شرپسند عناصر کے عزائم ناکام بنانے کیلئے اتحاد کی ضرورت ہے، آرمی چیف
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ غلط معلومات کے پھیلاؤ سے معاشرے میں ہم آہنگی کو نقصان پہنچتا ہے اور شرپسند عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لیے اتحاد قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گریژن کا دورہ کیا جہاں انہیں کور ہیڈکوارٹرز میں فارمیشن کی مختلف آپریشنل اور ٹریننگ کے امور پر بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے مختلف جامعات لمز، ایف سی یو، یوای ٹی، ایل ایس ای، پنجاب یونیورسٹی اور جی سی یو کے وائس چانسلرز، اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات کی۔
بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے مستقبل کی قیادت اور پاکستان کے بہترین شہری تیار کرنے کے لیے ان معروف تعلیمی اداروں کے اہم کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، صنعت اور ماحولیات کے شعبے میں ہیومن ریسورس کی اشد ضرورت ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے زور دیا کہ وسیع مفادات کے لیے جھوٹی معلومات پھیلانے سے نہ صرف غلط تصور ابھر تا ہے بلکہ معاشرے میں ہم آہنگی کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرپسند عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لیے اتحاد قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی ریاض میں سعودی ہم منصب سے ملاقات، عسکری تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت اور پرعزم ہیں، انہیں صحیح مواقع دینا اور ماحول پیدا کرنے سے وہ ملک کو ترقی اور استحکام کی طرف لے جائیں گے۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں بتایا کہ اس موقع پر جامعات کے اساتذہ اور طلبہ نے براہ راست سوالات پوچھے اور ملاقات کو انتہائی مثبت اور حوصلہ افزا قرار دے دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی موجود تھے۔