• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

چینی سرمایہ کاروں نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی پر اظہار اطمینان کیا، خالد منصور

شائع February 7, 2022
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور اسلام آباد میں پریس کانفرنس  کر رہے تھے— فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہے تھے— فوٹو: ڈان نیوز

معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاروں نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں خالد منصور کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے دوران چینی صدر سے ون آن ون اہم ملاقات کی، ملاقات کے دوران سی پیک سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم اور چینی صدر کی ملاقات مثبت رہی۔

انہوں نے کہا کہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، سی پیک پر کام میں سست روی کا تاثر غلط ہے، سی پیک اتھارٹی ون ونڈو آپریشن کے تحت چینی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دورہ چین کے دوران 20 سے زائد اجلاسوں کی صدارت کی، اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق گفتگو کی۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی چینی صدر سے ملاقات، امن واستحکام کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

خالد منصور نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں نے وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر وزیر اعظم عمران خان نے چینی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سی پیک اتھارٹی کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم ہاؤس آپ کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ منصوبوں پر تاخیر سے متعلق چینی سرمایہ کاروں کے تحفظات تھے جن کو وزیر اعظم نے سنا اور فوری طور پر ان تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہائی کرائی جس پر چینی سرمایہ کاروں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ وزیر اعظم کی سربراہی میں 19 اہم ملاقاتیں ہوئیں، ملاقات کرنے والے وفود میں چین کی صف اول کی سرمایہ کار کمپنیوں کے افراد شامل تھے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا دورہ چین کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کے دوران زیر بحث آنے والے منصوبوں کے حوالے سے باقاعدہ تیاری کی گئی تھی، اس مقصد کے لیے ہم نے ایک کتاب تیار کی جس میں اعداد و شمار کے ساتھ بتایا گیا تھا کہ پاکستان کے پاس دیگر ممالک سے بہتر سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم 4 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ کئی چینی کمپنیوں کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران آئی ٹی، آرٹیفشل انٹیلیجنس آلات، زراعت، لائیو اسٹاک، مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا اور مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

خالد منصور نے کہا کہ ایک بڑی چینی کمپنی پہلے مرحلے میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے 5 ہزار گھر وزیر اعظم کے ہاؤسنگ منصوبے کے مطابق شروع کرے گی، جبکہ چائنا الیکٹرک کمپنی مزید پاور پلانٹ میں 2 سے 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔

معاون خصوصی سی پیک نے بتایا کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں موبائل فونز کے اسپئر پارٹس بھی تیار کریں گی، جبکہ ایک چینی کمپنی کے ساتھ ایک منصوبے کے تحت کراچی کی مچھر کالونی جدید ترین رہائشی منصوبے میں تبدیل ہوگی، کراچی کوسٹل ڈیولپمنٹ منصوبے کے لیے کے پی ٹی چینی کمپنی کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024