• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

ماضی میں اداکار نے گرل فرینڈ کے کہنے پر فلموں سے نکالا، روینا ٹنڈن

شائع January 29, 2022
اداکارہ نے اداکار یا اس کی گرل فرینڈ کا نام نہیں بتایا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے اداکار یا اس کی گرل فرینڈ کا نام نہیں بتایا—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کی ماضی کی ’مست گرل‘ کہلانے والی اداکارہ روینا ٹنڈن نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ کیریئر کے عروج پر تھیں تو ایک اداکار نے اپنی گرل فرینڈ کے کہنے پر انہیں دو فلموں سے نکالا۔

روینا ٹنڈن نے حال ہی میں ریڈیو جوکی (آر جے) اور ویڈیو جوکی (وی جے) سدھارتھ کنن کو دیے گئے انٹرویو میں ماضی میں خود سے متعلق پھیلنے والی افواہوں پر بھی کھل کر باتیں کیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب انہوں نے شادی کی تو لوگوں کے بجائے میڈیا کو مسئلہ ہوا اور اس وقت اخبارات ان سے متعلق مصالحہ دار خبریں لگا کر افواہیں پھیلانے لگے۔

روینا ٹنڈن نے بتایا کہ انہوں نے اس وقت بچیوں کو گود لیا جب اس طرح کا کوئی رجحان ہی نہیں ہوتا اور آج ان کی گود لی بیٹی شادی شدہ زندگی گزار رہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں روینا ٹنڈن نے بتایا کہ ان کی اس وقت کی مقبول ترین اداکاراؤں کے ساتھ کبھی کوئی لڑائی یا دشمنی نہیں رہی، یہ ساری افواہیں میڈیا پھیلاتا رہا ہے۔

روینا ٹنڈن نے کہا کہ شلپا شیٹی، کاجول اور کرشما کپور جیسی اداکاراؤں کے ساتھ ان کی دوستی رہی ہے اور تاحال وہ بہترین سہیلیاں ہیں مگر میڈیا میں ایسی افواہیں پھیلائی جاتی رہیں ہیں کہ ان کے درمیان دشمنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روینا ٹنڈن خواتین کو ہراساں کیے جانے کے خلاف کام کریں گی

اداکارہ نے واضح کیا کہ انہوں نے تو شلپا شیٹی اور کاجول کے ساتھ فلمیں بھی کر رکھی ہیں جب کہ کرشما کپور سے بھی ان کی اچھی دوستی ہے اور ان کے درمیان کوئی سیاست یا لڑائی نہیں ہے۔

انٹرویو کے دوران روینا ٹنڈن نے ہیروئنز کو فلموں سے اچانک نکالے جانے کے معاملے پر بتایا کہ ہیروئنز کو دوسروں کی فرمائش یا کہنے پر فلموں سے نکالے جانے کا سلسلہ پرانا ہے۔

انہوں نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ کیریئر کے عروج پر تھیں تو ایک اداکار نے اپنی گرل فرینڈ کے کہنے پر انہیں دو فلموں سے نکالا مگر پھر ہیرو کو وہ خاتون ہی چھوڑ کر چلی گئیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب اداکار کو گرل فرینڈ چھوڑ کر چلی گئیں تو وہ ان کے پاس آئے اور انہیں فلم میں ایک ساتھ کام کرنے کی منتیں کیں۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ فلم میں بے نظیر کا کردار روینا ٹنڈن نبھائیں گی

روینا ٹنڈن نے یہ بھی بتایا کہ نہ صرف اس خاتون نے بوائے فرینڈ کو کہہ کر انہیں دو فلموں سے نکلوایا بلکہ وہ دوسرے ہیروز کے پاس بھی گئیں اور ان کے سامنے روئیں اور کہا کہ روینا کو فلم میں کاسٹ نہ کریں۔

بولی وڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ خاتون جن کے پاس گئیں، انہوں نے انہیں بتایا کہ وہ مجبور ہیں، کیوں کہ خاتون ان کے سامنے روئی تھیں۔

اگرچہ روینا ٹنڈن نے بتایا کہ ماضی میں اداکار نے گرل فرینڈ کے کہنے پر انہیں فلموں سے نکالا، تاہم انہوں نے اداکار یا خاتون کا نام نہیں بتایا۔

روینا ٹنڈن نے 1991 میں ’پتھر کے پھول‘ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا، انہوں نے ماضی کے مقبول ہیروز سنجے دت، اجے دیوگن، گووندا، اکشے کمار اور سنیل شیٹی سمیت دیگر اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔

انہیں ان کی ڈانس پرفارمنس اور بولڈ کرداروں کی وجہ سے کافی شہرت حاصل رہی ہے۔

روینا ٹنڈن تاحال فلموں اور ویب سیریز میں دکھائی دیتی ہیں جب کہ اب وہ ریئلٹی ڈانس شوز میں بھی بطور جج دکھائی دیتی ہیں اور گزشتہ برس ان کی اور شلپا شیٹی کی ڈانس شو میں پرفارمنس کرنے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025