• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

جنوری میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں رقوم کی آمد 38 فیصد بڑھ گئی

شائع February 8, 2022
جنوری میں 3 لاکھ 42 ہزار 611 نئے آر ڈی اے اکاؤنٹ کھولے گئے— فوٹو: شٹر اسٹاک
جنوری میں 3 لاکھ 42 ہزار 611 نئے آر ڈی اے اکاؤنٹ کھولے گئے— فوٹو: شٹر اسٹاک

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بینکاری کی سہولت فراہم کرنے والے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ( آر ڈی ایز) کے تحت جنوری میں 22 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ملک میں منتقل کیے، جو گزشتہ ماہ سے 9 فیصد کم ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیاد پر آر ڈی اے کے ذریعے منتقل ہونے والی رقم میں ماہانہ اعتبار سے 38 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسمٰعیل اقبال سیکیورٹیز کے ریسرچ کے سربراہ فہد رؤف کا کہنا ہے کہ 'آر ڈی اے سے رقم کی آمد کا سلسلہ تسلی بخش رہا ہے، لیکن اس میں کمی واضح ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اس ضمن میں نئے اکاؤنٹ کھلوانے کی رفتار میں بھی کمی دیکھی جارہی ہے‘۔

جنوری میں 3 لاکھ 42 ہزار 611 نئے آر ڈی اے اکاؤنٹ کھولے گئے، جو گزشتہ ماہ کے مقابلے 6.2 فیصد زیادہ ہیں۔

مزید پڑھیں: روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 14 ماہ کے دوران 2 ارب 72 کروڑ ڈالر کی آمد

فہد رؤف کا کہنا تھا کہ مرکزی بینک نیا پاکستان سرٹیفیکیشن (این پی سی) پر بھی شرح منافع بڑھانے پر غور کر رہا ہے، اس اقدام سے آر ڈی اے سے رقوم کی آمد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں ڈالر، روپیہ، یورو اور پاؤنڈز جیسے خود مختار آلات شامل ہیں جو روایتی اور شرعی دونوں صورتوں میں دستیاب ہیں، جس پر منافع دیگر بانڈ کے مقابلے میں زیادہ پر کشش ہے مثال کے طور پر 12 ماہ کے سرٹیفکیٹ پر ڈالر کا منافع 6.5 فیصد ہے۔

ستمبر 2020 میں آر ڈی اے کے آغاز کے بعد سے رواں برس جنوری کے اختتام تک ان اکاؤنٹس سے مجموعی طور پر 3 ارب 38 کروڑ ڈالر کے فنڈز موصول ہوچکے ہیں، جس میں سے 69 فیصد فنڈز نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سے آئے، اس کا مطلب ہے کہ این پی سیز میں ستمبر 2020 سے جنوری کے دوران 2 ارب 32 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔

نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں روایتی بانڈز سے ایک ارب 28 کروڑ ڈالر جبکہ اسلامک بانڈز سے ایک ارب 4 کروڑ ڈالر موصول ہوئے، اس دوران اسٹاک میں 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی آمد ہوئی۔

دریں اثنا گزشتہ روز اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ بیان میں گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ آر ڈی ایز بیرون ملک اور خاص طور پر سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ’ایک بڑی کامیابی‘ ہے۔

مزید پڑھیں: روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں آنے والی رقوم ایک ارب 87 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں

ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے منعقدہ سیشن سے خطاب میں ڈاکٹر رضا باقر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ آر ڈی اے کھلوائے اور ملک میں 175 ممالک میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے سب سے زیادہ رقم جمع کرانے والوں میں دوسرے نمبر پر رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان میں اپنا اکاؤنٹ کھلوا سکتے ہیں اور مکمل طور پر ڈیجیٹل عمل کے ذریعے اپنی بچت اور سرمایہ کاری کی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔

ایس بی پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارشد محمود بھٹی نے آر ڈی اے اور اس سے متعلق دیگر شعبہ جات این پی سیز، روشن اپنی کار، روشن سماجی خدمت اور روشن اپنا گھر پر تفصیلات فراہم کیں، جس کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی بینک فنانسنگ کے ذریعے یا اپنے فنڈز سے ’باآسانی‘ جائیداد خرید سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024