• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

وزیراعظم 4 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

شائع February 3, 2022
وزیراعظم کے ہمراہ وزیرخارجہ اور دیگر وزرا بھی چین کے دورے پر ہیں—فوٹو: وزیراعظم آفس ٹوئٹر
وزیراعظم کے ہمراہ وزیرخارجہ اور دیگر وزرا بھی چین کے دورے پر ہیں—فوٹو: وزیراعظم آفس ٹوئٹر
وزیراعظم عمران خان 4 روزہ دورہ چین کے دوران  چینی صدر سے بھی اہم ملاقات کریں گے — فائل فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم عمران خان 4 روزہ دورہ چین کے دوران چینی صدر سے بھی اہم ملاقات کریں گے — فائل فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا کا وفد 4 روزہ دورے پر ملک چین پہنچ گیا۔

وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر کے ساتھ جاری پیغام میں بتایا گیا کہ ‘وزیراعظم عمران خان بیجنگ کے بیجنگ کیپٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گئے ہیں’۔

بیان میں کہا گیا کہ بیجنگ ایئرپورٹ پر چین کے اسسٹنٹ وزیرخارجہ ووجیانگ ہاؤ نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کے دفتر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کا بیجنگ کیپٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان وزرا کے وفد کے ہمراہ چین کیلئے روانہ

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان وزرا کے وفد کے ہمراہ چین کے 4 روزہ اہم سرکاری دورے پر اسلام آباد سے روانہ ہوئے تھے، وزیر اعظم عمران خان دورے میں چین کی اعلیٰ قیادت ملاقاتیں کریں گے اور چین کے تجارتی وفود سے بھی ملیں گے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفد میں وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاونِ خصوصی چین پاکستان اقتصادی راہداری خالد منصور شامل ہیں۔

وزیرِ اعظم چین میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، وزیرِ اعظم عمران خان چینی صدر شی جن پنگ اور چینی پریمئیر لی کی چیانگ سے اہم ملاقاتیں کریں گے، اس کے علاوہ وزیرِ اعظم پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے چینی سرمایہ کاروں کے وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

عمران خان دورہ چین کے دوران بیجنگ میں منعقد ہونے والے سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

قبل ازیں دورے سے متعلق بات کر تے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’21 مختلف شعبہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر وزیر اعظم عمران خان چینی قیادت سے گفتگو کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا دورہ چین اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، دفتر خارجہ

وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران زیر بحث آنے والے شعبہ جات میں سی پیک کے تحت قائم کیے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور بڑی پیمانے پر چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی شامل ہیں۔

ایک بیان میں وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا وزیر اعظم، چینی صدر شی جن پنگ اور چینی وزیر اعظم لی چیانگ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے سربراہان دوطرفہ تعلقات کا مکمل جائزہ لیں گے، جس میں سی پیک سمیت تجارت اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی‘۔

دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم چینی قیادت کی دعوت پر چین کا دورہ کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ تاثر عام ہے کہ 3 سال قبل پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے اقتدار میں آنے کے بعد سی پیک پر کام سست روی کا شکار ہے۔

تاہم، حکومت کی جانب سے توقع کی جارہی ہے کہ وزیر اعظم کے دورے سے زیر تعمیر منصوبوں یا سی پیک کے تحت شروع کیے گئے دیگر منصوبوں کی تعمیر و ترقی میں تیزی دیکھی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: چین سے تعلقات میں کمی کیلئے مغربی طاقتوں کا پاکستان پر دباؤ ناانصافی ہے، وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان بارہا کہہ چکے ہیں کہ حکومت نے سی پیک کی توجہ سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے سے بدل کر صنعتوں، توانائی اور زراعت پر مبذول کردی ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے ڈان کو بتایا تھا کہ اس وقت وہ بھرپور تیار ہیں اور اس حوالے سے چینی سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی ممکنہ سہولیات کا بہترین تقابلی تجزیہ کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے مشترکہ ورکنگ گروپ اجلاس کے لیے 10 مختلف شعبہ جات پر گفتگو کی تھی لیکن بااثر چینی صنعتکاروں کے ساتھ ملاقاتیں ترتیب دے دی گئی ہیں جو وزیراعظم سے ان کے دورے کے دوران ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم بیجنگ کے دورے کے دوران معروف کاروباری شخصیات، چینی تھینک ٹینک کی سربراہی کرنے والے نمائندگان، اکیڈمی اور میڈیا نمائندگان سے ملاقاتیں کریں گے۔

دریں اثنا اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے دوران وزیر اعظم نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024