• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشتگرد ہلاک

شائع January 31, 2022
دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے دوسلی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع موصول ہونے پر آپریشن کیا گیا۔

آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد مبین عرف مجروح ہلاک ہوگیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کے واقعات میں ملوث رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا خفیہ آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

انہوں نے کہا کہ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

یاد رہے وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور ان کی چیک پوسٹوں پر حملے کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ان کے خلاف متعدد آپریشن بھی کیے گئے۔

گزشتہ ہفتے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر جنوبی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں سے اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد کی ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا تھا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے برآمد ہونے والے ہتھیاروں اور گولہ بارود میں سب مشین گنز، آر پی جی۔7 ، دستی بم اور بڑی تعداد میں مختلف اقسام کا اسلحہ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملہ، پولیس اہلکار شہید

قبل ازیں 19 جنوری کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا، واقعہ ضلع لوئر دیر میں واقع پولیس اور دیر لیویز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر پیش آیا تھا۔

اس سے قبل 25 دسمبر کو خیبرپختونخوا (کے پی) کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں دہشت گردوں نے پاک فوج کی پوسٹ پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہوا تھا۔

خیال رہے کہ 18 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سرکردہ رہنما مولوی فقیر محمد کے ساتھی سمیت 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024