• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

نادیہ خان کا شرمیلا فاروقی کے خلاف کرمنل کیس کرنے کا عندیہ

شائع February 5, 2022
دونوں خواتین کے درمیان قانونی جنگ تیز ہوگئی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں خواتین کے درمیان قانونی جنگ تیز ہوگئی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ٹی وی میزبان نادیہ خان اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کے درمیان ویڈیو بنانے کے معاملے پر قانونی جنگ مزید تیز ہوگئی۔

نادیہ خان نے شرمیلا فاروقی پر ہراساں کرنے، شہرت کو نقصان پہچانے اور نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر ہتک عزت کے دعوے سمیت ہراسانی اور کرمنل کیس کرنے کا نوٹس بھجوادیا۔

نادیہ خان نے 4 فروری کو انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ شرمیلا فاروقی نے وفاقی محتسب کے ادارے کا استعمال کیا جو کہ خالصتا کام کی جگہ پر ہراسانی کا نشانہ بننے والی خواتین کی مدد کا ادارہ ہے۔

نادیہ خان کے مطابق انہیں وفاقی محتسب کی جانب سے نوٹس بھجوایا گیا جو کہ غیر قانونی ہے، کیوں کہ مذکورہ ادارے کا کام سوشل میڈیا کے تنازع کے کیس سننا نہیں ہے۔

اداکارہ نے وفاقی محتسب کی جانب سے خود کو بھجوائے گئے نوٹس کو بھی غیر قانونی قرار دیا—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے وفاقی محتسب کی جانب سے خود کو بھجوائے گئے نوٹس کو بھی غیر قانونی قرار دیا—اسکرین شاٹ

ان کے مطابق وفاقی محتسب کا عہدہ کشمالا طارق کے پاس ہے اور مذکورہ ادارہ خالصتا عوامی ٹیکسز سے چلتا ہے، جس کا غلط استعمال کیا گیا۔

دوسری جانب ’ہائڈ سائڈ میگزین‘ نے نادیہ خان کی جانب سے شرمیلا فاروقی کو 4 فروری کو بھجوائے گئے نوٹس کی کاپی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی وی میزبان نے سیاستدان کے خلاف کرمنل کیس کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شرمیلا فاروقی کا نادیہ خان کے خلاف کارروائی کا اعلان

نادیہ خان نے سپریم کورٹ کے وکیل کی توسط سے شرمیلا فاروقی کو پانچ صفحات پر مشتمل نوٹس بھجواتے ہوئے ان سے 14 دن کے اندر معافی مانگنے اور ٹی وی میزبان کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے تمام مواد کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹی وی میزبان نے سیاستدان کو نوٹس میں بتایا ہے کہ اگر وہ 14 دن کے اندر ان کے نوٹس کا جواب نہیں دیتیں اور ان سے معافی نہیں مانگتیں تو وہ شرمیلا فاروقی کے خلاف 50 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کریں گی۔

ساتھ ہی نوٹس میں سیاستدان کو بتایا گیا ہے کہ ٹی وی میزبان ان کے خلاف لوگوں کو اکسانے پر ان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت کرمنل کیس بھی دائر کریں گی۔

مزید پڑھیں: میں نے شرمیلا فاروقی کی والدہ کی عزت کی، سمجھ نہیں آتا انہیں برا کیوں لگا؟ نادیہ خان

پانچ صفحات پر مشتمل نوٹس میں نادیہ خان کے وکیل نے ٹی وی اداکار کو پاکستان کی اوپرا ونفرے بھی قرار دیا اور کہا کہ شرمیلا فاروقی نے اداکارہ کی شہرت کو نقصان پہچانے کی کوشش کی۔

نوٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ نادیہ خان نے 1993 میں انکل سرگم کے ساتھ ٹی وی ڈیبیو کیا اور 1995 میں پہلی بار وہ ڈراموں میں دکھائی دیں۔

ساتھ ہی نوٹس میں نادیہ خان کی جانب سے جیتے گئے مختلف ایوارڈز کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

نادیہ خان کی جانب سے مذکورہ نوٹس بھجوائے جانے سے قبل یکم فروری کو شرمیلا فاروقی نے بتایا تھا کہ ان کی درخواست پر وفاقی محتسب نے نادیہ خان کو ان کے خلاف بیان بازی سے روکتے ہوئے ٹی وی میزبان کو طلب کرلیا۔

اس سے قبل 29 جنوری کو شرمیلا فارقی نے نادیہ خان کو 5 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔

جس کے بعد نادیہ خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ شرمیلا فاروقی کو 50 کروڑ کا نوٹس بھجوا رہی ہیں اور اب انہوں نے سیاستدان کو نوٹس بھجوادیا۔

شرمیلا فاروقی نے بھی نادیہ خان کے خلاف ایف آئی اے میں سائبر کرائم کی شکایت درج کروا رکھی ہے اور انہیں ہرجانے کے نوٹس بھجوا رکھے ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شرمیلا فاروقی نے بھی نادیہ خان کے خلاف ایف آئی اے میں سائبر کرائم کی شکایت درج کروا رکھی ہے اور انہیں ہرجانے کے نوٹس بھجوا رکھے ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

شرمیلا فاروقی نے 19 جنوری 2022 کو نادیہ خان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں شکایت بھی درج کروائی تھی۔

شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کے خلاف اس وقت ایف آئی اے میں شکایت درج کروائی تھی اور میزبان کے خلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا جب کہ اداکارہ کی سیاستدان کی والدہ کے ہمراہ گزشتہ ماہ جنوری میں ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں نادیہ خان کو شرمیلا فاروقی کی عمر رسیدہ والدہ سے میک اپ، لباس اور زیورات سے متعلق سوال کیے گئے مگر میزبان کا انداز تمسخر اڑانے والا تھا، جس وجہ سے ان پر خوب تنقید بھی کی گئی۔

مذکورہ معاملے پر اب دونوں خواتین نے ایک دوسرے کو نوٹس بھجوا دیے ہیں اور دونوں کے درمیان قانونی جنگ تیز ہوتی جا رہی ہے۔

اب نادیہ خان نے بھی شرمیلا فاروقی کو نوٹسز بھجوا دیے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اب نادیہ خان نے بھی شرمیلا فاروقی کو نوٹسز بھجوا دیے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024