لائن‘ پروگرام دکھا کر چپ کرایا کرتے تھے۔
عامر لیاقت اہلیہ دانیہ شاہ کے ہمراہ 92 نیوز کے مارننگ شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کا نکاح 9 فروری کو نہیں بلکہ ایک ہفتہ قبل ہی ہوا تھا۔
مارننگ شو میں جب عامر لیاقت کی اہلیہ سے سوالات کیے گئے تو ان میں سے زیادہ تر کے جوابات بھی عامر لیاقت نے ہی دیے اور کہا کہ ان کی اہلیہ گاؤں کی ہیں، سید ہیں، اس لیے کم بولتی ہیں۔
پروگرام کے دوران عامر لیاقت حسین نے کہا کہ تیسری شادی کرنے پر انہیں مبارک دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے مگر ساتھ ہی کچھ لوگ ان سے جل بھی رہے ہیں۔
عامر لیاقت حسین نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سیدہ دانیہ شاہ سے ان کی پہلی ملاقات 28 دن قبل ہی لودھراں میں ہوئی تھی۔
رکن قومی اسمبلی کے مطابق انہوں نے لودھراں میں ایک معروف پیر سے ملاقات کی، جنہوں نے انہیں ایک سیدہ سے شادی کرانے کا کہا اور شرط رکھی کہ وہ شادی سے قبل دلہن کو نہیں دیکھیں گے۔
اسکالر و ٹی ومیزبان نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار اہلیہ کو شادی کے موقع پر ہی دیکھا اور لودھراں میں نکاح کرنے کے بعد وہ گاڑی میں اہلیہ کو کراچی لائے، جہاں شادی کا استقبالیہ منعقد کیا گیا، جلد ہی ولیمہ بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے سسرالی سعادتین ہیں، اگرچہ وہ زیادہ دولت مند نہیں مگر سید ہونے کی وجہ سے وہ ان کا احترام کرتے ہیں۔
عامر لیاقت حسین نے بتایا کہ انہوں نے اہلیہ کو منہ دکھائی میں چھوٹی سی گاڑی کا تحفہ دیا ہے اور جلد ہی وہ اہلیہ کے ہمراہ حج کرنے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت حسین تیسری بار رشتہ ازدواج سے منسلک
ایک سوال کے جواب میں عامر لیاقت نے بتایا کہ ان کی اہلیہ دانیہ شاہ بچپن میں جب روتی تھیں تو ان کے والدین انہیں ’عالم آن لائن‘ پروگرام دکھا کر چپ کراتے تھے۔
’عالم آن لائن‘ جیو ٹی وی کا مقبول پروگرام تھا، جس کی میزبانی عامر لیاقت کیا کرتے تھے، مذکورہ پروگرام ایک دہائی قبل نشر ہونا بند ہوگیا تھا۔
مارننگ شو کے دوران عامر لیاقت کی اہلیہ نے بتایا کہ شادی سے قبل انہوں انٹر کا امتحان دیا تھا اور اب وہ ممکنہ طور پر گریجوئیشن کریں گی۔
سیدہ دانیہ شاہ نے کہا کہ وہ شادی کے بعد کوئی ملازمت نہیں کریں گی، کیوں کہ ان کے خاندان میں خواتین کو تعلیم کی اجازت نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں دانیہ شاہ نے تصدیق کی کہ وہ بچپن سے ہی عامر لیاقت کی فین تھیں اور جب شادی کے موقع پر وہ ان کے سامنے آئے تو انہیں یقین ہی نہیں ہوا کہ ان کے پسندیدہ شخص ان کے سامنے ہیں۔
سیدہ دانیہ شاہ نے کہا کہ ان سمیت ان کی بہنیں اور والدین بھی عامر لیاقت سے ان کی شادی پر بہت خوش ہیں، باقی انہیں دنیا کی پرواہ نہیں۔
سیدہ دانیہ شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں لوگوں کی تنقید پر کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ کسی کی بات نہیں سنیں گی، انہیں جیسے شوہر کہیں گے، وہ ویسا ہی کریں گی۔
مزید پڑھیں؛ خود سے 31 برس کم عمر دلہن کے ہمراہ ویڈیو وائرل ہونے پر عامر لیاقت کی وضاحت
دانیہ شاہ نے کہا کہ انہوں نے ابھی سے ہی عامر لیاقت کو چوتھی شادی کرنے کی اجازت دے دی ہے اور وہ کون ہوتی ہیں شوہر کو شادی سے روکنے والی؟
سیدہ دانیہ شاہ کے مطابق اگر ایک بیوی اپنے شوہر کو پیار نہیں دے گی تو شوہر ضرور دوسری شادی کریں گے۔
خیال رہے کہ دانیہ شاہ اور عامر لیاقت 10 فروری کو بتایا تھا کہ انہوں نے 9 فروری کو شادی کرلی۔
دونوں کی عمر میں 31 سال کا فرق ہے، دانیہ شاہ اپنے شوہر سے کم عمر ہیں۔
دانیہ شاہ کی عمر 18 برس جب کہ عامر لیاقت کی عمر 49 برس ہے اور ٹی وی میزبان کی یہ تیسری شادی ہے، اس سے قبل انہوں نے جولائی 2018 میں کم عمر ماڈل و اداکارہ طوبیٰ انور سے شادی کی تھی۔
طوبیٰ انور نے 10 فروری کو ہی بتایا تھا کہ انہوں نے عامر لیاقت سے خلع لے لی، ان سے قبل ٹی وی میزبان نے ڈاکٹر بشریٰ اقبال سے شادی کی تھی اور ان کے درمیان 2020 میں طلاق ہوگئی تھی۔
عامر لیاقت کو پہلی اہلیہ بشریٰ اقبال سے دو بچے بھی ہیں، جن میں سے بیٹے احمد کی عمر 20 سے زائد جب کہ بیٹی دعا کی عمر 18 برس سے کم ہے۔
خبریں ہیں کہ عامر لیاقت کی تیسری بیوی ان کی بیٹی سے محض ایک سال بڑی ہیں۔