• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

شرمیلا فاروقی کی شکایت پر وفاقی محتسب نے نادیہ خان کو طلب کرلیا

شائع February 1, 2022
وفاقی محتسب نے نادیہ خان کو بیان بازی سے بھی روک دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
وفاقی محتسب نے نادیہ خان کو بیان بازی سے بھی روک دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن سندھ اسمبلی اور سابق وزیر ثقافت سندھ شرمیلا فاروقی کی شکایت پر وفاقی محتسب نے اداکار و میزبان نادیہ خان کو طلب کرلیا۔

شرمیلا فاروقی کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے وفاقی محتسب کے آرڈر کی کاپی کے مطابق نادیہ خان کو رکن سندھ اسمبلی کی والدہ کے ہمراہ گزشتہ ماہ نامناسب انداز میں ویڈیو بنانے پر طلب کیا گیا۔

وفاقی محتسب نے نادیہ خان کو 4 فروری کو طلب کر رکھا ہے جب کہ ساتھ ہی انہیں مذکورہ معاملے مزید کوئی بیان بازی کرنے سے بھی روک دیا گیا۔

شرمیلا فاروقی کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کردہ وفاقی محتسب کے نوٹس کے مطابق نادیہ خان رکن سندھ اسمبلی کی والدہ کے ہمراہ بنائی گئی ویڈیو کے معاملے پر فیصلہ آنے تک کوئی بات نہیں کر سکتیں۔

شرمیلا فاروقی نے وفاقی محتسب کا حکم نامہ شیئر کیا—اسکرین شاٹ
شرمیلا فاروقی نے وفاقی محتسب کا حکم نامہ شیئر کیا—اسکرین شاٹ

علاوہ ازیں شرمیلا فاروقی نے یہ بھی واضح کردیا کہ وہ نادیہ خان کی جانب سے ہتک عزت کی مد میں ملنے والی رقم کو کراچی کے لیڈی ڈفرن ہسپتال میں بطور فنڈز جمع کرائیں گی۔

اس سے قبل 29 جنوری کو شرمیلا فارقی نے نادیہ خان کو 5 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شرمیلا فاروقی کا نادیہ خان کے خلاف کارروائی کا اعلان

رکن سندھ اسمبلی کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں نادیہ خان کو 15 دن میں اپنے جملے واپس لینے اور معذرت کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، ساتھ ساتھ تلافی کے لیے 5 کروڑ روپے ادا کرنے کا بھی کہا گیا تھا۔

اس سے قبل شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں شکایت بھی درج کروائی تھی۔

نادیہ خان نے کچھ دن قبل شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کے ہمراہ اداکارہ صبور علی کی شادی کی تقریب میں ایک ویڈیو بنائی تھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں نادیہ خان کو شرمیلا فاروقی کی عمر رسیدہ والدہ سے میک اپ، لباس اور زیورات سے متعلق سوال کیے گئے مگر میزبان کا انداز تمسخر اڑانے والا تھا، جس وجہ سے ان پر خوب تنقید بھی کی گئی۔

شرمیلا فاروقی کی جانب سے کارروائی کیے جانے اور پانچ کروڑ روپے کا نوٹس بھجوانے کے بعد نادیہ خان نے بھی رکن سندھ اسمبلی کو پچاس کروڑ روپے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔

نادیہ خان نے 30 جنوری کو بتایا تھا کہ وہ شرمیلا فاروقی کو ایک خاتون کے خلاف توہین آمیز کلمات اور ہتک عزت پر 50 کروڑ روپے کے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024