• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

وزرا کو تعریفی اسناد دینا قوم کے ساتھ مذاق ہے، اپوزیشن کی تنقید

شائع February 10, 2022
مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کی جانب سے وزرا کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا— فائل فوٹو: اے پی پی/اے ایف پی
مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کی جانب سے وزرا کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا— فائل فوٹو: اے پی پی/اے ایف پی

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مختلف وزرا کو ان کی کارکردگی پر سرٹیفکیٹ اور اسناد سے نوازنے پر اپوزیشن نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزرا کو اسناد کی تقسیم قوم کے ساتھ ایک اور مذاق ہے، حکومت کی تین سالہ کارکردگی بدانتظامی، کرپشن اور ناکامیوں سے بھری ہوئی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزرا کو سرٹیفکیٹ و اسناد دینے کے عمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب نے وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ نہیں بلکہ اپنی فیلڈ کارکردگی پیش کی ہے، فیل وزارتیں نہیں فیل عمران صاحب کی وزارت عظمیٰ ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی جانب سے 10بہترین کارکردگی دکھانے والی وزارتوں میں اسناد کی تقسیم

ان کا کہنا تھا کہ جو جو وزیر فیل ہوئے ہیں وہ دُکھی نہ ہوں بلکہ مزید چوری، لوٹ مار اور جھوٹ پر توجہ دیں، جن جن وزارتوں سے عوام کو ریلیف ملنا تھا وہ سب فیل ہوئے اور یہ ایوارڈز عوام کے ساتھ مذاق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کارکردگی کے نہیں آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی اور چوری کے ایوارڈ دینے چاہئیں، فیل وزیراعظم کارکردگی کے ایوارڈ بانٹ رہے ہیں، یہ اس ملک کی بدقسمتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک فیل وزیراعظم گھر نہیں جائے گا، معیشت، دفاع، خارجہ، پیٹرولیم، توانائی اور اطلاعات سب فیل ہوں گے جبکہ ‎وزارت خارجہ، دفاع، معیشت، خزانہ اور دفاع پر عمران صاحب نے آج خود عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نالائق اور نااہل فیلڈ وزیراعظم کارکردگی کے ایوارڈ دے رہے ہیں، شرم آنی چاہیے، جس وزیراعظم کی معیشت، خارجہ اور دفاع سب فیل ہو گئے ہوں، وہ وزیراعظم کارکردگی کے ایوارڈ بانٹ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ ٹاٹا، برلا کی جگہ شریف اور زرداری امیر ہو جائیں'

‎انہوں نے کہا کہ ان کی کارکردگی صرف جھوٹ بولنا، قوم کو دھوکا دینا اور لوٹنا ہے، عمران صاحب اب کارکردگی سرٹیفکیٹ دینے کا نہیں بلکہ گھر جانے کا وقت ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے بھی وزیراعظم کی جانب سے وزرا کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بہترین کارکردگی دکھانے والے وزرا کو آج تعریفی سرٹیفکیٹ دیے ہیں جو قوم کے ساتھ ایک اور مذاق ہے، حکومت کی تین سالہ کارکردگی بدانتظامی، کرپشن اور ناکامیوں سے بھری ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کون سی وزارت ہے جس کی وجہ سے ملک میں بحران پیدا نہیں ہوا؟ ہر وزارت میں بحرانی صورتحال ہے، معیشت، خوراک، پیٹرولیم، توانائی، خارجہ، داخلہ، صحت اور دیگر تمام وزارتوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

مزید پڑھیں: اگر حکومت سے باہر نکل آیا تو زیادہ خطرناک ہوں گا، وزیراعظم

شیریں مزاری نے کہا کہ وزیراعظم گالم گلوچ اور الزام تراشی کی بہترین کارکردگی پر وزرا کو ضرور تعریفی سرٹیفکیٹ دے سکتے ہیں لیکن وزرا اور حکومت کی کارکردگی پر اب عوام ووٹ کے ذریعے اپنی رائے دے گے۔

تعریفی اسناد کی تقسیم

واضح رہے کہ جمعرات کو منعقدہ ایک تقریب میں وزیر اعظم عمران خان نے 10سب سے بہترین کارکردگی دکھانے والی وفاقی وزارتوں کو تعریفی اسناد سے نوازا، جس میں وزارت مواصلات کا پہلا، وزارت منصوبہ بندی کا دوسرا اور تخفیف غربت کی وزارت کا تیسرا نمبر رہا۔

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں درج ذیل 10 اعلیٰ وزارتوں کو ان کی کارکردگی کے اعزاز میں اسناد سے نوازا گیا:

  • وزارت مواصلات (مراد سعید)
  • وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات (اسد عمر)
  • تخفیف غربت اور سماجی تحفظ ڈویژن (ڈاکٹر ثانیہ نشتر)
  • وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت (شفقت محمود)
  • وزارت انسانی حقوق (ڈاکٹر شیریں مزاری)
  • وزارت صنعت و پیداوار(خسرو بختیار)
  • قومی سلامتی ڈویژن (ڈاکٹر معید یوسف)
  • وزارت تجارت (عبدالرزاق داؤد)
  • وزارت داخلہ (شیخ رشید احمد)
  • وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ (سید فخر امام)

تقریب میں 80 فیصد اور اس سے زیادہ کارکردگی کا اسکور حاصل کرنے والی وزارتوں کو بھی نمایاں کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024