• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

پاکستان سپر لیگ میں گلیڈی ایٹرز کو ایک اور شکست، یونائیٹڈ کامیاب

شائع February 3, 2022
شاداب خان نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اپی ایس ایل
شاداب خان نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اپی ایس ایل
اعظم خان اور کولن منرو نے نصف سنچریاں اسکور کیں— فوٹو: پی ایس ایل
اعظم خان اور کولن منرو نے نصف سنچریاں اسکور کیں— فوٹو: پی ایس ایل
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے— فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے— فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے میچ میں شاداب خان کی شاندار باؤلنگ اور بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 45رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

یونائیٹڈ کے اوپنرز نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو چار اوورز میں 55 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، جیمز فالکنر نے 9 گیندوں پر 22 رنز بنانے والے ہیلز کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔

دوسرے اینڈ سے پال اسٹرلنگ نے جارحانہ کھیل جاری رکھتے ہوئے ایک اور نصف سنچری اسکور کی، وہ 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان 9رنز بنا سکے۔

اس کے بعد کولن منرو کا ساتھ دینے اعظم خان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 52 گیندوں پر 92 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 229رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔

اعظم 65 گیندوں پر 6 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 65رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ منرو نے 39 گیندوں پر 5 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کے احسن علی نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن دوسرے اینڈ سے پہلا میچ کھیلنے والے عبدل بنگلزئی جدوجہد کرتے نظر آئے۔

حسن علی نے بنگلزئی کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی اور اگلے اوور میں وقاص مقصود نے جیمز ونس کو کھاتا کھولنے سے قبل ہی چلتا کردیا۔

احسن نے 27 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی لیکن شاداب خان نے انہیں چلتا کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی۔

اس کے بعد شاداب کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے گلیڈی ایٹرز کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن بالکل بے بس نظر آئی اور سرفراز احمد کے ساتھ ستھ افتخار احمد، بین ڈکٹ اور شاہد آفریدی بھی انہی کی وکٹ بن گئے۔

110 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد محمد نواز کا ساتھ دینے جیمز فالکنر آئے اور دونوں نے مشکل وقت میں چند بڑے شاٹس کھیلتے ہوئے 76 رنز کی ساجھے داری قائم کی۔

دونوں کی یہ کوشش بھی ہار کو تو نہ ٹال سکی البتہ گلیڈی ایٹرز کا شکست کا مارجن واضح طور پر کم ہو گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 186 رنز پر آؤٹ ہو گئی، نواز نے 47 اور فالکنر نے 30رنز کی اننگز کھیلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

کولن منرو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں اور کولن منرو کے ساتھ ساتھ وقاص مقصود کو ٹیم کا حصہ بنایا تھا۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں اور شاہد آفریدی، جیمز ونس اور عبدالبنگلزئی فائنل الیون کا حصہ بنے تھے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، پال اسٹرلنگ، کولن منرو، مبشر خان، آصف علی، اعظم خان، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی اور وقاص مقصود۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد (کپتان)، جیمز ونس، احسن علی، بین ڈکٹ، افتخار احمد، محمد نواز، سہیل تنویر، جیمز فلکنر، شاہد آفریدی، عبدل بنگلزئی اور نسیم شاہ

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024