• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بلوچستان: جعفرآباد میں دستی بم حملہ، پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی

شائع January 31, 2022
فوری طور پر کسی نے دستی بم حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی— فوٹو: ڈان نیوز
فوری طور پر کسی نے دستی بم حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی— فوٹو: ڈان نیوز

بلوچستان کے ضلع جعفرآباد کے شہر ڈیرہ اللہ یار میں دستی بم حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سبات پور چوک کے قریب دستی بم پھینکا، جو پھٹ گیا اور ٹریفک پولیس کے دو کانسٹیبلز سمیت 17 افراد زخمی ہوئے۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: فیکٹری میں گیس لیکیج سے دھماکا، 12 افراد زخمی

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے کم از کم چار کی حالت تشویشناک ہے۔

ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ ہم نے شدید زخمی لوگوں کو لاڑکانہ منتقل کر دیا ہے اس حملے کا ہدف پولیس ہو سکتی ہے۔

حملے کے زخمیوں میں عبدالرشید، حبیب اللہ، کانڈو، حیدر علی، محسن علی، عبدالرسول، محمد علی، اللہ دینا، وزیر خان، محمد سرور، رحمت علی، منیر علی، انور علی، فریاد علی، محمد سلیم، سلیم احمد اور شمن علی شامل ہیں۔

پولیس نے دھماکے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم فوری طور پر کسی نے دستی بم حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: ضلع خاران کے چیف چوک پر دھماکا، 13 افراد زخمی

ادھر وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر میر جان محمد خان جمالی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور انہیں جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری پوری کرتی رہے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024