• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پی ایس ایل 7: دفاعی چیمپیئن سلطانز کا کامیاب آغاز، کنگز کو شکست

شائع January 27, 2022 اپ ڈیٹ January 29, 2022
عمران طاہر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی
عمران طاہر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا— فوٹو: بشکریہ پی ایس ایل
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا— فوٹو: بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے ٹورنامنٹ کا کامیابی سے آغاز کردیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں محمد رضوان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بابر اعظم اور شرجیل خان نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 66رنز کا آغاز فراہم کیا، شرجیل خان نے روایتی جارحانہ انداز اپنایا لیکن کپتان بابر مستقل جدوجہد کرتے رہے۔

سلطانز کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب شرجیل خان 31 گیندوں پر 3 چھکوں اور تین چوکوں سے مزین 43 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد عمران طاہر کی وکٹ بن گئے۔

ابھی کنگز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ خوشدل شاہ کو چھکا مارنے کی کوشش میں بابر کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی، جنہوں نے 29 گیندوں پر 23 رنز بنائے۔

شرجیل خان کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بلے باز تیز رفتاری سے بیٹنگ نہ کر سکا اور کراچی کنگز کے بلے بازوں کو رنز بنانے میں مستقل جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا۔

محمد نبی اور کلارک نے تیسری وکٹ پر 32 رنز کا اضافہ کیا تاہم عمران طاہر نے 10 رنز بنانے والے محمد نبی کو 103 کے اسکور پر آؤٹ کردیا۔

عمران طاہر نے 17 ویں اوور میں ملتان سلطانز کو ایک اور کامیابی دلائی جب نئے آنے والے بلے باز ٹام لیمونبی کی وکٹیں صرف ایک رن کے اضافے کے بعد اڑا دیں۔

شرجیل خان 43رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے— فوٹو: اے ایف پی
شرجیل خان 43رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے— فوٹو: اے ایف پی

کلارک نے ٹیم کو اچھے اسکور کی طرف لے جانے کی کوشش کی لیکن ان کی کوشش 18 ویں اوور کی پانچویں گیند پر اختتام کو پہنچی اور وہ 26 رنز بنا کر شاہنواز دھانی کی وکٹ بن گئے۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنائے۔

عمران طاہر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔

سلطانز کے اوپنرز محمد رضوان اور شان مسعود نے ابتدائی دو اوورز میں دفاعی انداز اپنایا، جس کے بعد جارحانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 38 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اسی اسکور پر الیاس کی گیند پر شان مسعود وکٹ دے بیٹھے۔

اس کے بعد رضوان کا ساتھ دینے صہیب مقصود آئے اور دونوں نے 61رنز کی شراکت قائم کر کے ہدف کی جانب کامیابی سے پیش قدمی جاری رکھی۔

صہیب مقصود 31 گیندوں پر 30 رنز بنانے کے بعد محمد نبی کے خلاف اسٹمپ ہو گئے اور اسی اوور میں نبی نے رائلی روسو کو بھی چلتا کردیا۔

تاہم دوسرے اینڈ پر موجود کپتان رضوان نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے نصف سنچری کی۔

ٹم ڈیوڈ نے محمد نبی کو چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو 10 گیندیں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا، محمد رضوان نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

میچ میں 7 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے ملتان سلطانز نے ایونٹ کا کامیاب انداز میں آغاز کرتے ہوئے دو قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کر لیے۔

عمران طاہر کو ان کی شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ذریعے ٹورنامنٹ کا آغاز کیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ 2022 کے میچز دو مرحلوں میں کھیلے جائیں گے، پہلا مرحلہ کراچی اور دوسرا لاہور میں منعقد ہو گا۔

لیگ میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کراچی میں صرف 25 فیصد شائقین کے ساتھ میچز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے تحت صرف 8 ہزار شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

6 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں 34 میچز کھیلے جائیں گے اور 32 دنوں میں ٹورنامنٹ مکمل ہوجائے گا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کراچی کنگز: بابر اعظم(کپتان)، شرجیل خان، جو کلارک، محمد نبی، ٹام لیمونبی، لوئس گریگری، عامر یامین، محمد عمران، محمد طحہٰ، عمید آصف، محمد الیاس

محمد رضوان(کپتان)، شان مسعود، صہب مقصود، رائلی روسو، خوشدل شاہ، ٹم ڈیوڈ، ڈیوڈ ولی، عمران طاہر، عمران خان سینئر، شاہنواز دھانی، احسان اللہ

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024