• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

ڈرامے میں ’سسک سسک‘ کر شوہر کو’اعتبار‘ دلانے کے سین پر زرنش خان کو تنقید کا سامنا

شائع February 9, 2022
ڈرامے کو ہم ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ
ڈرامے کو ہم ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ

حال ہی میں ’ہم ٹی وی‘ پر شروع ہونے والے ڈرامے ’اعتبار‘ کے ایک سین وضاحت پیش کیے جانے کے بعد اداکارہ زرنش خان کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

’اعتبار‘ کی چوتھی قسط کو 7 فروری کو پیش کیا گیا تھا اور اس کے ایک سین پر لوگوں نے ڈرامے کی ٹیم اور خصوصی طور پر اداکارہ زرنش خان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ڈرامے میں دکھائے گئے سین میں ایک شادی شدہ خاتون کو ایک بااثر مرد کی جانب سے اغوا کیے جانے اور مذکورہ عورت کی جانب سے وہاں کسی طرح فرار ہوکر گھر آکر شوہر کو ’اعتبار‘ دلانے کے دوران ’سسک سسک‘ کر روتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ڈرامے میں اغوا ہونے والی شادی شدہ خاتون کا کردار زرنش خان نے جب کہ ان کے شوہر کا کردار سید جبران نے ادا کیا ہے۔

ڈرامے کے ایک سین میں زرنش خان کسی طرح اغوا کنندگان سے فرار ہوکر گھر پہنچتی ہے مگر شوہر انہیں شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان سے اس لیے نفرت کرنے لگتے ہیں کہ انہیں کسی غیر مرد نے ہاتھ لگایا اور بیوی انہیں یقین دلانے کی کوشش کرتی ہیں کہ ایسا نہیں ہے۔

اغوا کے بعد غیر مرد سے بچ کر گھر پہنچنے اور پھر ’سسک سسک‘ کر شوہر کو منتیں کرکے انہیں ’اعتبار‘ دلانے والی خاتون کا کردار نبھانے پر لوگوں نے زرنش خان کو تنقید کا نشانہ بنایا تو انہوں نے اس پر وضاحتی پوسٹ شیئر کی۔

زرنش خان نے وضاحتی پوسٹ میں بتایا کہ وہ مذکورہ سین نہیں کرنا چاہتی تھیں اور یہ کہ مذکورہ منظر شوٹ کروانے کے بعد گھر والوں نے بھی ڈراموں میں ان پر رونے کے کردار ادا کرنے پر پابندی لگادی۔

ساتھ ہی انہوں نے ڈرامے میں دکھائے گئے مناظر کی مذمت کی اور واضح کیا کہ حقیقی زندگی میں خواتین اور لڑکیاں ان کے کردار کے برعکس بہت زیادہ بہادر ہوتی ہیں۔

زرنش خان نے مزید لکھا کہ یہ سچ ہے کہ مرد حضرات بھی عزت و احترام کے قابل ہیں، تاہم انہیں بھی اپنی خواتین کو احترام اور عزت کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔

تاہم اداکارہ کوڈرامے کے سین پر وضاحتی نوٹ جاری کرنا مہنگا پڑ گیا اور لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہوں نے شوٹنگ کروانے کے بعد ایسا کیوں بولا؟

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کچھ لوگوں نے زرنش خان کی وضاحتی پوسٹ پر کمنٹس کیے کہ جب ڈرامے کی شوٹنگ چل رہی تھی تو انہوں نے پیسے لے کر مذکورہ سین کرلیا اور اب وہ اس کی مذمت کر رہی ہیں۔

لوگوں نے اداکارہ کو یاد دلایا کہ وہ جن اخلاقیات کا درس ابھی دے رہی ہیں، انہیں وہ مذکورہ سین کرنے سے پہلے دینا چاہیے تھا اور اب وہ سب کو بیوقوف بنا رہی ہیں۔

بعض مداحوں نے لکھا کہ انہیں مذکورہ سین کرنے سے قبل ہدایت کار کو اسے تبدیل کرنے کی درخواست کرنی چاہیے تھی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ایک صارف نے اداکارہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ اداکار پہلے خوشی سے ایسے ہی ڈراموں میں کام کرنے کے لیے رضامند ہوجاتے ہیں اور بعد میں انسٹاگرام پر ان کی مذمت کرتے ہیں۔

ساتھ ہی مذکورہ صارف نے لکھا کہ اداکاراؤں کو اتنا بہادر ہونا چاہیے کہ وہ ہدایت کار اور لکھاری کو کہیں کہ ایسی بیکار کہانیاں نہ لکھیں اور یہ کہ اب ڈرامے میں شوہر کا کردار نبھانے والا مرد خاتون کی محبت کا حقدار نہیں رہا۔

’اعتبار‘ ڈرامے کو گزشتہ ماہ سے ’ہم ٹی وی‘ پر نشرکیا جا رہا ہے، اس کی کہانی میمونہ عزیز نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات ندیم صدیق نے دی ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024