• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ایس ایل کا دوسرا مرحلہ، 16 فروری سے تماشائیوں کی 100 فیصد گنجائش کی اجازت

شائع February 7, 2022
مکمل گنجائش بحال ہونے پر 12 سال سے کم عمر بچوں کو بھی اسٹیڈیم آنے کی اجازت ہوگی — فائل فوٹو: اے ایف پی
مکمل گنجائش بحال ہونے پر 12 سال سے کم عمر بچوں کو بھی اسٹیڈیم آنے کی اجازت ہوگی — فائل فوٹو: اے ایف پی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کے لیے 16 فروری سے اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی 100 فیصد گنجائش کی اجازت دے دی۔

این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں ہوا، جس میں وبا سے متعلق اعداد و شمار، قومی ویکسی نیشن مہم کی پیش رفت، صحت سے متعلق احتیاطی اقدامات اور پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فورم نے پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے کے لیے 15 فروری تک مکمل ویکسینیٹڈ تماشائیوں کی اسٹیڈیم میں 50 فیصد گنجائش کی اجازت دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں 3 روز کے دوران 50 لاکھ کورونا ویکسینز لگانے کا ریکارڈ

اس کے بعد 16 فروری سے مکمل ویکسینیٹیڈ افراد کو 100 فیصد گنجائش کے ساتھ اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی جس میں 12 سال سے کم عمر بچے بھی اسٹیڈیم آسکیں گے۔

یہاں یہ بات مدِنظر رہے کہ ’اومیکرون‘ ویرینٹ کے پھیلاؤ کے سبب ملک میں کورونا کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

این سی او سی نے اس کے پیشِ نظر پی ایس ایل کے کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے مرحلے کے دوران تماشائیوں کی صرف 25 فیصد گنجائش کی اجازت دی تھی جبکہ 12 سال سے کم عمر بچوں کے اسٹیڈیم میں داخل ہونے پر پابندی تھی۔

ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹنگ

اس کے ساتھ این سی او سی نے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے 8 فروری سے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹنگ (آر اے ٹی) کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں گھر گھر کورونا ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا اعلان

البتہ زمینی سرحدوں سے پاکستان میں داخل ہونے والے غیر ویکسینیٹڈ افراد اور بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کے لیے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ ملک میں گھر گھر ویکسی نیشن مہم کے بعد سے گزشتہ 4 روز سے یومیہ ریکارڈ تعداد میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جارہی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 18 لاکھ 42 ہزار 955 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔

اب تک ملک میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسینز کی 18 کروڑ 59 لاکھ 16 ہزار 838 خوارکیں لگائی جاچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اومیکرون کی تیزی سے پھیلنے والی ذیلی قسم کے بارے میں نیا انکشاف

یوں ملک کی مجموعی آبادی کا 38 فیصد جبکہ ویکسی نیشن کے لیے اہل آبادی کے فیصد افراد مکمل ویکسینیٹڈ ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب ملک میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز میں بھی بڑی حد تک کمی آگئی ہے اور گزشتہ گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 338 کیسز سامنے آئے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے 44 ہزار 779 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں کیسز مثبت آنے کی شرح 7.45 فیصد رہی۔

علاوہ ازیں مزید 38 افراد وبا کے باعث دم توڑ گئے جبکہ ایک ہزار 684 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

اب تک پاکستان میں 14 لاکھ 63 ہزار 111 کورونا کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جس میں 29 ہزار 516 افراد وبا سے انتقال کر گئے جبکہ 13 لاکھ 44 ہزار 403 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

اس وقت پاکستان بھر میں کورونا کیسز کے فعال کیسز کی تعداد 89 ہزار 192 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024