• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک بھر میں گھر گھر کورونا ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا اعلان

شائع February 1, 2022
اسد عمر کا کہنا تھا کہ مہم دو ہفتے تک جاری رہے گی— فوٹو: ڈان نیوز
اسد عمر کا کہنا تھا کہ مہم دو ہفتے تک جاری رہے گی— فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے شہریوں کو ویکسین لگوانے کی ہدایت کرتے ہوئے ملک میں موبائل ویکسین مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں این سی او سی اجلاس کے بعد کورونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ اگر اجتماعی طور پر دیکھا جائے تو ظاہر ہوتا ہے کہ وہ علاقے یا شہر جہاں ویکسینیٹڈ افراد کی تعداد زیادہ ہے وہاں کورونا وائرس کی پانچویں لہر نے کم تباہی مچائی۔

انہوں نے شہریوں کو ویکسین لگوانے کی ہدایت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ این سی او سی ویکسین مہم کو تیز کرنے کے لیے موبائل ویکسین کا آغاز کر رہی ہے، جس کے ذریعے 55 ہزار سے زائد موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر شہریوں کو ویکسین لگائیں گی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس مہم کا آغاز آج (یکم فروری) سے ہورہا ہے اور یہ دو ہفتے تک جاری رہے گی اس دوران ساڑھے 3 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جائے گی اور یہ ایک بڑا ہدف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی نئی لہر کے آغاز کے واضح شواہد نظر آرہے ہیں، اسد عمر

اسد عمر نے کہا کہ وہ افراد جو ویکسین کی ایک خوراک لے چکے ہیں، یہ ٹیمز ان کو بھی دوسری خوراک لگائیں گی۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ افراد جنہوں نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی ہے، جلد از جلد ویکسین لگوائیں، اور جو افراد مکمل ویکسی نیشن کروا چکے وہ بوسٹر شاٹ لازمی لگوائیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ویکسین کے آغاز کو ایک سال ہوچکا ہے اور دو سال قبل شروع ہونے والی اس بیماری سے جان چھڑوانے کا سب سے آسان طریقہ ویکسین ہے۔

انہوں نے کہاکہ ویکسین بیماری کے پھیلاؤ بچا رہی ہیں، اور موجودہ حالات کے مطابق ہم ہدایت کر رہے ہیں کہ وہ افراد جو مکمل ویکسی نیشن کرواچکے بوسٹر شارٹ لازمی لگوائیں۔

مزید پڑھیں: دنیا کے دیگر ممالک کی طرح کورونا کا نیا ویرینٹ پاکستان بھی آئے گا، اسد عمر

فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ بوسٹر شارٹ لگوانا اس لیے بھی لازمی ہے کہ بعض اوقات ویکسی نیشن کے باوجود قوت مدافعت مضبوط نہیں ہو پاتی لہذا موجودہ وائرس سے لڑنے کے لیے یہ اضافی خوراک لگوانا بھی لازمی ہے۔

کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

ملک بھر میں کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے بعد کیسز میں مزید اضافہ ہورہا ہے، حکومت کی جانب سے وبا سے بچنے کے لیے شہریوں کو ویکسین لگوانےکی ہدایت دی گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

این سی او سی ٹوئٹ کیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 55 ہزار 202 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5 ہزار 327 کے مثبت نتائج موصول ہوئے۔

ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ملک میں مثبت کیسز کی شرح 9.65 فیصد ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز عالمی وبا سے 32 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک ہزار 500 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

• سندھ میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 477 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 8 افراد انتقال کرگئے۔

• پنجاب میں ایک ہزار 894 کیسز رپورٹ ہوئے اور عالمی وبا سے 16 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

• خیبر پختونخوا میں 721 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

• بلوچستان میں 27 کیسز سامنے آئے اور عالمی وبا سے ایک شخص کا انتقال ہوا۔

• اسلام میں 932 اور گلگت بلتستان میں 52 کیسز رپورٹ ہوئے۔

• آزاد و جموں کشمیر میں 224 کیسز جبکہ 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 665 افراد کی صحتیابی کے بعد ملک میں عالمی وبا کو شکست دینے والے افراد کی مجموعی تعداد 12 لاکھ95 ہزار 390 ہوچکی ہے۔

سندھ میں گھر گھر ویکسی نیشن مہم کا افتتاح

دوسری جانب وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بھی سندھ میں کورونا ویکسی نیشن کی گھر گھر مہم کا آغاز کردیا، مہم کا پہلا مرحلہ آج سے شروع ہو کر 14 فروری کو اختتام پذیر ہوگا۔

اس مہم کے دوران 12 سال سے زائد عمر کے ایک کروڑ 27 لاکھ 48 ہزار 123 افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک جبکہ 57 لاکھ 12 ہزار افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک لگائی جائے گی۔

اس مہم سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 84 لاکھ 60 ہزار 137 افراد کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین سے مستفید ہوسکیں گے۔

کورونا ویکسین مہم کے دوران 10 ہزار 988 سے زائد ہیلتھ پروفیشنلز اور سوشل موبلائزرز کی مدد بھی لی جائے گی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے شہریوں کو کورونا وائرس کے اثرات سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ وینٹی لیٹر پر آنے کی نوبت کم سے کم ہو جائے تو ویکسین لگوائیں۔

خیال رہے کہ ویکسی نیشن کی گھر گھر مہم محکمہ صحت سندھ، این سی او سی اور ای پی آئی کے اشتراک سے شروع کی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024