• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

'غیرقانونی' طور پر داخل ہونے والے بھارتی شہری کو واپس بھیج دیا گیا، چین

شائع January 27, 2022
بھارت نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ ایک شہری لاپتہ ہوگیاہے---فائل/فوٹو: رائٹرز
بھارت نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ ایک شہری لاپتہ ہوگیاہے---فائل/فوٹو: رائٹرز

چین نے کہا ہے کہ متنازع سرحد سے چین کے علاقے میں 'غیرقانونی' طریقے سے داخل ہونے والے بھارتی شہری کو واپس کردیا گیا ہے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ویسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ترجمان کرنل لانگ شاؤہوا نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی شہری حال ہی میں گشت کے دوران چینی بارڈر گارڈز کو نظر آیا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارت کا چین پر سرحد سے لاپتا نوجوان کو اغوا کرنے کا الزام

پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے ویسٹرن تھیٹر کے وی چیٹ کے آفیشل اکاؤنٹ میں جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی شہری غیرقانونی طور پر چین کے علاقے میں داخل ہوا اور پھر معمول کے مطابق سوالات پوچھے گئے، قرنطینہ اور سرحدی قواعد و ضوابط کا جائزہ لیا گیا اور انسانی بنیاد پر مدد فراہم کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی شہری کو چینی اور بھارتی فوج کے درمیان تبادلہ خیال کے بعد واپس کردیا گیا جبکہ اس سے قبل بھارت نے ان کی تلاش میں تعاون کی درخواست کی تھی۔

چین کی جانب سے تازہ اعلان ایسے وقت میں آیا جب گزشتہ ہفتے بھارتی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ انہوں نے چین سے رابطہ کرکے درخواست کی ہے کہ وہ 17 سالہ بھارتی شہری میرام ٹاروم کو تلاش کرکے واپس بھیج دیں۔

بھارتی شہری کے بارے میں رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ وہ سرحد کے قریبی علاقے سے لاپتہ ہوگئے تھے اور انہیں چین کے فوجیوں نے حراست میں لیا ہے۔

چین کی جانب سے بھارتی شہری کی واپسی کے اعلان میں واضح نہیں کیا گیا کہ آیا وہ میرام ٹاروم ہی ہے یا اور دوسرا شہری ہے تاہم نئی دہلی کو خبردار ضرور کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ دوطرفہ معاہدوں پر سختی سے عمل کریں، انتظامی معاملات اور کنٹرول مضبوط کرنے اور سرحدی علاقوں میں حالات معمول پر لانے کے لیے اقدامات کریں۔

یہ بھی پڑھیں: چین نے بھارت کے 5 شہریوں کو رہا کردیا، بھارتی فوج

خیال رہے کہ بھارت اور چین کے درمیان ہمالیائی سرحد پر طویل تنازع ہے اور اکثر جھڑپیں بھی ہوتی رہی ہیں، جہاں چین کا دعویٰ ہے کہ ارونا چل پرداش مکمل طور پر تبت کا حصہ ہے۔

وادی گولوان میں 2020 میں شدید جھڑپیں ہوئی تھیں اور بھارت کے 20 فوجی مارے گئے تھے اور چین کے 4 فوجی بھی نشانہ بنے تھے۔

دوسری جانب حالیہ برسوں میں سرحدی علاقے میں بھارت کے کئی شہریوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جن کے بارے میں نئی دہلی کا دعویٰ ہوتا ہے کہ انہیں چین کے فوجی اغوا کرتے ہیں جبکہ چین ان دعووں کو مسترد کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024