• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ترک صدر طیب اردوان کورونا ویرینٹ اومیکرون کا شکار

شائع February 5, 2022
ترک صدر نے جمعرات کو یوکرین کا دورہ کیا تھا—فائل/فوٹو: رائٹرز
ترک صدر نے جمعرات کو یوکرین کا دورہ کیا تھا—فائل/فوٹو: رائٹرز

ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کا شکار ہوگئے ہیں۔

خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں طیب اردوان بتایا کہ ان کا کووڈ-19 کے ویرینٹ اومیکرون کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترکی میں کورونا وائرس کے 19 ہزار 761 نئے کیسز سامنے آگئے

انہوں نے کہا کہ ‘میری اہلیہ نے علامات ظاہر ہونے پر کووڈ-19 کا ٹیسٹ کروایا تھا اور ٹیسٹ مثبت آگیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں کا اومیکرون وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

ترک صدر نے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم گھر سے اپنا کام جاری رکھیں گے اور آپ دعا کریں’۔

ترکی کی حکمران جماعت اے کے پی کے وزرا اور اپوزیشن رہنماؤں نے طیب اردوان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

اس سے کچھ دیر قبل ہی طیب اردوان نے شمالی صوبے زونگولدک میں ٹنل اور روڈ کی افتتاحی تقریب سے ویڈیولنک کے ذریعے براہ راست خطاب کیا تھا۔

خیال رہے کہ ترک صدر نے جمعرات کو یوکرین کا دورہ کیا تھا جس کا مقصد یوکرینی صدر ولادیمیرزیلینسکی سے مذاکرات کرنا تھا۔

انہوں نے یوکرینی صدر زیلینسکی اور روس کے صدر ویلادیمیر پیوٹن کے درمیان ملاقات کی میزبانی کی پیش کش بھی کی۔

وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کی جلد صحت یاب کی دعا کرتے ہوئے ٹوئٹ میں کہا کہ ‘مجھے ابھی ابھی برادرم رجب طیب اردوان اور محترمہ امینہ اردوان میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کی تشخیص کا علم ہوا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں، میری حکومت اور پاکستان کے عوام ان کی شفائے کاملہ و عاجلہ کے لیےدعاگو ہیں’۔

رجب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

ترک صدر نے کہا کہ میرے دوست عمران خان کا شکریہ کہ انہوں نے میرے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے آپ اور آپ کے خاندان اور پاکستان کے برادر عوام کےلیےنیک تمنائیں۔

خیال رہے کہ ترکی کووڈ-19 سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دنیا کے اہم ممالک میں شامل ہے جہاں اب تک ایک کروڑ 20 لاکھ 51 ہزار 852 سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، این سی او سی کا پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ

ترکی میں کورونا کے باعث 88 ہزار 312 افراد جاں بحق ہوئے۔

بین الاقوامی سطح پر کورونا وائرس کے اعداد وشمار ترتیب دینے والی ویب سائٹ کے مطابق ترکی میں اب تک ایک کروڑ 12 لاکھ 56 ہزار 942 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ترکی میں اس وقت 7 لاکھ 6 ہزار 598 فعال کیسز ہیں، جن میں سے ایک ہزار 128 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں اب رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 39 کروڑ 25 لاکھ 11 ہزار 6 تک پہنچ گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 57 لاکھ 46 ہزار 964 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر میں 31 کروڑ 11 لاکھ 846 افراد صحت یاب بھی ہوئے جبکہ اس وقت 7 کروڑ 56 لاکھ 63 ہزار 196 کیسز فعال ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024