• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملتان سلطانز کی لگاتار چھٹی فتح، پشاور زلمی کو 42رنز سے شکست

شائع February 10, 2022 اپ ڈیٹ February 11, 2022
عباس آفریدی نے انگلینڈ سے آئے لیام لیونگسٹن کی قیمتی وکٹ حاصل کی— فوٹو: بشکریہ پی سی بی
عباس آفریدی نے انگلینڈ سے آئے لیام لیونگسٹن کی قیمتی وکٹ حاصل کی— فوٹو: بشکریہ پی سی بی
شان مسعود نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک نصف سنچری اسکور کی— پی ایس ایل
شان مسعود نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک نصف سنچری اسکور کی— پی ایس ایل
پاکستان سپرلیگ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے— فوٹو: ٹوئٹر
پاکستان سپرلیگ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے— فوٹو: ٹوئٹر

ملتان سلطانز نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں اپنی شان دار کارکردگی کی بدولت کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پشاور زلمی کو42 رنز سے شکست دے کر مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کرلی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 16ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کے اوپنرز شان مسعود اور محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور 98 رنز کی شراکت قائم کی۔

شان نے بہترین فارم برقرار رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی البتہ دوسرے اینڈ سے محمد رضوان مستقل جدوجہد کرتے نظر آئے۔

رضوان کی 34 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز وہاب ریاض کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

شان مسعود نے نئے بلے باز ٹم ڈیوڈ کے ساتھ مل کر اسکور کو 131 تک پہنچایا اور اسی مرحلے پر 49 گیندوں پر 68 رنز بنانے کے بعد سلمان ارشاد کو وکٹ دے بیٹھے۔

ٹم ڈیوڈ نے ایک مرتبہ پھر جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 34رنز بنائے جبکہ رائلی روسو 15رنز بنا سکے۔

سلطانز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود، وہاب ریاض اور سلمان ارشاد نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور تجربہ کار کامران اکمل صرف چار رنز بنانے کے بعد بولڈ ہو گئے۔

ابھی زلمی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ مزربانی نے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلاتے ہوئے حیدر علی کو بھی چلتا کر دیا۔

پشاور زلمی کی 5 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد لیام لیونگسٹن کا ساتھ دینے شعیب ملک آئے اور دونوں نے اسکور آگے بڑھانا شروع کیا۔

لیونگسٹن اور شعیب ملک دونوں کو اس اننگز کے دوران ایک،ایک موقع ملا اور سلطانز کے فیلڈر ان کے آسان کیچ تھام نہ سکے۔

اسکور 42 رنز تک پہنچا ہی تھا کہ لیونگسٹن کی 16 گیندوں پر 24رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی جبکہ حسین طلعت بھی صرف چار رنز بنا سکے۔

شعیب ملک نے شرفین ردرفورڈ کے ساتھ مل کر 40 رنز جوڑے اور اسکور کو 91 رنز تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر مزربانی نے تیسری وکٹ لیتے ہوئے ویسٹ انڈین بلے باز کو چلتا کردیا۔

پشاور زلمی کی میچ میں کامیابی کی آخری امید اس وقت دم توڑ گئی جب شعیب ملک 44 رنز بنانے کے بعد عمران طاہر کی وکٹ بن گئے۔

اس ک بعد بین کٹنگ نے چند بڑے شاٹس ضرور لگائے اور 11 گیندوں پر 23 رنز بنائے لیکن ان کی یہ کاوش بھی زلمی کے کسی کام نہ آئی۔

پشاور زلمی کی پوری ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 140رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور سلطانز نے میچ میں 42رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

سلطانز کی جانب سے زمبابوین فاسٹ باؤلر بلیسنگ مزربانی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 18رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں جبکہ شاہنواز دھانی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

شان مسعود کو شان دار نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹیم میں ایک جبکہ پشور زلمی نے دو تبدیلیاں کی تھیں۔

سلطانز نے رائلی روسو کو اسکواڈ کا حصہ بنایا جبکہ لیام لیونگسٹن اور حسین طلعت کو زلمی کی فائنل الیون میں شامل کیا گیا تھا جبکہ حضرت اللہ زازائی کو ڈراپ کردیا گیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان رواں ایونٹ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 57 رنز سے شکست دے دی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، خوشدل شاہ، ٹم ڈیوڈ، انور علی، عباس آفریدی، عمران طاہر، بلیسنگ مزاربانی، شاہنواز دھانی

پشاور زلمی: وہاب ریاض (کپتان)، کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، لیام لیونگسٹن، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، ثاقب محمود، محمد عمر، حسین طلعت، سلمان ارشاد۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024