پی ایس ایل7: کراچی کنگز فتح کی کوشش میں پھر ناکام، پشاور زلمی 9 رنز سے کامیاب
پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں میچ میں پشاور زلمی نے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی ذمہ دارانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو 9 رنز سے شکست دے دی اور یوں کراچی کنگز کی ٹیم کپتان کی بہترین اننگز کے باوجود ایک مرتبہ پھر جیت حاصل کرنے میں ناکام ہوئی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے لیگ کے 11 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی کے اوپنر حضرت اللہ زازئی نے اپنے روایتی انداز میں بیٹنگ شروع کی اور کنگز کے باؤلرز کو آڑھے ہاتھوں لیا۔
حضرت اللہ زازئی نے 27 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔
عمید آصف نے کراچی کنگز کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے حضرت اللہ زازئی کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
کامران اکمل 19 گیندوں پر 20 رنز بنا کر عمید آصف کی وکٹ بن گئے۔
حیدر علی بھی جلد ہی آؤٹ ہوئے تاہم 21 گیندوں پر 16 رنز بنا لیے۔
بین کٹنگ آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے، جو 24 رنز بنا کر عمید آصف کی وکٹ بن گئے۔
شعیب ملک نئے نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم کو معقول اسکور کی طرف گامزن کیا۔
پشاور زلمی نے20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر173رنز بنا لیے تھے۔
شعیب ملک نے 52 اور شرفین رودرفورڈ نے آؤٹ ہوئے بغیر 9 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے بیٹنگ شروع کی تو پہلی وکٹ گزشتہ میچوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اوپنر بلے باز شرجیل خان کی صورت میں گری، جب وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کو دوسرا نقصان 3 رنز پر برداشت کرنا پڑا جب صاحبزادہ فرحان بھی کھاتہ کھولے بغیر محمد عمر کی وکٹ بن گئے۔
بابراعظم کا ساتھ دینے کے لیے تیسرے نمبر پر آئن کوکبین آئے اور اسکور 77 رنز تک پہنچایا۔
عثمان قادر نے 31 رنز بنانے والے کوکبین کو پویلین بھیج کر کنگز کی چوتھی وکٹ بھی گرادی۔
کپتان بابراعظم نے اس دوران ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
کنگز کا اسکور 95 رنز تک پہنچا ہی تھا کہ حسین طلعت نے 10 رنز پر کھیلنے والے محمد نبی کو آؤٹ کردیا۔
عامر یامین نے 15 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے لیکن محمد عمر نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔
محمد عمر نے 128 کے اسکور پر کپتا وہاب ریاض کی مدد سے عماد وسیم کو صفر پر پویلین بھیج دیا۔
کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی اور میچ میں 9 رنز سے شکست کھا گئی۔
بابراعظم نے آؤٹ ہوئے بغیر 90 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ٹیم کو جتوانے میں ناکام رہے.
پشاور زلمی نے 9 رنز سے کامیابی حاصل کی اور یہ ان کی دوسری جیت ہے۔
شعیب ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.
پی ایس ایل کے رواں ایڈیشن میں اب تک کراچی کنگز کو تمام میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اپنی پہلی فتح کی کوشش میں ہے۔
پشاور زلمی نے پہلے میچ میں کامیابی ضرور حاصل کی لیکن اس کے بعد مسلسل دو میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔
میچ کے لیے پشاور زلمی نے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے عارش کی جگہ محمد عمر کو شامل کیا تھا۔
کراچی کنگز نے تین تبدیلیاں کیں، جو کلارک کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو بطور وکٹ کیپر، ٹام لیمونبی کے متبادل آئن کوکبین اور انجری مسائل سے دوچار محمد الیاس کی جگہ عمید آصف کو شامل کرلیا تھا۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔
پشاور زلمی: وہاب ریاض (کپتان)، حضرت اللہ زازئی، کامران اکمل، حیدر علی، حسین طلعت، شعیب ملک، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، محمد عمر، عثمان قادر، سلمان ارشاد
کراچی کنگز: بابراعظم (کپتان)، شرجیل خان، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، محمد نبی، آئن کوکبین، لیوس گریگوری، عماد وسیم، عامر یامین، محمد عمران، محمد طحہ، عمید آصف