• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عمران نیازی سے چھٹکارا حاصل کرنا قومی فرض ہے، حمزہ شہباز

شائع February 8, 2022
مسلم لیگ(ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ ملکی معاملات میں اپنی انا کو ترجیح دیتے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
مسلم لیگ(ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ ملکی معاملات میں اپنی انا کو ترجیح دیتے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

مسلم لیگ(ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی لہر دوبارہ پنپنے لگی ہے اور عمران نیازی سے چھٹکارا حاصل کرنا قومی فرض ہے، اگر اتحادیوں نے قوم کی طرف نہ دیکھا تو قوم بھی ان کی طرف نہیں دیکھے گی اور ان کا بھی حساب کرے گی۔

احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں حمزہ شہباز کے وکیل محمد اورنگزیب نے دلائل دیے۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف، حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کیس میں یکم فروری تک ضمانت

وکیل محمد اورنگزیب نے کہا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کے خلاف جرم ثابت ہونے کا کوئی امکان نہیں، الزام لگایا گیا کہ گندہ نالہ شوگر مل کو فائدہ پہنچانے کے لیے بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کے خلاف یہ مقدمہ خالصتاً بدنیتی کی بنیاد پر بنایا گیا ہے، اس مقدمے میں دو افراد کے علاوہ کسی کو ملزم نہیں بنایا گیا۔

وکیل نے موقف اپنایا کہ گندہ نالہ بنانے کے لیے سارا عمل طریقہ کار کے مطابق مکمل کیا گیا لیکن کسی اور شخص کو ملزم نامزد نہیں کیا گیا البتہ حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد انہیں دوبارہ گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز پر اس مقدمے میں معاونت اور اعانت کا الزام لگایا گیا لیکن رمضان شوگر مل کیس ہی نہیں بنتا تو معاونت اور اعانت ہوئی ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان شوگر مل کیس مفروضوں پر بنا ہے جس کے شواہد موجود نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز کا درخواست ضمانت پر جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

حمزہ شہباز کے وکیل بریت کی درخواست پر آج دلائل مکمل نہ کرسکے جس پر احتساب عدالت نے پندرہ فروری کو حمزہ شہباز کے وکیل کو دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

سماعت کے بعد حمزہ شہباز نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان شہید ہوئے ہیں، ناصرف شہدا بلکہ ان کی ماؤں کو دونوں ہاتھوں سے سلام پیش کرتا ہوں، اللہ اس نازک دور میں پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں ہم نے کامیابی حاصل کی تھی لیکن آج ملک میں دہشت گردی دوبارہ پنپنے لگی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اپنی جماعت کے لوگوں کو اکٹھا نہیں کر سکتے تو قوم کو کہاں سے اکٹھا کر سکتے ہیں، یہ ملکی معاملات میں اپنی انا کو ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرمناک شرائط مان لی گئیں، اب آئی ایم ایف نے مزید شرائط رکھ دی ہیں، جب قرضہ لینا تھا تو انہوں نے وقت ضائع کر دیا اور انہیں چھ ماہ بعد یاد آتا ہے۔

مزید پڑھیں: شوگر اسکینڈل: شہباز شریف، حمزہ شہباز 16 ارب روپے کی ٹریل دینے میں ناکام رہے، ایف آئی اے

حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیر اعظم بولتے پہلے ہیں اور سوچتے بعد میں ہیں، اس قوم کو انہوں نے جو سبز باغ دکھائے وہ اللہ نے بے نقاب کر دیے، انہوں نے عوام کو جھانسہ دیا اور آج لوگ روٹی کو ترس گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی سے چھٹکارا حاصل کرنا قومی فرض ہے اور میں حکومت کے اتحادیوں سے کہتا ہوں کہ آپ اتحاد کی طرف نہ دیکھیں، آپ پاکستانی قوم کی طرف دیکھیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آپ نے پاکستانی قوم کی طرف نہ دیکھا تو قوم بھی آپ کی طرف نہیں دیکھے گی اور آپ کا بھی حساب کرے گی۔

اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کرتوتوں کی وجہ سے حکومت کو خوفزدہ ہونا چاہیے، ملک میں تباہی اور کرپشن ہے جبکہ انہوں نے غریب آدمی کو تباہ حال کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز، حمزہ کیس: ایف آئی اے کو انکوائری رپورٹ جمع کرانے میں تاخیر پر شوکاز نوٹس جاری

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی آسمانوں سے بات کر رہی ہے اور کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، کرپشن میں نہیں کہہ رہا بلکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کہہ رہی ہے۔

اس موقع پر ان سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا حکومت گھر چلی جائے گی تو انہوں نے کہا کہ یہ تو اللہ تعالیٰ کو پتہ ہے لیکن ہماری پوری کوشش ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024