• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ جاری، بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر براجمان

شائع February 9, 2022
آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بلے باز بابر اعظم کے بیٹنگ پوائنٹس 873 ہیں — فائل فوٹو: پی سی بی
آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بلے باز بابر اعظم کے بیٹنگ پوائنٹس 873 ہیں — فائل فوٹو: پی سی بی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے میچز میں بلے بازوں کی نئی درجہ بندی جاری کردی ہے جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ بھارتی بلے باز ویرات کوہلی دوسرے اور روہت شرما تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی رینکنگ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور اسٹار بلے باز بابر اعظم 873 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی آئی سی سی کی تازہ درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں جن کے بیٹنگ رینکنگ میں 828 ریٹنگ پوائنٹس ہیں جبکہ بھارتی بلے باز روہت شرما ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں نصف سنچری کی بدولت 807 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

نئی درجہ بندی میں پاکستان کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ انگلش بلے باز جو روٹ بھی سرفہرست 10 بلے بازوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔

رینکنگ کے مطابق 783 پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ کے بلے باز کوئنٹن ڈی کوک چوتھے نمبر پر موجود ہیں جبکہ آسٹریلین ایرون فنچ نے 779 پوائنٹس کے ساتھ پانچواں نمبر سنبھالا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 کی عالمی درجہ بندی میں بابر اعظم نمبر ون بلے باز قرار

انگلینڈ کے جونی بیئراسٹو 775 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے اور آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر 762 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔

جنوبی افریقی بلے باز راسی وان ڈر ڈوسن بھی 750 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ ٹین بلے بازوں کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں، 741 پوائنٹس کے ساتھ فخر زمان نویں اور انگلینڈ کے جو روٹ ایک پوائنٹ کے فرق سے دسویں نمبر پر ہیں۔

ویسٹ انڈین بلے باز شے ہوپ کی تنزلی ہوئی ہے اور وہ پوائنٹس گنوا کر بھارت کے خلاف پہلے ون ڈے کے بعد بیٹنگ رینکنگ کے ٹاپ 10 سے باہر ہو گئے ہیں۔

آئی سی سی ون ڈے کرکٹ کی باؤلرز کی رینکنگ میں ٹاپ 10 میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔

تاہم ویسٹ انڈین آل راؤنڈر جیسن ہولڈر بھارت کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں نصف سنچری کی بدولت آل راؤنڈرز رینکنگ میں چار درجے ترقی کرنے کے بعد ٹاپ 20 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ، بابراعظم کی چھٹی پوزیشن

آئی سی سی کی نئی رینکنگ کی ایک خاص بات عمان کے بلے باز جتندر سنگھ کی عالمی رینکنگ میں بڑی چھلانگ ہے۔

عمان کے بلے باز جتندر سنگھ نے متحدہ عرب امارات کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں شاندار سنچری اسکور کی۔

مذکورہ سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کا حصہ ہے۔

جتندر سنگھ اپنی زبردست سنچری کی بدولت 26 درجے کی چھلانگ لگا کر آئی سی سی بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ 100 میں پہنچ گئے ہیں۔

عمان کے نوجوان بلے باز جتندر سنگھ لیگ 2 ٹورنامنٹ کے 23 میچوں میں 594 رنز کے ساتھ دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024