• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

پی ایس ایل7: گلیڈی ایٹرز 191رنز کے دفاع میں ناکام، زلمی فتح یاب

شائع January 28, 2022 اپ ڈیٹ January 29, 2022
میچ میں فتح کے بعد پشاور زلمی کے کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
میچ میں فتح کے بعد پشاور زلمی کے کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
پشاور زلمی کے حیدر علی زیادہ بڑی اننگز نہ کھیل سکے— فوٹو: اے ایف پی
پشاور زلمی کے حیدر علی زیادہ بڑی اننگز نہ کھیل سکے— فوٹو: اے ایف پی
گلیڈی ایٹرز کے دونوں اوپنرز نے نصف سنچری اسکور کی— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
گلیڈی ایٹرز کے دونوں اوپنرز نے نصف سنچری اسکور کی— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5وکٹوں سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

احسن علی اور پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے وِل اسمیڈ نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 10 رنز فی اوور کی اوسط سے رنز بنائے۔

دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاور پلے میں ہی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرا دی۔

انگلینڈ سے آئے اسمیڈ نے شان دار بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جبکہ 11ویں اوور میں گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے ٹیم کی سنچری بھی مکمل کرا دی۔

دوسرے اوپنر احسن خان نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 33 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔

اوپنرز نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 155 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اس موقع پر عثمان قادر کو چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے تاہم آؤٹ ہونے سے قبل 46 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 73رنز بنائے ہیں۔

ابھی گلیڈی ایٹرز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ بین ڈکٹ بغیر کوئی رن بنائے عثمان قادر کی دوسری وکٹ بن گئے۔

افتخار احمد کچھ خاص نہ کر سکے اور 8رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

نوجوان اسمیڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 62 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 97رنز کی اننگز کھیلی لیکن اننگز کی آخری گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190رنز بنائے۔

191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے پشاور زلمی کو 21 گیندوں پر 43 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، لیکن اسی اسکور پر نوجوان یاسر خان 12 گیندوں پر 30رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔

ٹام کوہلر کیڈمور نے 22 رنز کی اننگز کھیلی لیکن نواز نے دوسرا شکار کرتے ہوئے انہیں بھی چلتا کردیا۔

حیدر علی نے 21 گیندوں پر 19رنز کی اننگز کھیلی لیکن نواز نے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے دائیں ہاتھ کے بلے باز کی وکٹ حاصل کر لی۔

77 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد حسین طلعت کا ساتھ دینے شعیب ملک آئے اور دونوں نے 81رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

حسین طلعت نے صرف 29 گیندوں پر دو چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 52رنز کی اننگز کھیلی لیکن اس مرحلے پر جیمز فالکنر نے انہیں چلتا کر کے چوتھی کامیابی حاصل کی۔

شرفین ردرفورڈ نے 10 رنز بنائے لیکن دوسرے اینڈ سے شعیب ملک نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور میچ کے 19ویں اوور میں جیمز فالکنر کو دو چھکے لگا کر میچ کا پانسہ زلمی کے حق میں پلٹ دیا۔

زلمی نے دو گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

وِل اسمیڈ کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، وِل اسمیڈ، احسن علی، بین ڈکٹ، افتخار احمد، محمد نواز، سہیل تنویر، جیمز فالکنر، عاشر قریشی، محمد حسنین، نسیم شاہ

پشاور زلمی: شعیب ملک(کپتان)، ٹام کوہلر کیڈمور، یاسر خان، حیدر علی، حسین طلعت، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، سہیل خان، پیٹ براؤن، ثمین گل اور عثمان قادر

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024