• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

انڈونیشیا کا فرانس سے 42 رافیل طیارے خریدنے کا معاہدہ

شائع February 10, 2022
فرانسیسی وزارت دفاع نے بتایا کہ اگلے ماہ 6 طیارے حوالے کیے جائیں گے—فوٹو: رائٹرز
فرانسیسی وزارت دفاع نے بتایا کہ اگلے ماہ 6 طیارے حوالے کیے جائیں گے—فوٹو: رائٹرز

فرانس نے کہا ہے کہ انڈونیشیا 42 رافیل طیارے خریدے گا جس کے لیے 8.1 اب ڈالر کا معاہدہ ہوگیا ہے، جو فرانس کے ساتھ اسلحے کی خریداری کے دیگر معاہدوں کے سلسلے کا ایک حصہ ہے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فرانس کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ انڈونیشیا آبدوزوں کی تیاری اور اسلحے کی خریداری کے معاہدوں کے سلسلے میں 8.1 ارب ڈالر مالیت کے 42 رافیل طیارے حاصل کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کو فرانس سے پہلا رافیل طیارہ موصول

رپورٹ کے مطابق اس معاہدے کے بعد انڈونیشیا خطے میں فرانس سے اسلحہ خریدنے والا سب سے بڑا ملک ہوگا۔

معاہدہ ایک ایسے وقت میں ہونے جارہا ہے جب پیرس اپنے تعلقات امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کے ساتھ گزشتہ برس نیا اتحاد تشکیل دینے کے بعد ایشیا میں اپنے تعلقات کو وسعت دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

انڈونیشیا کے وزیر دفاع پرابوو سوبیانتو نے اپنے فرانسیسی ہم منصب فلورینس پارلے سے ملاقات کے بعد کہا کہ ہم 42 رافیل طیارے حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

اس موقع پر فرانسیسی وزیر دفاع فلورینس پارلے نے کہا کہ ہمارے اسٹریٹجک تعلقات ہمیں دفاعی تعلقات مضبوط کرنے میں سود مند ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے بعد انڈونیشیا خطے میں بھارت کے بعد دوسرا بڑا ملک ہوگا جو ڈیسالٹ ایوی ایشن کے تیار کردہ طیاروں پر انحصار کرے گا۔

فرانس کی وزارت دفاع کے عہدیداروں نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ 8.1 ارب ڈالر مالیت کے طیاروں کی خریداری کا معاہدہ ڈیسالٹ ایوی ایشن، سیفران اور تھیلس میں پیداوار میں اضافے کا باعث ہوگا۔

مزید پڑھیں: رافیل معاہدے کی خفیہ دستاویزات 'چوری' ہوچکی ہیں، بھارتی حکومت

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت پہلے مرحلے میں 6 رافیل طیارے اگلے ماہ میں حوالے کیے جائیں گے جبکہ دیگر 36 طیارے بعد کے مراحل میں فراہم کیے جائیں گے، جو رواں برس کے اواخر یا اگلے سال تک ممکن ہوگا۔

ڈیسالٹ ایوی ایشن نے بتایا کہ معاہدہ طویل شراکت داری کا آغاز ہے اور اس سے انڈونیشیا میں موجودگی کی جانب قدم ہوگا۔

وزارت دفاع کے عہدیداروں نے بتایا کہ مذکورہ معاہدہ انڈونیشیا کو جنوب مشرقی ایشیائی خطے میں فرانس سے فوجی ساز وسامان کا سب سے بڑا خریدار بنا دے گا جبکہ اس وقت خطے میں سنگاپور کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

فرانسیسی وزارت دفاع نے کہا کہ انڈونیشیا نے طیاروں کے علاوہ آبدوزوں کی تیاری میں تعاون کی یاد داشت پر بھی دستخط کیے ہیں، جس کے تحت نیول گروپ کی جانب سے دو جہاز تیار کیے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے پاس اس وقت امریکی تیار کردہ ایف-16 اور روسی ساختہ سخوئی ایس یو-27 ایس یو-30 طیاروں کی فلیٹ ہے جو کافی پرانی ہوچکی ہے۔

انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے آبدوزوں کی تیاری، سٹیلائٹ سے متعلق آلات اور اسلحے کی تیاری کے معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ دفاعی شراکت داری صرف اسلحے کی خریدار تک محدود نہیں ہے بلکہ تیاری اور مشترکہ پیداوار، ٹیکنالوجی کا تبادلہ اور دفاعی صنعت میں سرمایہ بھی زیر نظر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024