• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

سعودی عرب کی پاکستانی عمرہ زائرین کیلئے سفری پابندیوں میں نرمی

شائع February 9, 2022
عمرہ زائرین کے لیے نئی ہدایات کا اطلاق 16 فروری سے ہوگا — فوٹو: حرمین ٹوئٹر
عمرہ زائرین کے لیے نئی ہدایات کا اطلاق 16 فروری سے ہوگا — فوٹو: حرمین ٹوئٹر

پاکستان نے ایک روز میں ویکسین کی 20 لاکھ سے زائد خوراکیں لگا کر کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا جبکہ سعودی عرب نے وبا سے متعلق ہدایات پر نظر ثانی کرتے ہوئے عمرے کی سعادت حاصل کرنے والے پاکستانیوں کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک اور پیش رفت کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں 5.34 فیصد کمی آئی ہے، گزشتہ روز 3 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستان سے جانے والے عمرہ زائرین کے لیے جاری کردہ نئی ہدایات کے مطابق مسافروں کو روانگی کے وقت صرف منفی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ ظاہر کرنی ہوگی، یہ لازمی ہے کہ ٹیسٹ رپورٹ 48 گھنٹے سے زیادہ پرانی نہ ہو۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق عمرہ کرنے والے زائرین کی ویکسین اور قوت مدافعت سے قطع نظر نئی ہدایات کا اطلاق 16 فروری سے ہوگا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب نے عمرہ کے لیے 14 روز کا انتظار ختم کردیا

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جاری کردہ دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں شہریوں کو 7 ویکسین سائنو فارم، سائنو ویک، پاک ویک یا کین سائنو، فائزر، ایسٹرازینیکا، موڈرنا اور اسپوتنک لگائی جارہی ہیں۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی آبادی کے 68 فیصد یعنی 22 کروڑ 85 لاکھ 67 ہزار 704 میں سے 15 کروڑ 36 لاکھ 15 ہزار 747 افراد ویکسین کے اہل ہیں۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ویکسین کی 20 لاکھ 17 ہزار 179 خوراکیں لگائی گئیں جبکہ 11 کروڑ 14 لاکھ 8 ہزار 710 افراد ویکسین کی خوراک حاصل کر چکے ہیں، جن میں سے 8 کروڑ 70 لاکھ 52 ہزار 879 افراد مکمل طور پر ویکسینٹڈ ہیں۔

علاوہ ازیں بوسٹر شاٹس لگوانے والوں کی تعداد 31 لاکھ 14 ہزار 587 ہے۔

ملک میں ایک دن کے دوران 20 لاکھ خوراکیں لگائے جانے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹوئٹ کیا کہ ’گزشتہ روز پاکستان میں سب سے زیادہ تعداد میں ویکسین لگائی گئی‘۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا عمرہ زائرین کے لیے نئے کرایوں اور قوانین کا اعلان

گزشتہ روز ویکسین کی 20 لاکھ سے زائد خوراکیں لگائے جانے پر انہوں نے شہریوں کو سراہا۔

تاہم این سی او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 799 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، اس کے علاوہ ایک ہزار 668 مریض تشویش ناک حالت میں ہے۔

ملک کے بڑے شہروں میں روز کی بنیاد پر رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے اور کراچی، لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے کم جبکہ ملک کے شمالی حصوں میں مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے زائد ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں جہاں کئی ہفتوں سے کورونا وائرس کے 40 فیصد کیسز رپورٹ ہو رہے تھے گزشتہ روز یہاں مثبت کیسز کی شرح 7.65 فیصد رہی، اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح 8.53، لاہور میں 4.19، اور راولپنڈی میں 2.36 فیصد رہی جبکہ فیصل آباد میں 2.2 فیصد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک میں سب سے زیادہ کیسز پشاور میں رپورٹ ہوئے جہاں 22.39 فیصد نمونوں کے مثبت نتائج سامنے آئے، گلگت بلتستان میں 19.63 فیصد، مردان میں 19.24 فیصد، نوشہرہ میں 15.48 فیصد، حیدر آباد میں 15.08 فیصد، ایبٹ آباد میں 12.44 فیصد اور میرپور میں 10.61 فیصد مثبت کیسز سامنے آئے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024