• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان سپر لیگ 2022 کا آج سے آغاز، افتتاحی میچ میں دفاعی چمپیئن سلطانز اور کنگز مدمقابل

شائع January 26, 2022 اپ ڈیٹ January 27, 2022
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں— فوٹو: اے پی
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں— فوٹو: اے پی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلوں کا آج سے کراچی میں آغاز ہو رہا ہے اور افتتاحی میچ دفاعی چمپیئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ 2022 کے میچز دو مرحلوں میں کھیلے جائیں گے، پہلا مرحلہ کراچی اور دوسرا لاہور میں منعقد ہو گا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے آغاز سے قبل وسیم اکرم، وہاب ریاض اور حیدر علی بھی کورونا میں مبتلا

ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی گزشتہ دو ایڈیشنز کی طرح اس سال بھی لیگ پر کورونا کے سائے منڈلا رہے ہیں اور چند کھلاڑی پہلے ہی وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور بلے باز حیدر علی کے بھی کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں جبکہ کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔

لیگ میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کراچی میں صرف 25 فیصد شائقین کے ساتھ میچز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے اور صرف 8 ہزار شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے باعث آنے والی وبا کی پانچویں لہر سے بچاؤ کے لیے پی ایس ایل 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ترامیم شامل کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2022: کووڈ کے سبب صرف 25فیصد شائقین کے ساتھ میچز کے انعقاد کا فیصلہ

لیگ کے لیے تمام ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہیں اور دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز کو اس سال بھی فیورٹ تصور کیا جا رہا ہے۔

سلطانز کا انحصار اس مرتبہ بھی بیٹنگ لائن پر ہوگا جس کا ساتھ دینے کے لیے باصلاحیت باؤلرز بھی موجود ہوں گے۔

پی ایس ایل کے افتتاحی میچ سے قبل گراؤنڈ اسٹاف وکٹ تیار کررہا ہے— فوٹو: اے پی
پی ایس ایل کے افتتاحی میچ سے قبل گراؤنڈ اسٹاف وکٹ تیار کررہا ہے— فوٹو: اے پی

بیٹنگ لائن کا بوجھ کپتان محمد رضوان سنبھالیں گے جن کے ساتھ رائلی روسو، ٹم ڈیوڈ، جانسن چارلس، خوشدل شاہ، صہیب مقصود اور شان مسعود بھی موجود ہیں۔

اس کے علاوہ باؤلنگ میں نگاہیں ایک مرتبہ پھر شاہنواز دھانی پر ہوں گی جبکہ ان کا ساتھ بلیسنگ مزربانی، انور علی، عمران طاہر، ڈیوڈ ولی اور عمران خان سینئر نبھائیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم گزشتہ سال دوسرے کوالیفائر میں ایونٹ سے باہر ہو گئی تھی لیکن اس مرتبہ ان کی نگاہیں بھی تیسری مرتبہ چیمپیئن بننے پر مرکوز ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2022: تمام فرنچائزوں کے اسکواڈز کی مکمل تفصیلات

گزشتہ سال کی نسبت اس سال یونائیٹڈ کو افتخار احمد کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا لیکن اس کے باوجود ایلکس ہیلز، آصف علی، شاداب خان، کولن منرو، اعظم خان، دانش عزیز اور پال اسٹرلنگ پر مشتمل بیٹنگ لائن حریف ٹیم کے باؤلرز کا امتحان لینے کے لیے تیار نظر آتی ہے۔

یونائیٹڈ کی باؤلنگ لائن کا بوجھ کپتان شاداب خان کے ساتھ ساتھ محمد وسیم جونیئر، حسن علی، ظفر گوہر، موسیٰ خان اور فہیم اشرف کے کاندھوں پر ہو گا۔

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا خوبصورت منظر— فوٹو: اے پی
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا خوبصورت منظر— فوٹو: اے پی

لاہور قلندرز کی ٹیم اس مرتبہ نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی زیر قیادت میدان میں اترے گی اور پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے کی کوشش کرے گی۔

جہاں ایک طرف فخر زمان، محمد حفیظ، بین ڈنک، عبداللہ شفیق، کامران غلام اور ڈیوڈ ویزے بیٹنگ لائن کی ذمے داریاں نبھائیں گے وہیں راشد خان، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، سمیت پٹیل اور عاکف جاوید پر مشتمل قلندرز کی مضبوط باؤلنگ لائن کسی بھی بیٹنگ لائن کے لیے بہت بڑا امتحان ہو گی۔

پشاور زلمی نے پچھلے سال بھی بہتیرن کھیل پیش کرتے ہوئے چوتھی مرتبہ لیگ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا لیکن وہ چیمپیئن بننے میں ناکام رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کنگز نے بابر اعظم کو کپتان مقرر کردیا

تاہم اس سال وہاب ریاض کی زیر قیادت ان کی نگاہیں ایک بار پھر ٹائٹل جیتنے پر مرکوز ہوں گی۔

زلمی کی مضبوط بیٹنگ لائن حضرت اللہ زازئی، امام الحق، شعیب ملک، حیدر علی، کامران اکمل، حسین طلعت، شرفین ردرفورڈ اور عماد بٹ پر مشتمل ہے جبکہ وہاب ریاض، عثمان قادر، محمد عمر، ارشد اقبال، بین کٹنگ اور ثمین گل کی شکل میں زلمی کی باؤلنگ بھی مضبوط نظر آتی ہے۔

کراچی کنگز کی ٹیم گزشتہ سال ٹائٹل کے دفاع میں ناکام رہی تھی اور ان کی مہم زیادہ کامیاب نہ تھی لیکن اس سال وہ دوسری مرتبہ چیمپیئن بننے کے عزم کے ساتھ نئے کپتان بابر اعظم کی زیر قیادت ایونٹ میں شریک ہوں گے۔

کراچی کنگز کی ٹیم کا انحصار کپتان بابر اعظم اور ان کی شاندار فارم پر ہوگا جبکہ کپتان کا ساتھ دینے کے لیے محمد نبی، ٹام ابیل، شرجیل خان، جو کلارک، روہیل نذیر کے ساتھ ساتھ کرس جورڈن لوئس گریگری، محمد عامر، عماد وسیم اور عمید آصف بھی ہوں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے لیے گزشتہ سیزن ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا تھا اور وہ ایونٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم تھی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی سمیت تین اہم کھلاڑی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل

تاہم اس مرتبہ چند اہم کھلاڑیوں کی اسکواڈ میں شمولیت کے سبب گلیڈی ایٹرز کا اسکواڈ گزشتہ سال کی نسبت مضبوط نظر آتا ہے۔

کپتان سرفراز احمد کے ساتھ ساتھ بیٹنگ لائن میں جیسن روئے، عمر اکمل، افتخار احمد، اور جیمز ونس جیسے بڑے نام موجود ہیں جن کا ساتھ دینے کے لیے شاہد آفریدی، محمد نواز اور جیمز فالکنر جیسے نامور آل راؤنڈر بھی ہوں گے۔

گلیڈی ایٹرز کی باؤلنگ بھی مضبوط نظر آتی ہے جسے آل راؤنڈرز کے ساتھ ساتھ تجربہ کار سہیل تنویر، خرم شہزاد، محمد حسنین اور نسیم شاہ جیسے باؤلرز کا ساتھ حاصل ہو گا۔

6 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں 34 میچ کھیلے جائیں اور 32 دنوں میں ٹورنامنٹ مکمل ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 7، جیسن روئے گلیڈی ایٹرز، جورڈن کنگز اور فخر قلندرز میں شامل

کراچی میں 27 جنوری سے 7 فروری تک پی ایس ایل کے میچز ہوں گے جس کے بعد دیگر 15 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں۔

ایونٹ کا فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا، کوالیفائر 23 فروری پہلا اور دوسرا ایلیمنیٹر بالترتیب 24 اور 25 فروری کو کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024