• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

امریکا اور نیٹو نے روس کے سیکیورٹی مطالبات پورے نہیں کیے، پیوٹن

شائع January 29, 2022
روس کے صدر ولادمیر پیوٹن اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمینوئیل میکرون سے گفتگو کررہے ہیں— فوٹو: رائٹرز
روس کے صدر ولادمیر پیوٹن اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمینوئیل میکرون سے گفتگو کررہے ہیں— فوٹو: رائٹرز

روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے کہا کہ امریکا اور نیٹو نے یوکرین کے معاملے پر ان کے سیکیورٹی مطالبات پورے نہیں کیے تاہم اس کے باوجود بھی ہم مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یوکرین کے معاملے پر بڑھتے ہوئے تناؤ کے ماحول میں امریکا سمیت مغربی ممالک کی جانب سے روس کو سنگین نتائج اور پابندیوں کے نفاذ کی دھمکیاں دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے لیکن اس کے باوجود روسی صدر نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔

مزید پڑھیں: روس نے یوکرین کے سر پر بندوق تان رکھی ہے، برطانوی وزیراعظم

تاہم آج فرانس کے صدر ایمینوئیل میکرون سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی کارروائی سے قبل امریکا اور نیٹو کے ردعمل کا جائزہ لیں گے۔

فرانسیسی صدارتی آفیشل نے کہا کہ پیوٹن کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ صورتحال مزید خراب ہو اور روسی وزیر خارجہ کے اس موقف کی توثیق کی کہ روس جنگ نہیں چاہتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس امر پر توجہ مرکوز کی گئی کہ امریکا اور نیٹو نے روس کے اصولی تحفظات کو کوئی اہمیت نہیں دی۔

روس کے ان تحفظات میں نیٹو کے دستوں میں توسیع، روس کی سرحد کے قریب جارحانہ ہتھیاروں کی تنصیب اور نیٹو کی فوجی صلاحیتوں اور انفرااسٹرکچر کی واپسی شامل ہیں لیکن روس کا کہنا ہے کہ نیٹو اور امریکا نے ان تحفظات کو نظرانداز کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تناؤ میں کمی کے لیے یوکرین اور روس کے درمیان پیرس میں مذاکرات

پیوٹن نے کہا کہ اہم سوالات کو نظر انداز کر دیا گیا کہ امریکا اور اس کے اتحادی کس طرح سیکیورٹی سالمیت کے اصول پر عمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ کسی کو بھی دوسرے ملک کی سلامتی کی قیمت پر اپنی سلامتی کو مضبوط نہیں کرنا چاہیے۔

امریکا اور نیٹو کا کہنا ہے کہ روس کے کچھ مطالبات کو پورا نہیں کیا جا سکتا لیکن مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینس اسٹولٹنبرگ نے کہا کہ مغربی فوجی اتحاد روس پر نظر رکھے ہوئے ہے جس کے ہزاروں فوجی یوکرین کی سرحد کے قریب موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیٹو مشرقی یورپ میں اپنے دستوں کی تعداد بڑھانے کے لیے تیار ہے اور خبردار کیا کہ روس کا حملہ سائبر حملے، اقتدار پر قبضے سمیت کسی بھی طرح کا ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: روس نے یوکرین میں حکومتی تبدیلی کے حوالے سے برطانوی دعویٰ مسترد کردیا

انہوں نے کہا کہ ہم نیٹو کی طرف سے سیاسی مذاکرات جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں البتہ اگر روس نے مسلح مزاحمت کا راستہ اپنایا تو ہم اس کا سامنا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

ادھر روس کے وزیر خارجہ سرگئی لیوروو نے کہا کہ اگر اس بات کا انحصار روس پر ہے تو پھر کسی بھی قسم کی جنگ نہیں ہو گی، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن ہم یہ بھی نہیں چاہتے کہ ہمارے مفادات کو نظرانداز کردیا جائے۔

یاد رہے کہ امریکا اور یورپی یونین نے روس کو خبردار کیا ہے کہ یوکرین پر حملے کی صورت میں انہیں سنگین نوعیت کی معاشی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

ندیم احمد Jan 29, 2022 10:09am
فرانس کوشش کر رہا ہے کہ جنگ نہ ہو کیونکہ جب لیبیا میں کرنل قزافی کی حکومت کے خلاف مظاہرے ہو رہے تھے تو جس طرح بی بی سی اور سی این این کے نمائندوں نے فیلڈ رپورٹنگ کی اور اسے براہراست نشر کیا تھا، بعد میں برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور امریکہ کے صدر باراک اوبامہ نے اپنی غلطی تسلیم کر کے جنگ کا ذمہ دار فرانس کو ٹھہرا دیا تھا۔
ندیم احمد Jan 29, 2022 05:18pm
امریکی ڈالرز دنیا پر مسلط کرنےکا طریقہ پابندیاں اور جنگ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024