• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نڈال آسٹریلین اوپن کے فاتح، 21واں گرینڈ سلیم جیت کر تاریخ رقم کردی

شائع January 30, 2022
رافیل نڈال نے آسٹریلین اوپن میں فتح کی بدولت کیریئر کا 21واں گرینڈ سلیم جیت لیا— فوٹو: اے ایف پی
رافیل نڈال نے آسٹریلین اوپن میں فتح کی بدولت کیریئر کا 21واں گرینڈ سلیم جیت لیا— فوٹو: اے ایف پی

اسپین کے ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے آسٹریلین اوپن چیمپیئن شپ میں فتح کی بدولت 21واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

آسٹریلین اوپن کے فائنل میں نڈال نے ایک مرتبہ پھر ایک دہائی قبل کھیلے گئے ومبلڈن اوپن کے فائنل کی یاد تازہ کردی جہاں انہوں نے ابتدائی دو سیٹ ہارنے کے باوجود شاندار انداز میں کم بیک کرتے ہوئے لگاتار تین سیٹ جیت کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

اتوار کو میلبرن میں کھیلے گئے فائنل میں ڈینیئل میڈویدیو نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلا سیٹ 2-6 سے اپنے نام کر کے ایک سیٹ کی برتری حاصل کر لی۔

دوسرے سیٹ کا آغاز التوا کا شکار ہوا کیونکہ احتجاج کرنے والا ایک فرد سیکیورٹی حصار کو توڑ کر کورٹ میں داخل ہو گیا تھا۔

پہلے سیٹ کی نسبت دوسرے سیٹ میں نڈال نے بھرپور مزاحمت کی لیکن اس کے باوجود میڈویدیو نے اپنے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے 6-7 سے کامیابی سمیٹ کر 0-2 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

اس مرحلے پر یہ فائنل ایک یکطرفہ مقابلے کی طرف جاتا نظر آتا تھا لیکن اپنی شاندار مزاحمتی صلاحیت کی بدولت میچ میں واپسی کے لیے مشہور نڈال نے تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے تیسرا سیٹ 4-6 سے اپنے نام کر لیا۔

نڈال نے اسی پر بس نہ کی بلکہ اگلے سیٹ میں بھی 4-6 سے کامیابی سمیٹ کر مقابلہ 2-2 سیٹ سے برابر کردیا۔

5 گھنٹے 24 منٹ تک جاری رہنے والے اس فائنل کے آخری سیٹ میں بھی دونوں حریفوں میں شاندار مقابلہ دیکھنے کو ملا لیکن نڈال نے اپنے حواس قابو میں رکھتے ہوئے لگاتار تیسرا سیٹ جیت کر میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔

یہ آسٹریلین وپن کی تاریخ کا دوسرا طویل ترین فائنل ہے جہاں اس سے قبل 2012 میں طویل ترین فائنل نڈال اور نوواک جوکووچ کے درمیان ہوا تھا اور 5 گھنٹے 53 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں جوکووچ نے کامیابی حاصل کی تھی۔

اس فتح کے ساتھ ہی نڈال نے 21واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا اور سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے والے مرد کھلاڑی بن گئے، فیڈرر اور جوکووچ 20، 20 گرینڈ سلیم جیت چکے ہیں۔

کلے کورٹ کے بے تاج بادشاہ تصور کیے جانے والے نڈال ٹینس کی تاریخ میں تمام گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والے چوتھے ٹینس اسٹار ہیں جبکہ یہ 2009 کے بعد ان کا دوسرا آسٹریلین اوپن ٹائٹل ہے۔

وہ اب تک 29 گرینڈ سلیم فائنل میں سے 21 جیت کر اپنے ہم عصروں میں سب سے نمایاں ہیں کیونکہ فیڈرر اور جوکووچ 31 فائنل کھیل کر 20، 20 ٹائٹل جیت چکے ہیں۔

اسپین کے نڈال کی یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی بے مثال ہے کہ وہ پیر میں انجری کے سبب 2021 کے دوسرے حصے میں صرف دو میچ کھیل سکے تھے لیکن اس کے باوجود وہ ایونٹ کے چیمپیئن بننے میں کامیاب رہے۔

آسٹریلین اوپن کے لیے عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ کو فیورٹ تصور کیا جا رہا تھا لیکن ویکسینیشن کے مسئلے پر انہیں ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی آسٹریلیا بدر کردیا گیا تھا اور وہ ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024