• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

نواز شریف کی سیاست نسلہ ٹاور، پیپلز پارٹی کی تجوری ہائٹس کی طرح گرے گی، شیخ رشید

شائع February 5, 2022
ان کا کہنا تھا کہ بھارت چاہے واہگہ اور سیاچن پر اپنی افواج اتار دے، پاکستان اپنا دفاع کر سکتا ہے— فوٹو: ڈان نیوز
ان کا کہنا تھا کہ بھارت چاہے واہگہ اور سیاچن پر اپنی افواج اتار دے، پاکستان اپنا دفاع کر سکتا ہے— فوٹو: ڈان نیوز

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ تمام گندے انڈے جمع ہوکر اسلام آباد آئیں سب کو ایک ٹھوکر میں ہی مار گرائیں گے جبکہ نواز شریف کی سیاست نسلہ ٹاور اور پیپلز پارٹی کی تجوری ہائٹس کی طرح گرے گی۔

راولپنڈی میں کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جب پاکستان اور کشمیر کے تعلق کی تاریخ لکھی جائے گی تو یہ رشتہ لال حویلی سے شروع ہوگا اور لال چوک سری نگر پر ختم ہوگا اور دنیا میری قبر پر آکر کہے گی کہ ایک شخص تھا جس نے کشمیر کی آزادی کا حق ادا کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج عمران خان کے ساتھ اسی وجہ سے ہیں کیونکہ وہ کوشش کر رہا ہے کہ شہریوں کو مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل سے نجات ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سیاست نسلہ ٹاور اور پیپلز پارٹی کی سیاست تجوری ہائٹس کی طرح گرے گی، مولانا فضل الرحمٰن صاحب قابل احترام اور عالم دین ہیں، آپ سب اسلام آباد آئیں۔

مزید پڑھیں: حکومت سے کسی کا ہاتھ نہیں ہٹا، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بالکل ٹھیک ہیں، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ سارے گندے انڈے جمع ہوکر اسلام آباد آئیں ایک ہی ٹھوکر میں آپ کو مار گرائیں گے۔

وزیر داخلہ نے اپوزیشن سے کہا کہ یہ آپ کی سیاست کے آخری ایام ہیں، اسلام آباد میں جہاں بھی آنا ہیں آئیں۔

انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ جو مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے یہ ان ہی چوروں کی وجہ سے ہوا ہے جو ملک کی دولت لوٹ کر باہر لے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھ پر ایسا وقت آتا ہے تو میں اڈیالہ جیل میں پھانسی پر لٹکنا پسند کروں گا، جعلی میڈیکل سرٹیفیکیٹ دے کر ملک سے نہیں بھاگوں گا۔

’پاکستان کا بچہ بچہ اپنا دفاع کرنا جانتا ہے‘

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت چاہے واہگہ اور سیاچن پر اپنی افواج اتار دے، پاکستان اپنا دفاع کر سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) 3 گروپس میں تقسیم ہوگی، شیخ رشید کی نئی پیش گوئی

انہوں نے جوہری طاقت ہونے کی یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہم نے یہ پھلجھڑیاں، شب بارات اور دیوالی کے لیے نہیں بلکہ ملک کے دفاع کے لیے رکھی ہوئی ہیں، اس قوم کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ مل کر ملک اور دین کے دشمن کے خلاف اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارتی میڈیا صرف دو لوگوں پر بحث کرتا ہے یا عمران خان یا شیخ رشید، اس لیے آج میں ٹیلی ویژن پر کہنا چاہتا ہوں کہ میں پاکستان کا سپاہی ہوں اور میری دعا ہے اللہ مجھے پاک فوج کے ساتھ ملک کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہونے کا مرتبہ عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 30 سال جنگ لڑ کر اپنے ملک کو آزاد کیا ہے، ہماری ہمدریاں بھارت اور کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی پاکستان میں ملک کو نقصان پہنچانے والی طاقتیں موجود ہیں لیکن پاکستان کی مسلح افواج پنجگور، مستونگ سمیت پورے ملک میں انہیں شکست دے رہی ہیں۔

’راولپنڈی اپنی تعلیم سے جانا جائے گا‘

شیخ رشید نے کہا کہ یہ شہر شریفوں کا شہر ہے، یہاں کوئی بدمعاش سر اٹھا کر نہیں چل سکتا، یہاں کوئی شخص ہماری بیٹیوں کے اسکولوں، کالجوں اور یونیوسٹیوں کی طرف نہیں دیکھ سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹی پی کے بعض گروپوں سے اعلیٰ سطح پر بات ہو رہی ہے، شیخ رشید

انہوں نے راولپنڈی کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دکھ اور سکھ، دھوپ اور چھاؤں کے ساتھی ہیں، ہمیں فخر ہے کہ پاکستان نے جب بھی پکارا ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوئے۔

وزیر داخلہ نے اعلان کیا کے راولپنڈی کے حلقہ 60، 61 اور 62 میں لال حویلی سرفروشوں کے لیے 30 ہزار کارڈ جاری کرے گی تاکہ اس شہر میں تعلیم، انسانیت اور خدمت کے لیے 30 ہزار افراد کو تربیت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم ہمارا نشان ہے، ہمیں کوئی شخص فروخت نہیں کرسکتا، ہماری بیٹی پڑھی لکھی ہے، جہاں دھونس کا لفظ آئے گا وہاں میری بیٹی کا کالج اور یونیوسٹی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس شہر کی پہچان تعلیم سے بنانا چاہتے ہیں کہ جب راولپنڈی کا کوئی شہری باہر جائے تو لوگ کہیں کہ یہ تعلیم کے شہر سے آیا ہے۔

روزگار اور ملازمت کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ میں ریلوے سے وزارت داخلہ میں آگیا ورنہ میرا مشن تھا کہ میں ایم ایل ون مکمل کر کے ایک لاکھ لوگوں کو ملازمت دوں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ایل پی وعدے پورے کرے ورنہ معاملات میرے ہاتھ سے نکل جائیں گے، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ ہم ان وزرا کی طرح ہیں جو چاہتے ہیں کہ لوگوں کو روزگار ملے، ہم نے پولیس، ایف آئی اے اور دیگر اداروں پر میرٹ پر بھرتیاں کیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم عمران خان کے ساتھ اقتدار کی بھوک میں نہیں کھڑے ہیں، ہماری یہ سوچ اور ایمان ہے کہ وہ اس ملک کی حالت بدلنا چاہ رہا ہے، عمران خان بہتری چاہتا ہے۔

’ہم اپنے ہمسایوں کے ساتھ امن و امان سے زندگی گزارنا چاہتے ہیں‘

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 10 تاریخ کو اترپردیش میں انتخابات ہیں، آج وہاں مسلمانوں پر کیا بیت رہی ہے، بی جے پی نے کسی ایک مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا، آج دہلی، مظفر نگر اور بھارت کے دیگر حصوں میں بسنے والا مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ کشمیر میں مسلمانوں کے ڈومیسائل تبدیل کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایوں کے ساتھ امن و امان سے زندگی گزارنا چاہتا ہے، افغانستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے جبکہ طالبان کی کامیابی مسلمان کی کامیابی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025