• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

وزیراعظم کو 3 فروری کے متوقع دورہ چین کے حوالے سے بریفنگ

شائع January 27, 2022
وزیراعظم کی آرمی چیف سے ملاقات—تصویر: پی آئی ڈی
وزیراعظم کی آرمی چیف سے ملاقات—تصویر: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان کو چین کے ساتھ مستقبل کے تعاون کے منصوبوں پر بات چیت کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ بریفنگ وزیر اعظم خان کے 3 فروری سے آنے والے چین کے دورے کے لیے منعقدہ ایک تیاری کے اجلاس میں دی گئی۔

عمران خان بیجنگ میں سرمائی اولمپکس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کے علاوہ دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا مجموعی جائزہ لینے کے لیے چینی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:کسی نے سوچا ہی نہیں کہ ہم نے ریاست مدینہ کی طرف جانا ہے، وزیراعظم

اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

دفتر وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم کو چینی حکام کے ساتھ 'سرمایہ کاری، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور برآمدات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ٹھوس منصوبوں' پر جاری بات چیت کے بارے میں اپ ڈیٹ کیا گیا۔

اس کے علاوہ چینی حکام کے لیے باعث تشویش مسائل بشمول سیکیورٹی اور آئی پی پیز کی زیر التوا ادائیگیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم کی عوام کی معاشی بہبود یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت

دونوں ممالک کے رہنماؤں نے گزشتہ سال اپنے رابطوں کے دوران زراعت، ڈیجیٹل معیشت اور لوگوں کے روزگار میں تعاون بڑھانے اور صحت، صنعتی، تجارت، ڈیجیٹل اور گرین کوریڈور کی تعمیر پر زور دیا تھا۔

دونوں فریقین نے 10ویں جے سی سی اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت پر جوائنٹ ورکنگ گروپ کو شامل کیا، جس سے اس شعبے میں تعاون کی راہیں کھلیں۔

دریں اثنا آرمی چیف نے وزیراعظم عمران خان سے علیحدہ ملاقات بھی کی۔

دفتر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'ملاقات کے دوران پاک فوج سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا'۔

ملاقات ایسے ظاہر کی گئی جیسے وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان یہ ون آن ون ملاقات تھی تاہم دیکھنے والوں کا کہنا تھا کہ اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات بہت اچھے ہیں، شیخ رشید

دونوں کے درمیان آخری ون آن ون ملاقات 26 اکتوبر کو ہوئی تھی جسے عوام کے سامنے ظاہر کیا گیا تھا، جس دن لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی انٹر سروسز انٹیلی جنس کے نئے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر تعیناتی کو ہفتوں کے طویل تنازع کے بعد نوٹیفائیڈ کیا گیا تھا۔

تاہم وزیراعظم عمران خان اور جنرل باجوہ دیگر فورمز پر ملاقات کرتے رہے ہیں، دونوں 14 جنوری کو قومی سلامتی پالیسی کے اجرا کے موقع پر ایک ساتھ تھے اور 12 جنوری کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں بریفنگ کے لیے بھی گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024