پی ایس ایل سیزن 7 میں اب تک کے اعداد و شمار
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا پہلا مرحلہ 27 جنوری کو شروع ہوا اور 7 فروری کو کامیابی سے مکمل ہوا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 12 دنوں میں 6 ٹیموں کے درمیان کُل 15 مقابلے منعقد ہوئے اور ہر ٹیم نے ایونٹ میں موجود دیگر ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلا، یوں ہر ٹیم نے کُل 5 میچ کھیلے۔
دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اس مرتبہ بھی زبردست فارم میں نظر آئی۔ اس نے اپنے پہلے مرحلے کے پانچوں میچوں میں کامیابی حاصل کی اور 10 پوائنٹسں کے ساتھ سرِفہرست رہی جبکہ کراچی کنگز بدقسمتی سے اپنے ہوم گراونڈ پر کوئی بھی میچ نہ جیت سکی اور اسے پانچوں میچوں میں شکست کی ہزیمت سے دوچار ہونا پڑا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوں ٹیموں کے ’بادشاہوں‘ والے نام ہیں، ایک سلطانز اور دوسرا کنگز، مگر ایک نے شاہوں کی طرح تمام میچ جیتے جبکہ دوسری ٹیم اپنے تمام میچ ہار کر شاہ سے فقیر بن گئی۔
اس کے برعکس لاہور ’قلندرز‘ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 5 میں سے 3 میچ جیتے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی 3 میچوں میں فتح حاصل کی۔ یوں ان دونوں نے 6، 6 پوائنٹس حاصل کیے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 2 مرتبہ پی ایس ایل ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ قلندرز وہ واحد ٹیم ہے جس نے اب تک کوئی بھی ٹورنامنٹ نہیں جیتا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے اس مرحلے میں 2 میچ جیت کر 4، 4 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔
پی ایس ایل میں ٹیموں کا اب تک کا سفر
ملتان سلطانز
ملتان سلطانز نے اپنے پہلے میچ میں میزبان کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے ہرایا اور تیسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 رنز سے شکست دی۔ سلطانز نے اپنے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 20 رنز اور آخری میچ میں پشاور زلمی کو 57 رنز سے مات دی۔
ملتان نے 3 مرتبہ 200 سے زائد رنز بنائے۔ اس نے پشاور زلمی کو 57 رنز سے شکست دی، جو اس ٹورنامنٹ میں اب تک کسی بھی ٹیم کی جانب سے رنز کے لحاظ سے سب سے بڑے مارجن کی جیت ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ
یونائیٹڈ نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کے خلاف 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جو وکٹوں کے مارجن کے لحاظ سے اب تک کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی فتح ہے۔ تاہم دوسرے میچ میں ملتان سلطانز کے مقابلے میں اسے 20 رنز سے شکست کھانا پڑی۔
اگلے میچ میں اس نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 43 رنز سے ہرایا۔ اس میچ میں یونائیٹڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے جو اس سیزن میں اب تک کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اور پی ایس ایل کی تاریخ کا چوتھا بڑا اسکور ہے۔ چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دی اور پھر پانچویں میچ میں یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 42 رنز سے ہرایا۔
لاہور قلندرز
قلندرز کی ٹیم اب تک تو پی ایس ایل کا کوئی بھی ایڈیشن نہیں جیت سکی لیکن موجودہ ٹورنامنٹ میں اس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ لاہور قلندرز نے پہلے مرحلے میں 5 میں سے 3 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔
پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کے خلاف 5 وکٹوں سے شکست کھائی اور پھر اگلے تینوں میچ جیت لیے۔ ان میچوں میں قلندرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے، پشاور زلمی کو 29 رنز سے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دی۔ تاہم آخری میچ وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 7 وکٹوں سے ہار گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل سیزن 7 کے پہلے مرحلے میں 2 میچ جیتے اور 3 ہارے۔ پہلے میچ میں انہیں پشاور زلمی کے خلاف 5 وکٹوں سے شکست ہوئی اور دوسرے میچ میں انہوں نے کراچی کنگز کے خلاف 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
وہ تیسرا میچ ملتان سلطانز سے 6 رنز سے اور چوتھا اسلام آباد یونائیٹڈ سے 43 رنز سے ہار گئے۔ پانچویں میچ میں گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔
پشاور زلمی
پی یاسی ایل سیزن 7 میں پشاور زلمی نے بھی اب تک 5 میچوں میں سے 2 جیتے اور 3 میچ ہارے۔ زلمی نے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5 وکٹوں سے شکست دی اور پھر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 9 وکٹوں اور لاہور قلندرز کے خلاف 29 رنز سے شکست کھائی۔
اس کے بعد کراچی کنگز کو 9 رنز سے شکست دی اور پانچواں میچ ملتان سلطانز سے 57 رنز سے ہار گئے۔
کراچی کنگز
پی ایس ایل سیزن 7 کے پہلے مرحلے میں کراچی کنگز اپنے ہوم گراونڈ کا کوئی فائدہ نہ اٹھا سکی اور اسے پانچوں میچوں میں شکست کی ہزیمت سے دوچار ہونا پڑا۔
اپنے پہلے میچ میں کراچی کنگز کو ملتان سلطانز نے 7 وکٹوں سے شکست دی اور پھر دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسے 8 وکٹوں سے ہرایا۔
لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں اسے 6 وکٹ سے ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔ پشاور زلمی کے خلاف میچ میں 9 رنز سے شکست ہوئی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں کنگز 42 رنز سے ہار گئے۔
کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی
سنچریاں اور نصف سنچریاں
پی ایس ایل کے ابتدائی 15 میچوں میں ہمیں متعدد کھلاڑیوں کی جانب سے شاندار انفرادی کارکردگی نظر آئی ہیں۔ اگر بیٹنگ کی بات کی جائے تو اب تک اس سیزن میں 2 سنچریاں اور 28 نصف سنچریاں بنائی گئیں ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے نے پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے آخری اور رواں سیزن میں اپنے پہلے میچ میں لاہور قلندرز کے خلاف کھیلتے ہوئے سنچری اسکور کی اور 116 رنز بنائے۔
اسی طرح 30 جنوری کو کراچی کنگز کے خلاف کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز کے بلے باز فخر زمان نے بھی سنچری بنائی اور 106 رنز اسکور کیے، یہ پی ایس ایل کے رواں سیزن کی پہلی سنچری بھی تھی۔
فخر زمان اور جیسن رائے کی یہ اننگز پی ایس ایل سیزن 7 میں اب تک کی سب سے بڑی انفرادی اننگز بھی ہیں۔ فخر زمان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے احسن علی نے اب تک سب سے زیادہ 3، 3 نصف سنچریاں بھی اسکور کی ہیں۔
سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ
پی ایس ایل سیزن 7 میں اب تک سب سے زیادہ چکھے لگانے کا ریکارڈ ملتان سلطانز کے ٹم ڈیوڈ کے پاس ہے جنہوں نے 5 اننگز میں 15 چھکے لگائے ہیں۔ ان کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان کا نمبر ہے جنہوں نے 4 اننگز میں 14 چھکے لگائے ہیں۔ سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے بازوں میں تیسرا نام لاہور قلندرز کے فخر زمان کا ہے جنہوں 5 اننگز میں 13 چھکے لگائے ہیں۔
مجموعی طور پر سب سے زیادہ اسکور
اگر مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو پی اسی ایل میں اب تک مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز لاہور قلندرز کے فخر زمان نے بنائے ہیں۔ انہوں نے 5 میچوں میں 71.20 کی اوسط کے ساتھ اب تک 356 رنز اسکور کیے ہیں۔
فخر زمان کے بعد ملتان سلطانز کے شان مسعود کا نمبر ہے جنہوں نے 5 میچوں میں 55 کی اوسط سے اب تک 275 رنز اسکور کیے ہیں۔
اس فہرست میں تیسرا نام ملتان سلطانز ہی کے محمد رضوان کا ہے جنہوں نے 5 میچوں میں 53.75 کی اوسط سے 215 رنز بنائے ہیں جبکہ ان کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے احسن علی ہیں جنہوں نے 5 میچوں میں 52.75 کی اوسط سے 211 رنز اسکور کیے ہیں۔
سب زیادہ رنز اسکور کرنے والوں میں پانچواں نمبر کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم کا ہے جنہوں 5 میچوں میں 48.5 کی اوسط کے ساتھ 194 رنز اسکور کیے ہیں۔
سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز
پی ایس ایل سیزن 7 کے ان ابتدائی 15 میچوں اگر مجموعی طور پر حاصل کی گئی وکٹوں کی بات کریں تو اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 5 میچوں میں 8.57 کی اوسط سے 14 وکٹیں لی ہیں۔
اس فہرست دوسرا نام ملتان سلطانز کے عمران طاہر کا ہے جنہوں نے 5 میچوں میں 13.20 کی اوسط سے 10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
تیسرا نام بھی ملتان سلطانز ہی کے خوشدل شاہ کا ہے جنہوں نے 8.11 کی اوسط سے 9 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ایک اننگ میں بہترین باؤلنگ کارکردگی
اگر کسی ایک اننگ میں بہترین باؤلنگ کارکردگی کو دیکھا جائے تو اس میں پہلا نام کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نسیم شاہ کا ہے جنہوں نے 29 جنوری کو کراچی کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں 20 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
اس فہرست میں دوسرا نمبر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا ہے جنہوں نے 3 فروری کو کوئٹہ کے خلاف میچ میں 28 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
لیگ کا دوسرا مرحلہ
پی ایس ایل سیزن 7 کا دوسرا مرحلہ اب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 10 فروری سے شروع ہوگا جس میں لیگ کے بقیہ 15 میچ کھیلے جائیں گے۔ ان گروپ میچوں کے علاوہ اسی مقام پر کوالیفائر، دونوں ایلیمنیٹر اور فائنل بھی کھیلے جائیں گے۔ یوں 27 فروری 2022ء کو پاکستان کا سب سے بڑا بین الاقوامی ٹی20 ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگا۔