• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

پاکستان میں 3 روز کے دوران 50 لاکھ کورونا ویکسینز لگانے کا ریکارڈ

شائع February 7, 2022
سربراہ این سی او سی اسد عمر نے بتایا ہے کہ مسلسل تین دن کے دوران  کووڈ 19 ویکسین کی 50 لاکھ سے زیادہ خوراکیں دے کر پاکستان نے تاریخ رقم کر دی ہے—فائل فوٹو:رائٹرز
سربراہ این سی او سی اسد عمر نے بتایا ہے کہ مسلسل تین دن کے دوران کووڈ 19 ویکسین کی 50 لاکھ سے زیادہ خوراکیں دے کر پاکستان نے تاریخ رقم کر دی ہے—فائل فوٹو:رائٹرز

پاکستان نے محض تین روز کے دوران کووڈ 19 ویکسینز کے 50 لاکھ سے زائد ٹیکے لگا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک میں یومیہ ریکارڈ تعداد میں ٹیکے لگانے سے متعلق اعلان وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں گھر گھر کورونا ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا اعلان

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ مسلسل 3 روز کے دوران یومیہ ویکیسن کی ریکارڈ تعداد میں ٹیکے لگائے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ این سی او سی کی ڈیزائن کردہ ملک بھر میں جاری موبائل ویکسینیشن مہم پر تمام صوبوں کی مدد سے عمل درآمد کیا جارہا ہے اور یہ مہم شاندار نتائج دے رہی ہے۔

سربراہ این سی او سی اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ مہم کا ہدف تمام شہریوں تک رسائی حاصل کرنا ہے تاکہ ہم آخر کار کورونا وبا سے متعلقہ تمام پابندیوں کو ختم کر سکیں۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ کے روز کورونا ویکسین کی 17 لاکھ 40 ہزار 554 خوراکیں، جمعہ کے روز 17 لاکھ 34 ہزار 514 خوراکیں اور جمعرات کے روز 16 لاکھ 64 ہزار 560 افراد کو ٹیکہ لگایا گیا تھا، آج کی تاریخ تک 7 ویکسینز کی 18 کروڑ 40 لاکھ 73 ہزار 883 خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی 2 کروڑ سے زائد اہل آبادی کی ویکسینیشن اب تک نامکمل

ڈان کو موصول دستاویزات میں ملک بھر میں 29 ہزار 478 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں، مرنے والوں میں سے 61 فیصد مرد شہری تھے، وائرس کا شکار ہونے والے شہریوں کی عمر دو ماہ سے لے کر 100 سال سے زیادہ تھی جبکہ اوسط عمر 62 سال تھی۔

وائرس کا شکار ہو کر مرنے والے 78 فیصد افراد کی عمریں 50 سال سے زیادہ تھیں اور 69 فیصد افراد کو ایک سے زائد مستقل بیماری تھی، مرنے والے تقریباً 91 فیصد مریض ہسپتال میں داخل رہے اور اوسط کے لحاظ سے تقریبا 6.5 دن ہسپتال میں داخل رہے، ہسپتال میں داخل ہونے والے تقریباً 44 فیصد مریض وینٹی لیٹرز پر رہے اوران مریضوں کا اوسطاً قیام 3.2 دن رہا۔

کورونا وائرس سے صحت کے شعبے سے وابستہ ورکروں میں 174 اموات رپورٹ ہوئیں، جن میں سے 103 ڈاکٹر، ایک میڈیکل کا طالب علم، چار نرسیں اور 66 پیرا میڈیکس کورونا وائرس کا شکار ہوکر زندگی کی بازی ہار گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 44 ہزار 7 سو 79 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3 ہزار 3 سو 38 ٹیسٹس کی رپورٹ مثبت آئی۔

این سی او سی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اعداو شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.45فیصد رہی۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 38 افراد مہلک وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 16 سو 84 مریض اب بھی انتہائی نگہداشت میں زیر علاج ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024