• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے بڑا دھچکا، شاہد آفریدی کورونا وائرس میں مبتلا

شائع January 27, 2022
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا—فوٹو:کوئٹہ گلیڈی ایٹرزٹوئٹر
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا—فوٹو:کوئٹہ گلیڈی ایٹرزٹوئٹر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پی ایس ایل 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی شاہد آفریدی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہونے لگی ہے۔

گزشتہ دو ایڈیشنز کی طرح اس سال بھی پاکستان سپر لیگ پر کورونا کے سائے منڈلا رہے ہیں، رنگا رنگ ایونٹ کے سجنے سے قبل ہی کئی کھلاڑی تیزی سے پھیلنے والے وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا ہے۔

اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کم از کم ایک ہفتے کے لیے ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں، ایک ہفتے کے بعد ان کے دوبارہ ٹیسٹ کیے جائیں گے اور نتائج منفی آنے کی صورت میں وہ ٹیم کوئٹہ کو دوبارہ جوائن کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل کے آغاز سے قبل وسیم اکرم، وہاب ریاض اور حیدر علی بھی کورونا میں مبتلا

گزشتہ روز ان کی کمر میں تکلیف ہوئی تھی اور کمر کی تکلیف کے باعث وہ بایو سیکیور ببل سے نکل کر ہسپتال گئے تھے۔

ہسپتال سے واپسی پر شاہد آفریدی کا کورونا ٹیسٹ ہوا جو مثبت آیا، شاہد آفریدی کو کووڈ کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں لیکن پی سی بی پروٹوکولز کے مطابق شاہد آفریدی 7 روزہ آئسولیشن مکمل کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور بلے باز حیدر علی کے بھی کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

ان کے علاوہ عُمان میں ہونے والی لیجنڈز لیگ سے واپسی پر کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کو کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ کھلاڑیوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان سپر لیگ 2022 کا آج سے آغاز، افتتاحی میچ میں دفاعی چمپیئن سلطانز اور کنگز مدمقابل

اس سے قبل پشاور زلمی کے دو کھلاڑی کامران اکمل اور ارشد اقبال میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے اور دونوں کھلاڑی قرنطینہ میں ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے 27 جنوری سے 27 فروری تک جاری رہنے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز کا اعلان کیا تھا۔

کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے باعث آنے والی وبا کی پانچویں لہر سے بچاؤ کے لیے پی سی بی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات میں پی ایس ایل 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ترامیم بھی شامل ہیں۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلوں کا آج سے کراچی میں آغاز ہو رہا ہے اور افتتاحی میچ دفاعی چمپیئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ 2022 کے میچز دو مرحلوں میں کھیلے جائیں گے، پہلا مرحلہ کراچی اور دوسرا لاہور میں منعقد ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024