• KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm
  • KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm

انڈر-19 ورلڈ کپ: پاکستانی کپتان قاسم اکرم کا ریکارڈ، سنچری کے ساتھ 5 وکٹیں

شائع February 4, 2022
قاسم اکرم کو شان دار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا — فوٹو: پی سی بی
قاسم اکرم کو شان دار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا — فوٹو: پی سی بی

پاکستان کی ٹیم انڈر-19 ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی میں ناکام رہی تاہم پانچویں پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کے کپتان قاسم اکرم ناقابل شکست سنچری کے ساتھ 5 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

انٹیگا کے سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے اپنے صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ورلڈ کپ سے متعلق چند دلچسپ معلومات

سری لنکا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو قومی ٹیم کے حق میں رہا اور پاکستانی بلے بازوں نے 50 اوورز میں شان دار بیٹنگ کی۔

پاکستان کی جانب سے محمد شہزاد اور وکٹ کیپر حسیب اللہ نے اوپننگ کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 134 رنز بنائے۔

محمد شہزاد نے 69 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی اننگز کھیلی اور راوین ڈی سلوا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد قاسم اکرم بیٹنگ کے لیے آئے اور حسیب اللہ کے ساتھ مل کر 229 رنز کی طویل شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 363 رنز تک پہنچا دیا۔

حسیب اللہ نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی اور اختتامی اوورز میں آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز 151 گیندوں پر مشتمل تھی، جس میں انہوں نے 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 136 رنز بنائے۔

قاسم اکرم کی یادگار اننگز کا سلسلہ جاری رہا اور ناقابل شکست رہتے ہوئے نہ صرف سنچری بنائی بلکہ 135 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

کپتان نے 135 رنز کی اننگز کے لیے 80 گیندوں کا سامنا کیا، جس میں 13 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔

عرفان خان نیازی آؤٹ ہونے والے تیسرے اور آخری بلے باز تھے جنہوں نے 2 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 رنز بنائے، انہیں پاتھیرانا نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 365 رنز بنائے۔

قاسم اکرم کا رنز بنانے سلسلہ رکا اور وکٹیں لینے کا موقع ملا تو سری لنکا کے باؤلرز کے بعد بلے بازوں کے نشانے لینے شروع کردیے۔

سری لنکا کے اوپنر چمندو وکرامسنگھے کو کھاتہ کھولنے کی مہلت بھی نہ دی اور دوسرے اوپنر پاوان پتھیراجا کو ایک اور شیون ڈینئیل کو صرف 5 رنز بنانے کا موقع فراہم کیا۔

قاسم اکرم نے ریکارڈ آل راؤنڈ کارکردگی کے دوران سری لنکا کے ٹاپ آرڈر کو پویلین بھیج دیا اور ابتدائی پانچوں وکٹیں اپنے نام کرلیں۔

سری لنکا کے صرف 3 بلے باز دوہرے ہندسے کو عبور کر پائے اور پاکستان کے دیگر باؤلرز نے اپنے کپتان کا ساتھ نبھاتے ہوئے حریف ٹیم کو 127 رنز پر آؤٹ کرکے 238 رنز کی شان دار فتح حاصل کی۔

قاسم اکرم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قاسم اکرم کی ریکارڈ کارکردگی پر انہیں سوشل میڈیا پر دنیا بھر کے شائقین کرکٹ اور پاکستانیوں نے داد دی اور ناقابل فراموش کارنامہ قرار دیا۔

آئی سی سی نے ٹوئٹر پر قاسم کے ریکارڈ پر لکھا کہ انڈر-19 کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلا کھلاڑی ہے، جس نے ایک ہی میچ میں سنچری بنائی اور 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو نے ٹوئٹ میں کہا ‘ناقابل یقین مناظر’۔

مزید کہا گیا کہ پاکستان انڈر-19 ٹیم کے کپتان قاسم اکرام انڈر-19 ورلڈ کپ میں ایک روزہ کرکٹ کے ایک ہی میچ میں سنچری اور 5 وکٹیں لینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025