• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پشاور ہائیکورٹ کا ہزارہ ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات عیدالفطر تک مؤخر کرنے کا حکم

شائع February 2, 2022
بینچ نے الیکشن کمیشن کو تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور کوہستان میں عیدالفطر  کےبعدانتخابات کرانے کی ہدایت کی ہے— فائل فوٹو: اے پی
بینچ نے الیکشن کمیشن کو تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور کوہستان میں عیدالفطر کےبعدانتخابات کرانے کی ہدایت کی ہے— فائل فوٹو: اے پی

پشاور ہائی کورٹ کے ایبٹ آباد سرکٹ بینچ نے برفباری کے پیش نظر ہزارہ ڈویژن کے 5 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا شیڈول کالعدم قرار دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور کوہستان میں 27 مارچ کی بجائے عیدالفطر کے بعد انتخابات کرانے کی ہدایت کی۔

مختصر حکم نامہ 26 جنوری کو ابراہیم خان اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل بینچ کے پاس دائر 5 ایک جیسی درخواستوں پر جاری کیا گیا۔

درخواست گزاروں میں سابق تحصیل ناظم حاجی محمد خان، کوہستان کے علاقے دوبیر کے ملک اورنگزیب، کولائی پلاس تحصیل کے محمد اقبال اور دیگر شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن نے مالاکنڈ کو پہلے مرحلے سے نکال دیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے کہ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 27 مارچ کو ہوگا۔

ان اضلاع میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، اپر اور لوئر کوہستان، کولائی پلاس، کوہستان، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، لوئر دیر، لوئر اور اپر چترال، کرم، اورکزئی، شمالی اور جنوبی وزیرستان شامل تھے۔

قبل ازیں 19 دسمبر 2021 کو پہلے مرحلے میں 17 اضلاع میں انتخابات ہوئے تھے، جن میں بونیر، باجوڑ، صوابی، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، ٹانک، ہری پور، خیبر، مہمند، چارسدہ، ہنگو اور لکی مروت شامل ہیں۔

درخواست گزاروں کے وکیل ناصر اسلم نے بتایا کہ یہ درخواستیں آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر کی گئیں، جن میں چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان، صوبائی چیف سیکرٹری، سیکرٹری کوآرڈینیشن یونٹ، لوکل گورنمنٹ الیکشن اور دیہی ترقی حکومت کے محکمے کو فریق بنا یا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کے پی میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری

انہوں نے کہا کہ ان کے مؤکلوں نے عدالت سے درخواست کی کہ چیف الیکشن کمشنز کی جانب سے بلدیاتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے لیے جاری کردہ شیڈول کو کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ مارچ میں شدید برف باری سے ہزارہ ریجن کا 65 فیصد علاقہ بند ہو جائے گا جبکہ شدید سردی اور برف سے ڈھکی سڑکوں اور راستوں کی وجہ سے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وکیل نے بتایا کہ ڈبل بینچ نے ہزارہ ڈویژن کے برفباری والے علاقوں میں انتخابات کے شیڈول کو معطل کردیا ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ انتخابی عمل عیدالفطر کے بعد دوبارہ شیڈول کیا جائے جو کہ مئی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعلان کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران 4 فروری کو کاغذات نامزدگی طلب کرنے کے لیے پبلک نوٹس جاری کریں گے جس کے بعد 7 فروری سے 11 فروری تک کاغذات جمع کرائے جائیں گے اور نامزد امیدواروں کی فہرست اگلے روز جاری کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تاریخوں کا اعلان

ریٹرننگ افسران 14 فروری سے 16 فروری تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے جب کہ کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 17 سے 19 فروری تک دائر کی جائیں گی۔

اپیلیٹ ٹریبونل کی جانب سے اپیلوں پر فیصلہ کرنے کی آخری تاریخ 22 فروری ہے، امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 23 فروری کو شائع کی جائے گی جب کہ امیدواروں کی دستبرداری اور نظرثانی شدہ فہرست کی اشاعت کی آخری تاریخ 25 فروری ہے۔

امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے اور ان کی حتمی فہرست 28 فروری کو جاری کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024