’ارطغرل غازی‘ کی ’گوکچہ خاتون‘ کے شوہر کا طلاق کیلئے عدالت سے رجوع
پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اختتام پذیر ہوجانے والے ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں ’گوکچہ خاتون‘ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ بورجو کیراتلی کے شوہر نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
بورجو کیراتلی نے گزشتہ برس فروری میں دیرینہ دوست اور پہلے شوہر رہنے والے گلوکار سنان اکسل سے دوسری بار شادی کی تھی۔
تاہم اب ایک بار پھر دونوں کے درمیان شادی کے ایک سال بعد اختلافات کی خبریں سامنے آئی ہیں اور اطلاعات ہیں کہ اداکارہ کے شوہر نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
ترک خبر رساں ادارے ’حریت‘ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ گلوکار و اداکار سنان اکسل نے استنبول کی فیملی کورٹ میں طلاق کے لیے درخواست دائر کردی۔
گلوکار نے طلاق کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے درمیان شوہر اور بیوی والے معاملے نہیں رہے، اس لیے اب وہ طلاق کے خواہاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گلوکار سنان اکسل نے عدالت سے طلاق کی دیگر وجوہات خفیہ رکھنے کی اپیل بھی کی۔
سنان اکسل کی جانب سے طلاق کی درخواست دائر کرنے کے بعد استنبول کی مقامی عدالت نے دونوں کے درمیان کشیدہ معاملات کی تفتیش شروع کردی ہے، جس کے بعد عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ارطغرل ڈرامے کی 'گوکچہ خاتون' شادی کے بندھن میں بندھ گئیں
سنان اکسل کی جانب سے ایک ایسے وقت میں طلاق کی درخواست دائر کیے جانے کی خبر سامنے آئی ہے جب کہ ان کی اہلیہ اداکارہ بورجو کیراتلی نے حال ہی میں انسٹاگرام پر اپنے نام سے شوہر کا نام ہٹایا تھا۔
دونوں نے فروری 2021 میں کورونا کی وبا کے دونوں میں ترک صوبائی وزیر، سیاستدانوں، اداکاروں اور انتہائی قریبی رشتے داروں کی موجودگی میں سادگی سے شادی کی تھی۔
گزشتہ برس شادی کرنے سے قبل دونوں کے درمیان 2019 میں طلاق ہوگئی تھی۔
بورجو کیراتلی اور سنان اکسل نے پہلی بار دسمبر 2018 میں کافی عرصے تک تعلقات میں رہنے کے بعد شادی کی تھی اور ان کی پہلی شادی محض 9 ماہ ہی چلی تھی۔
خبریں ہیں کہ دونوں کے درمیان بچے کی پیدائش پر اختلافات تھے، اداکارہ فوری طور پر بچے نہیں چاہتی تھیں۔
حال ہی سنان اکسل نے ترک میڈیا کو بتایا تھا کہ وہ ایک گھر میں رہتے ہوئے بھی ایک دوسرے سے واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بات کرتے ہیں، ان کے درمیان کوئی جسمانی تعلق نہیں۔
گلوکار نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایک ہی گھر میں ہونے کے باوجود دس دس دن تک اہلیہ کو نہیں دیکھ پاتے۔
بورجو کیراتلی نے ’ارطغرل غازی میں ’گوکچہ خاتون‘ کا کردار ادا کیا جو کہ دوسرے معروف کردار ’سلجان خاتون‘ کی چھوٹی بہن کا ہوتا ہے۔
ڈرامے میں ’گوکچہ خاتون‘ کی پیدائش ’ارطغرل‘ کی والدہ کے ہاتھوں میں ہوتی ہے اور جوان ہوکر وہ ’ارطغرل‘ کو پسند کرنے لگتی ہے۔
بورجو کیراتلی کی پیدائش 23 جولائی 1989 کو استنبول میں ہوئی اور بصری مواصلاتی ڈیزائن میں گریجویشن کیا، تعلیمی سرگرمیوں کے دوران کئی ڈراموں اور مختصر فلموں میں بھی کام کیا۔
تاہم باقاعدہ طور ہر 2010 میں ایک ٹی وی سیریل سے اداکاری کا آغاز کیا اور ارطغرل کے ذریعے مزید شہرت حاصل کی۔