سام سنگ گلیکسی ایس 22 سیریز کی لیکس کا سلسلہ جاری
سام سنگ کے ایس 22 سیریز کے فونز کو 9 فروری کو متعارف کرایا جائے گا مگر ان کے بارے میں لیکس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
اب اسمارٹ فونز کی لیکس کے حوالے سے معروف ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے تینوں فونز کی تصاویر اور تفصیلات جاری کی ہیں جو بطاہر سام سنگ ویب سائٹ پر ان فون کے آفیشل پیجز کی محسوس ہوتی ہیں۔
ان میں سابقہ لیکس میں سامنے آنے والی تفصیلات کی بھی تصدیق ہوتی ہے۔
گلیکسی ایس 22 اس سیریز کا سب سے چھوٹا فون ہوگا جس میں 6.1 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ ایس 22 پلس میں 6.6 انچ اور ایس 22 الٹرا میں 6.8 انچ کا ڈسپلے ہوگا۔
الٹرا ماڈل میں گلیکسی نوٹ کی طرح ایس پین سپورٹ اور اسے رکھنے کی جگہ بھی ہوگی۔
تینوں فونز میں ڈائنامک امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹ ریفریش ریٹ اور ایچ ڈی آر 10 پلس سپورٹ سے لیس ہوگا۔
مختلف مارکیٹوں میں یہ فونز سام سنگ کے ایکسینوس 2200 یا اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 پراسیسر کے ساتھ دستیاب ہوں گے۔
جہاں تک کیمروں کی بات ہے تو گلیکسی ایس 22 الٹرا بہترین ماڈل ہے جس کا مین کیمرا 10 میگا پکسل کا ہوگا جس کے ساتھ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 10 میگا پکسل ٹیلی فوٹو، 10 میگا پکسل پیری اسکوپ کیمرے (100 ایکس اسپیس زوم کے ساتھ) موجود ہوں گے۔
سیلفی کیمرا 40 میگا پکسل کا ہوگا۔
اس کے مقابلے میں ایس 22 اور ایس 22 پلس کے کیمرا سیٹ اپ ایک جیسے ہوں گے جو 50 میگا پکسل مین کیمرے، 2 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 10 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرے (30 ایکس اسپیس زوم سپورٹ) پر مشتمل ہوں گے۔ دونوں میں فرنٹ پر 10 میگا پکسل سیلفی کیمرے دیئے جائیں گے۔
تینوں فونز 8K ویڈیوز ریکارڈ کرسکیں گے اور کسی بھی گلیکسی فون کے مقابلے میں سب سے بہتر امیج اسٹیبلائزیشن کے فیچر سے لیس ہوں گے۔
ایس 22 میں بیٹری کے ساتھ 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دستیاب ہوگی اور وہ 70 منٹ میں مکمل چارج ہوسکے گا، ایس 22 پلس اور ایس 22 الٹرا 45 واٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہوں گے اور 60 منٹ میں مکمل چارج ہوجائیں گے۔
مگر یہ واضح رہے کہ فونز کے ڈبوں کے ساتھ چارجر نہیں ہوں گے بلکہ ان کو الگ سے خریدنا ہوگا، البتہ الٹرا ماڈل کے ساتھ ایس پین موجود ہوگا جو گزشتہ سال ایس 21 الٹرا کے ساتھ نہیں دیا گی تھا۔
واضح رہے کہ ان تینوں فونز کو 9 فروری کو شیڈول ایک ایونٹ میں پیش کیا جائے گا اور ان کے ساتھ سام سنگ کا ایس 8 ٹیبلیٹ بھی متعارف کرایا جائے گا۔